۳۶۷؍ پر ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے خود ہی اننگز ڈکلیئر کردی، اس سے قبل سابق آسٹریلیائی کپتان مارک ٹیلرسرڈان بریڈمین کیلئے بھی ایسا ہی کرچکے ہیں۔
EPAPER
Updated: July 09, 2025, 10:05 AM IST | Bulawayo
۳۶۷؍ پر ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے خود ہی اننگز ڈکلیئر کردی، اس سے قبل سابق آسٹریلیائی کپتان مارک ٹیلرسرڈان بریڈمین کیلئے بھی ایسا ہی کرچکے ہیں۔
کرکٹ واقعی شرفاء کا کھیل ہے اور اس کی مثالیں ہمیں وقتاً فوقتاً ملتی رہتی ہیں۔ ایسی ہی ایک مثال گزشتہ روز اس وقت سامنے آئی جب جنوبی افریقہ کے بلے باز ویان ملڈر نے ویسٹ انڈیز کے عظیم بلے باز برائن لارا کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ان کا ریکارڈ نہ توڑتے ہوئے ۳۶۷؍ ناٹ آئوٹ پر ہی اپنی اننگز ڈکلیئر کردی۔ملڈر کے پاس بلاوایو میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں برائن لارا کا ناٹ آؤٹ ۴۰۰؍رن کا عالمی ریکارڈ توڑنے کا موقع تھا لیکن جب دوسرے دن لنچ ہوا تو ملڈر ۳۶۷؍ رن پر ناٹ آئوٹ پویلین تو گئے لیکن بریک کے دوران ٹیم کے قائم مقام کپتان ملڈر نے اننگز ڈکلیئر کردی۔ وہ لارا کا ریکارڈ توڑنے اس لئے نہیں گئے کیونکہ انہیں لگا کہ یہ ریکارڈ لارا جیسے عظیم بلے باز کے نام ہی رہنا چاہئے۔
دوسرے دن کے کھیل کے بعد شان پولاک کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ملڈر نے کہا کہ ’’سب سے پہلے میں نے سوچا کہ ہم نے کافی رن بنائے ہیں اور اب ہمیں گیندبازی کرنی چاہئے جبکہ میرے ذہن میں برائن لارا کا ریکارڈ بھی تھا لیکن یہ بھی حقیقت تھی کہ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف جو ۴۰۰؍رن بنائے تھے وہ ان کے درجے کے کسی کھلاڑی کے لئے بہت بڑا اور خاص ریکارڈ ہے۔ اسی لئے مجھے لگا کہ اسے نہ توڑنا ہی بہتر ہو گا۔ ‘‘ ملڈر نے یہ بھی واضح کیا کہ اگرمجھے دوبارہ یہ موقع ملا تو بھی میں ایسا ہی کروں گا۔ میں لارا کا ریکارڈ نہیں توڑوں گا۔ملڈر نے بتایا کہ انہوں نے لنچ کے وقفے میںاپنے ہیڈ کوچ شکری کونراڈسے بات چیت میں بھی اسی پر گفتگو کی تھی۔ انہوں نے بھی مجھے یہی کہا کہ بڑے اسکور بڑے کھلاڑیوں کے پاس ہی رہنے دینا چاہئے۔ حالانکہ اس دوران ملڈر نے کئی اور ریکارڈ اپنے نام کئے۔ وہ ہاشم آملہ (۳۱۱؍ ناٹ آؤٹ) کے بعد ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے جنوبی افریقی کے صرف دوسرے کھلاڑی بن گئے۔
یاد رہے کہ سابق آسٹریلیائی کپتان مارک ٹیلر بھی ایسے ہی سرڈان بریڈمین کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے اپنی اننگز ۳۳۴؍ پر ڈکلیئر کرچکے ہیں۔ انہوں نے ۱۹۹۸ء میں پشاور ٹیسٹ میں پاکستان کیخلاف ۳۳۴؍ رن بنائے تھے اور بریڈ مین کا ریکارڈ برابر کیا تھا لیکن اسے توڑا نہیں تھا۔