سیمی فائنل میں دو ایک سے کامیابی حاصل کی، رونالڈو نے ایک گول کیا۔
EPAPER
Updated: June 06, 2025, 2:41 PM IST | Agency | Stuttgart
سیمی فائنل میں دو ایک سے کامیابی حاصل کی، رونالڈو نے ایک گول کیا۔
پرتگال نے کرسٹیانو رونالڈو کے میچ وننگ گول کی بدولت جرمنی کو ایک کے مقابلے ۲؍گول سے شکست دے کر نیشنز لیگ کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ گزشتہ رات کھیلے گئے نیشنز لیگ کے سیمی فائنل کے پہلے ہاف میں جرمنی حاوی رہا اور پرتگال کے خلاف گول کرنے کی کئی جارحانہ کوششیں کیں لیکن پرتگال کے گول کیپر ڈیوگو کوسٹا کی شاندار کارکردگی کی بدولت پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔
فلورین ویرٹز نے ۴۸؍ویں منٹ میں جرمنی کے جوشوا کِمِچ کے درست پاس پر گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس کے کچھ دیر بعد پرتگال کے متبادل کھلاڑی فرانسسکو کونسیکاو نے ۶۳؍ویں منٹ میں گول کر کے اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔ جرمنی کو اس کے بعد سنبھلنےکا موقع نہیں ملا۔ برونو فرنانڈیز اور نونو مینڈس نے شاندار طریقے سے ون ٹو ون پاس کرتے ہوئے جرمنی دفاع کو تہس نہس کردیا اور مینڈس کے لو کراس کو رونالڈو نے گول میں بدلنے میں کوئی غلطی نہیں۔ ۴۰؍سالہ رونالڈو نے اپنا ۱۳۷؍ واں بین الاقوامی گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ جیتنے میں اہم رول ادا کیا۔ اس گول کے ساتھ ہی رونالڈو جرمنی کے خلاف گول کرنے والے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے ہیں۔
میچ کے بعد پرتگال کے کوچ رابرٹو مارٹینز نے کہا کہ ہمیں فتح کا لطف اٹھانا چاہیے، ہم نے جرمنی کے خلاف طویل عرصے کے بعد کامیابی حاصل کی ہے، حکمت عملی میں ہم بہتر تھے، یہ پوری ٹیم کی فتح ہے۔ نیشنز لیگ کا دوسرا سیمی فائنل اسپین اور فرانس کے درمیان ہوگا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم اتوار کو خطابی میچ میں پرتگال سے مقابلہ کرے گی۔