Inquilab Logo

ممبئی انڈینس کا پلڑا بھاری، لکھنؤکی راہ آسان نہیں

Updated: May 24, 2023, 12:20 PM IST | Chennai

آئی پی ایل کے ایلی مینیٹر میں آج لکھنؤکے گیندبازوں کو ممبئی کے بلے بازوں سے خبردار رہنا ہوگا۔ ممبئی کے سوریہ کمار، کیمرون گرین اور ایشان کشن زبردست فارم میں

photo;INN
تصویر :آئی این این

 اپنے بلے بازوں کی فارم میں واپسی اور پلے آف میں جگہ بنانے کے ساتھ ممبئی انڈینس بدھ کو یہاں لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ایلی مینیٹر میں بھرپور اعتماد کے ساتھ میدان پر اترے گی۔ ممبئی کی ٹیم گزشتہ انڈین پریمیر لیگ سیزن میں آخری نمبر پر رہی تھی جس کے بعد ٹیم نے رواں سیزن میں شاندارمقابلہ کرتے ہوئے پلے آف میں جگہ بنالی تھی۔ گجرات ٹائٹنس نے فائنل لیگ میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور(آر سی بی ) کو شکست دے کر پلے آف میں ممبئی کی جگہ کو یقینی بنایا اور روہت شرماکی قیادت والی ٹیم اب اپنے چھٹے آئی پی ایل خطاب  پر نظر رکھے گی۔ سپر جائنٹس کو گزشتہ سیزن میں ایلی مینیٹر میں آر سی بی کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اس بار ٹیم اچھا کھیل کر اگلے راؤنڈ میں جانا چاہے گی۔
 مستقل کپتان لوکیش راہل کی غیر موجودگی کے باوجود ٹیم کا توازن برقرار ہے اور کرونال پانڈیا نے دستیاب متبادل کا بہت اچھے طریقے سے استعمال کیا ہے اور امید کریں گے کہ وہ آئی پی ایل کی سب سے کامیاب ٹیم کے خلاف رفتار برقرار رکھیں گے۔
  آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین نے ممبئی کے لئے آخری لیگ میچ میں سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی۔ سپر جائنٹس کے خلاف بیٹنگ میں ٹیم کی نظریں سوریہ کمار یادو (۵۱۱؍ رن، ایک سنچری، ۴؍نصف سنچریاں)، اوپنر ایشان کشن (۴۳۹؍رن)، گرین (۳۸۱؍ رن) اور کپتان روہت شرما(۳۱۳؍رن) پر ہوں گی۔
سپر جائنٹس کے گیندبازوں  کیلئے راہ آسان نہیں
 ممبئی کے بلے بازوں نے اپنے فارم کو تلاش کر لیا ہے اور ایسے میں سپر جائنٹس کے گیند بازوں کا راستہ آسان نہیںہے۔ لیگ اسپنر روی بشنوئی، جو۱۴؍ میچوں میں۱۶؍ وکٹ لے کر ٹیم کے سب سے کامیاب  گیندباز ہیں، اگر سپر جائنٹس کو ممبئی کے بلے بازوں پر قابو پانا ہے تو انہیں بڑا کردار ادا کرنا ہوگا۔ نوین الحق، اویس خان، کرونال اور تجربہ کار امیت مشرا جیسے گیند بازوں کو بھی زیادہ تعاون کرنا ہوگا۔ ممبئی انڈینس کو یہاں بلے بازوں کی ناکامی کی وجہ سے چنئی سپر کنگز کے خلاف لیگ مرحلے میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔ اس کے علاوہ جسپریت بمراہ اور جوفرا آرچر کی غیر موجودگی میں ممبئی کا تیز گیند بازی حملہ  بھی کمزور ہے، جس کا فائدہ سپر جائنٹس اٹھانا چاہیں گے۔
پیوش چاؤلہ سے بہت سی امیدیں  
 راہل کی غیر موجودگی کے باوجود سپر جائنٹس کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیاہے۔   مارکس اسٹونیس (۱۴؍ میچوں میں۳۶۸؍رن) دوسرے مرحلے میں اچھے رابطے میں نظر آئے جبکہ ویسٹ انڈیز کی جوڑی کائل مائرس (۳۶۱؍رن) اور نکولس پورن (۳۵۸؍رن)نے بھی مفید اننگز کھیلی۔ ممکنہ طور پر چیپاک کی سست پچ پر ان کی کارکردگی ٹیم کی کامیابی کیلئے اہم ہوگی۔ بولنگ میں ممبئی کو تجربہ کار پیوش چاؤلہ سے بہت امیدیں ہوں گی، جو۲۰؍ وکٹوں کے ساتھ اب تک ٹیم کے سب سے کامیاب بولر ہیں۔ جیسن بہرنڈورف (۱۴؍ وکٹ) نے بھی ذمہ داری سےگیندبازی کی ہے۔ 
 آئی پی ایل میں دونوں ٹیموں کے درمیان۳؍ میچ ہو چکے ہیں۔ لکھنؤ نے تینوں مواقع پر ممبئی کو شکست دی ہے۔ آئی پی ایل۲۰۲۲ء میں، کپتان کے ایل راہل کی سنچری نے ایل ایس جی کو ایم آئی کو شکست دینے میں مدد کی۔ پھر ممبئی کو۳۶؍ رن سے شکست  دے دی۔ ۲۰۲۳ءمیں  آسٹریلوی آل راؤنڈر مارکس اسٹوینس نے ایک شاندار نصف سنچری بنائی اور روی بشنوئی نے ۲؍ وکٹ لے کر ایل ایس جی کو سنسنی خیز مقابلے میں ۵؍ رن سے  فاتح بنایا۔اس میچ میں بھی دونوں کے درمیان زبردست مقابلہ متوقع ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK