Inquilab Logo

مراکش نے ایک اوریورپی ٹیم کو ورلڈکپ سے باہر کردیا

Updated: December 12, 2022, 11:39 AM IST | Doha

فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں مراکش نے اسٹار کھلاڑیوں سے مزین پرتگال کو صفر۔ ایک گول سے شکست دی۔ سیمی فائنل میں ایک اور یورپی ٹیم فرانس سے مقابلہ

Photos of the goal that sent Morocco into the semi-finals
مراکش کو سیمی فائنل میں پہنچانے والے گول کی تصاویر

بلجیم ، اسپین جیسی مضبوط ٹیموں کو ورلڈ کپ سے باہر کرنے کے بعد سنیچر کو مراکش نے پرتگال جیسی اسٹارس سے لیس مضبوط ٹیم کو بھی باہر کردیا۔مراکش نےيوسف النصيري کے شاندار گول کی بدولت سنیچرکو کوارٹر فائنل میں پرتگال کو۰۔۱؍گول سے شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ء کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ الثمامہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانےوالے سنسنی خیز مقابلے میں یوسف نے۴۲؍ویں منٹ میں گول کیا اور مراکش ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی افریقی ٹیم بن گئی۔
 پہلے ہاف میں ایک گول سے پیچھے رہنے کے بعد پرتگال نے دوسرے ہاف میں کئی مواقع پیدا کئےاس کے باوجود مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے گیند کو نیٹ  تک نہیں پہنچنے دیا۔  اس شکست کے ساتھ ہی کرسٹیانو رونالڈو کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب بھی ٹوٹ گیا ہے۔ فتح کا پرچم لہرا کر سیمی فائنل میں پہنچنے والے مراکش کا فائنل میں جگہ  بنانے کیلئےفرانس سے مقابلہ ہوگا۔ 
 پرتگال نے ۱۶؍ سال بعد سیمی فائنل میں پہنچنے کے ہدف کے ساتھ میچ کا آغاز کیاتھا حالانکہ رونالڈو کو ایک بار پھر ابتدائی الیون سے باہر کردیا گیا تھا۔بطور ٹیم مراکش نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے  ابتدائی مواقع پیدا کئے اور پہلے ہاف کے اختتام سے پہلے ہی کامیابی حاصل کی۔ يحيىٰ عطية الله نے بائیں طرف سے نیٹ کی طرف نشانہ لگایا ۔ گیند پرتگال کے گول کیپر ڈیاگو کوسٹا کے  ہاتھ میں جارہی تھی لیکن یوسف  نے تقریباً ۸؍ فٹ لمبی چھلانگ لگا کر شاندار ہیڈر مارا اور  مراکش کو ایک گول کی برتری دلادی۔
 يوسف النصيري کا گول فیصلہ کن ثابت ہوا کیونکہ پرتگال کا کوئی کھلاڑی  مراکش کے دفاع کو توڑ نہ سکا۔ پرتگال نے پہلے ہاف میں پیچھے رہنے کے بعد ۵۲؍ویں منٹ میں رونالڈو کو متبادل کے طور پر پچ پر بلایا۔ رونالڈو نے میچ کے ۸۳؍ویں منٹ میں اپنی ٹیم کیلئے ایک موقع بھی پیدا کیا۔ فیلکس نے رونالڈو سے پاس  لے کر گول پر نشانہ لگایا لیکن بونو  نے  بائیں طرف چھلانگ لگاکر گول نہیں ہونے دیا۔  پے پےنے انجری ٹائم کے ۷؍ویں منٹ میں پرتگال  کے لئے  آخری کوشش  کی لیکن  ان کا نشانہ چوک گیا اور پرتگال عالمی کپ سے باہر ہوگئی۔  مراکش فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی افریقی ٹیم ہے جو سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل کیمرون (۱۹۹۰ء)، سینیگال  (۲۰۰۲ء) اور گھانا (۲۰۱۰ء) کوارٹر فائنل سے آگے نہیں بڑھ سکی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK