Inquilab Logo

پی ایس جی کے سامنے موناکو نے گھٹنے ٹیک دئیے

Updated: May 21, 2021, 1:18 PM IST | Agency | Paris

پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرینچ کپ جیت لیا۔فائنل مقابلے میں پی ایس جی نے موناکو کو دو صفر سے شکست دیتے ہوئے گزشتہ ۷؍فائنل میں سے چھٹا خطاب ۱پنے نام کرنے میں کامیابی حاصل کی

PSG players receiving the title expressing happiness.Picture:PTI
سات؍فائنل کھیلتے ہوئے ۶؍مرتبہ خطاب حاصل کرنے والی پی ایس جی کے کھلاڑی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے۔تصویر:پی ٹی آئی

پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرینچ کپ جیت لیا۔فائنل مقابلے میں پی ایس جی نے موناکو کو دو صفر سے شکست دیتے ہوئے گزشتہ ۷؍فائنل میں سے چھٹا خطاب ۱پنے نام کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔بدھ کی دیر رات’ ڈے فرانس‘ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فرینچ کپ فائنل میں  ماؤرو اکارڈی نے کھیل کے پہلے ہاف میں ۱۹؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو ایک صفر سے آگے کر دیا تھا۔کیلین ایمباپے نے دوسرے ہاف میں ۸۱؍ویں منٹ میں گول کرتے ہوئے ٹیم کا اسکو ر دو صفر کردیا جو آخر تک برقرار رہا۔پی ایس جی کے پہلے گول میں بھی ایمباپے نے تعاون دیا تھا۔مخالف ٹیم کے کھلاڑی کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایمباپے نے گیند کو ساتھی کھلاڑی اکارڈی کی جانب روانہ کیا جنہوں  نے اسے گول میں تبدیل کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔واضح رہے کہ اس فتح کے ساتھ ہی پی ایس جی نے ریکارڈ ۱۴؍ویں مرتبہ فرینچ کپ اپنے نام کر لیا ہے۔گزشتہ روز کھیلے جانے والے اس مقابلے میں پی ایس جی کی شاندار کارکردگی کے سامنے موناکو نے گھٹنے ٹیک دئیے۔
  کیلین ایمباپے کو ان کی شاندار کارکردگی کےلئے بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس میچ میں گول کرتے ہوئے انہوںنے موجودہ سیزن میں اپنا ۴۱؍ واں گو ل کرنے میںکامیابی حاصل کی۔
 دلچسپ بات یہ رہی کہ اس میچ سے قبل موناکو نے لیگ مقابلوں میں پیرس سینٹ جرمین کو ۲؍مرتبہ شکست دینے میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس فائنل اور اہم مقابلے میں کھلاڑی اپنے رنگ میں نظر نہیں آئے۔پورے میچ کے دوران موناکو کے کھلاڑی جد وجہد کرتے نظر آئے اور آخری وقت تک وہ کوئی گول نہیں کر سکے۔میچ کے بعد ٹیم کے اسٹار کھلاڑی کیلین ایمباپے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کافی شاندار رہی۔ہم نے میچ کے دوران جو حکمت عملی بنائی تھی اس پر عمل کیا اور کامیابی ہمیں نصیب ہوئی۔موناکو کے کھلاڑیوں نے بھی گول کرنے کی کافی کوشش کی لیکن ہماری دفاعی صف نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ انہوںنے مزید کہا کہ خطاب جیتنا ہمیشہ خوشگوار احساس دلاتا ہے۔ہم نے گزشتہ ۷؍فائنل میں سے ۶؍میں کامیابی حاصل کی ہے جو اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ ہم فرینچ کپ کے خطاب کو کتنی اہمیت دیتے ہیں۔مجھے امید ہے کہ آئندہ بھی کھلاڑی اسی طرح متحد ہوکر مزید خطاب ٹیم کےلئے حاصل کرنے کی کوشش کریںگے۔
 پی ایس جی نے ۷؍فائنل  میں ۶؍خطاب جیتے
 گزشتہ ۷؍فائنل میں پیرس سینٹ جرمین نے چھٹی مرتبہ خطاب جیتا ہے۔پی ایس جی نے ۲۰۱۵ء،۲۰۱۶،۲۰۱۷،۲۰۱۸،۲۰۲۰ء اور اب ۲۰۲۱ء میں کامیابی کا سہرا اپنے سہر باندھا۔

psg monaco Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK