انڈیا اے کی جانب سے انگلینڈ لائنس کے خلاف ناٹ آؤٹ ۱۸۶؍رن بنائے۔
EPAPER
Updated: June 01, 2025, 11:29 AM IST | London
انڈیا اے کی جانب سے انگلینڈ لائنس کے خلاف ناٹ آؤٹ ۱۸۶؍رن بنائے۔
ہندوستانی بلے باز کرون نائر نے انگلینڈ لائنس کے خلاف پہلے غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ کے پہلے دن ہندوستان کیلئے ناٹ آؤٹ۱۸۶؍ رن بنا کر اپنے اراد ے ظاہر کردیئے ہیں۔ ۳۳؍ سالہ کرون نائر نے۲۰۱۶ء میں چنئی میں انگلینڈ کے خلاف ناٹ آؤٹ۳۰۳؍ رن بنائے تھے، لیکن ۶؍ میچوں کے بعد انہیں ۳؍ ٹیسٹ میچوں کیلئے ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔ نائر نے اپنے آخری بین الاقوامی میچ کے بعد سے نارتھمپٹن شائر کیلئے کاؤنٹی کرکٹ کھیلا ہے۔ انہیں آنے والی ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم انڈیامیں شامل کیا گیا ہے۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے جمعہ کو سرفراز خان کے ساتھ۱۸۱؍رن اور دھرو جوریل کے ساتھ ۱۷۷؍ رن کی ناٹ آؤٹ شراکت کی۔ ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے سے محروم رہنے والے سرفراز نے۹۲؍ رن بنائےجبکہ ٹیسٹ ٹیم میں شامل جوریل نے دن کے کھیل کے اختتام تک ناٹ آؤٹ۸۲؍ رن بنائے تھے۔ ٹیسٹ سلامی بلے باز یشسوی جیسوال ہمپشائر کے تیز گیند باز ایڈی جیک کی گیند پر۲۴؍ رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق لائنس کے گیند بازوں میں بائیں ہاتھ کے جوش ہل سب سے آگے رہے۔ انہوں نے گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کیلئے آغاز کیا تھا۔ انہوں نے انڈیا اے کے کپتان ابھیمنیو ایشورن کو ۸؍ رن پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا اور سرفراز کو لیگ سائیڈ پر کیچ کروایا۔ ۴؍ روزہ میچ کا سنیچر کو آخری دن ہے۔ اس کے بعد ۶؍ جون سے نارتھمپٹن میں دوسرا غیر تسلیم شدہ ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔