Inquilab Logo

نسیم شاہ کے ۲؍سکسر نے ۲؍ٹیموں کو ایشیا کپ سے باہر کردیا

Updated: September 09, 2022, 1:06 PM IST | Agency | Dubai

پاکستان نے آخری اوور میں سنسنی خیز فتح حاصل کی،افغانستان کی شکست کے ساتھ ہی ہندوستان بھی ایشیا کپ کے فائنل کی دوڑ سے باہرہوگیا

Pakistan batsman Simshah (right) celebrates after leading the team to victory against Afghanistan. .Picture:INN
پاکستانی بلے باز نسیم شاہ(دائیں) ٹیم کو افغانستان کے خلاف فتح سے ہمکنار کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے۔ ۔ تصویر:آئی این این

پاکستان کے بلے باز نسیم شاہ نے اننگز کے آخری اوور میں لگاتار ۲؍چھکے مارتے ہوئے ایشیا کپ کے سپر۔۴؍ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میںافغانستان کو شکست دینے میں اہم رول ادا کیا۔ایک وکٹ سے ملنے والی اس جیت کے ساتھ ہی افغانستان اور ہندوستان دونوں ہی ایشیا کپ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔بابر اعظم کی قیادت والی پاکستانی ٹیم نے دلچسپ میچ میں  افغانستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر فائنل میں انٹری کرلی  ہے جہاں اس کا مقا بلہ   ۱۱؍ستمبر کو سری لنکا سے ہوگا۔ افغانستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے  پاکستان کو  ۱۳۰؍ رنوں کا ہدف دیا تھا جسے انہوں نے ۱۹ء۲؍اوور میں ۹؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔پاکستان کو آخری ۳؍ اوور میں ۲۵؍رن درکار تھے لیکن ۱۸؍ ویں اوور میں محمد نواز اور خوشدل شاہ کا وکٹ گرنے کے بعد میچ پر افغانستان کی پکڑ ہوگئی ۔ ۱۹؍ویں اوور میں حارث رؤف اور آصف علی کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان ۹؍وکٹ گنواچکا تھا جبکہ اسے ۶؍ گیندوں پر ۱۱؍رنوں کی ضرورت تھی۔۱۰؍ویں نمبر پر بلے بازی کے لئے آنے والے نسیم شاہ نے ۲۰؍ویں اوور کی پہلی ۲؍ گیندوں پر ۲؍ چھکے لگا کر پاکستان کوجیت دلادی۔
جاوید میاں داد کا سکسریاد آگیا
  پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے میچ کے بعد کہا کہ نسیم شاہ نے ناقابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے چھکوں نے جاوید میاں داد  کے ذریعے ہندوستان کے خلاف سکسرکی یاد دلادی۔ بابراعظم نے کہا کہ شارجہ میں عام طور پر کم اسکور والےمیچ ہوتے ہیں۔ افغانستان کے پاس راشد خان، مجیب الرحمان اور محمد نبی جیسے  اچھے گیندباز تھے۔ ہمیں ان کے خلاف محتاط رہنے کی ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے گیندبازوں نے افغانستان کو۱۳۰؍رنوں تک محدود کیا لیکن  بلے بازی کے دوران   بڑی شراکت نہیں نبھا   سکے جس کی وجہ سے میچ سنسنی خیز ہوگیا۔ بابراعظم نے نسیم شاہ کی  بلے بازی کے تعلق سےکہا کہ میں نے نسیم شاہ کو ایسی بیٹنگ کرتے دیکھا تھا اس لئے مجھے ان پر تھوڑا بہت اعتماد تھا ۔ نسیم شاہ کے چھکوں نے جاویدمیاںداد کے چھکوں کی یاد دلا دی ۔
؍۲؍سکسر کے بعد لوگ بھول گئے کہ میں گیندباز ہوں
 پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ایشیا کپ میں فائنل تک رسائی دلانے والے  بلے باز نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ ان ۲؍ چھکوں کے مارنے پر لوگ بھول گئے کہ میں گیندباز بھی ہوں۔ایشیا کپ ٹی ۔۲۰؍ میں نا ممکن کو ممکن بنانے والے بلے باز نسیم شاہ نے میچ کے بعد روی شاستری کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین تھا کہ میں چھکے مار دوں گا، جس پر کوشش کی اور کامیاب ہوگیا۔نسیم شاہ نے بتایا کہ چھکے مارنے کیلئے محمد حسنین  کے بیٹ کا استعمال کیا کیونکہ میرا بلا ٹھیک نہیں تھا  واضح رہے کہ نسیم شاہ نے ۴؍گیندوں پر ۱۴؍رنوں کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں ۲؍ چھکے بھی شامل تھے اور پاکستان ۲؍چھکوں کی بدولت ہی افغانستان کو شکست دے سکا۔ نسیم شاہ نے گیندبازی کے دوران ایک وکٹ بھی حاصل کیا تھا۔
 آصف علی ،فرید احمد سے الجھ گئے!
 اس  دلچسپ مقابلے میں پاکستانی بلے باز آصف علی کیچ آؤٹ ہوئے تو افغانستان کے گیندباز فر ید احمد  نے  انہیں کچھ کہا جس سے وہ ان سے الجھ گئے۔کھیل کے ۱۸؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر آصف علی نے  فریدا حمد  کی گیند پر چھکا لگا کر میچ کا رخ بدلنے کی کوشش کی لیکن اگلی ہی گیند پر آصف علی کیچ آؤٹ ہوگئے۔آصف علی کاوکٹ حاصل کرتے ہی افغان بولر جذباتی ہوگئے اور آصف علی سے الجھ پڑے جس پر  آصف  نے انہیں پیچھے دھکیلا اور دونوں میں بحث ہوگئی۔ دریں  اثنا افغانستان ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں نے آکر بیچ بچاؤ کروایا۔ ذرائع کے مطابق میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے آصف علی اور فرید احمد کو  میدان پر ہونے والے تنازع کے سبب طلب کرلیا ہے اور  دونوں پر جرمانہ بھی عائد کیا جاسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی کو آئی سی سی کو ڈ آف کنڈکٹ کےلیول ون کے تحت جرمانےکا خدشہ ہے اور ان پر پابندی بھی عائد کئے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK