Inquilab Logo

ممبئی نے دہلی کو ہرادیا، بنگلور پلے آف میں داخل

Updated: May 23, 2022, 1:16 PM IST | Agency | Mumbai

دہلی کیپٹلس کو کپتان پنت کی غلطی کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ ۵؍وکٹ سے ممبئی انڈینس نے کامیابی حاصل کرلی

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

دہلی کیپٹلس کو ڈی آر ایس نہ لینے کی وجہ سے سخت دھچکا لگا جب ٹم ڈیوڈ کا کھاتہ نہیں کھلا تھا لیکن ڈیوڈ نے اس نئی زندگی کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے صرف۱۱؍ گیندوں پر ۴؍ چھکوں کی مدد سے۳۴؍ رن بنائے اور ممبئی نے دہلی کو سنیچر کو ۵؍  وکٹ سے  ہراکر رائل چیلنجرز بنگلور کوآئی پی ایل  کے پلے آف میں پہنچادیا۔ دہلی نے روومین پاویل (۴۳)، رشبھ پنت (۳۹) اور اکشر پٹیل (ناٹ آؤٹ۱۹) کی کارآمد اننگز کی مدد سے۲۰؍ اوور میں ۷؍ وکٹ پر۱۵۹؍ رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا لیکن ممبئی نے۱۹ء۱؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر۱۶۰؍ رن بنا کر ہرا دیا۔ ممبئی نے اس طرح اپنی مہم کا اختتام جیت کے ساتھ کیا۔ ممبئی کی جیت نے بنگلورکو چوتھی ٹیم کے طور پر پلے آف میں پہنچا دیا۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے والی دہلی کی شروعات خراب رہی اور اس نے۵۰؍ رن کے راستے میں ہی اپنے ۴؍ وکٹ گنوا دیئے۔ اس میں پرتھوی شا کے۲۳؍گیندوں پر۲۴؍رن شامل تھے  لیکن اس کے بعد پاویل اور پنت نے ۵؍ویں وکٹ کی شراکت میں۷۵؍ رن جوڑ کر ٹیم کو کسی حد تک سنبھالا۔ پنت نے۳۳؍گیندوں پر ۳۹؍ رن میں ۴؍چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ پاویل نے۳۴؍ گیندوں پر۴۳؍رن میں ایک چوکا اور۴؍چھکے لگائے۔ پٹیل نے۱۰؍گیندوں پر ۲؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۱۹؍ رن بنا کر دہلی کو فائٹنگ اسکور تک پہنچا دیا۔ ممبئی کی جانب سے جسپریت بمراہ ۲۵؍رن پر ۳؍ وکٹ لے کر سب سے کامیاب رہے جبکہ رمندیپ سنگھ نے۲۹؍ رن پر ۲؍ وکٹ لئے۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی نے کپتان روہت شرما (۲) کو جلد ہی گنوا دیا لیکن ایشان کشن نے ۳۵؍ گیندوں پر۳؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۴۵؍رن بنائے۔ ڈیوالڈ بریوس نے۳۳؍ گیندوں پر ایک چوکے اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۳۷؍ رن بنائے۔ ممبئی کا تیسرا وکٹ۹۵؍رن کے اسکور پر گرا۔ ٹم ڈیوڈ آتے ہی وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ ہو گئے لیکن پنت کو یقین نہیں آ رہا تھا کہ گیند بلے کا کنارہ لے گئی ہے اور کافی بحث کے بعد بھی انہوں نے ڈی آر ایس نہیں لیا۔ یہ غلطی دہلی کو بھاری  پڑگئی۔ ڈیوڈ نے۱۱؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور۴؍ چھکوں کی مدد سے۳۴؍ رن بنائے جو میچ میں فیصلہ کن ثابت ہوئے۔ تلک ورما نے۱۷؍گیندوں پر۲۱؍ رن  بنائے جبکہ رمندیپ سنگھ نے ۶؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۱۳؍ رن بنا کر ممبئی کو جیت دلائی۔ ٹم ڈیوڈ نے نہ صرف ممبئی کے شائقین کے دل جیت لئے بلکہ آر سی بی کے لاکھوں شائقین کیلئے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ بنگلور نے ممبئی کی جیت کا زیادہ جشن منایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK