• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بوتل بند پانی کی جانچ کیلئے ملک گیر مہم

Updated: November 26, 2026, 12:50 PM IST | Agency | Mumbai

الگ الگ برانڈ کے نمونے اکٹھا کئے جارہے ہیں، رپورٹ آنے میں ڈیڑھ سے ۲؍ ماہ لگ سکتے ہیں۔

Bottled water is an industry worth 30,000 crore rupees. Image: INN
بوتل بند پانی ۳۰؍ ہزار کروڑ روپے کی صنعت ہے۔ تصویر: آئی این این

بسلیری تنازع کے بعد فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈس  اتھاریٹی آف انڈیا (ایف ایس ایس اے آئی)  نے اعلان کیا ہے کہ وہ ملک بھر میں بوتل بند پینے کے پانی کی جانچ کیلئے  خصوصی مہم چلا رہی ہے۔ ادارہ کے چیف ایگزیکٹیو افسر رجیت پونہانی نے بدھ کو بتایا کہ لیبارٹری جانچ کے نتائج آنے میں ایک سے دو ماہ لگ سکتے ہیں۔فوڈ ریگولیٹر نے غذائی تحفظ اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے ملک بھر سے پانی کے نمونے جمع کرنا شروع کردیئے ہیں۔ 

 سازش کی تھیوریوں کی تردید

کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) کے ایک پروگرام کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں پونہانی نے کہا کہ یہ کارروائی پورے ملک میں جاری ہے۔ ہندوستان ایک بڑا ملک ہے، اس لیے نمونوں کی جانچ مکمل ہونے میں کم از کم ایک سے ۲؍ماہ لگیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے پیچھے کوئی مخصوص واقعہ نہیں ہے، بلکہ یہ مختلف غذائی اشیا کی جانچ کی  مہم کا حصہ ہے۔ واضح  رہے کہ ایک بڑا طبقہ بسلیری کے خلاف ایف ایس ایس اے آئی کی کارروائی کو ریلائس کیمپا کے بوتل بند پانی ’شیور‘ کے متعارف کرائے جانے کے پس منظر میں دیکھ  رہا ہے۔ سازش کی  جو تھیوری گشت کررہی ہے وہ یہ   ہے کہ ریلائس کے پانی کیلئے مارکیٹ میں جگہ بنانے کے مقصد سے ملک بسلیری دانستہ طورپر نشانہ بنایاگیاہے۔

یہ بھی پڑھئے:ریلائنس نے آندھرا میں ایشیا کا سب سے بڑا مشروبات تیار کرنے والا پلانٹ شروع کیا

 بسلیری تنازع کے بعد مہم شروع کی گئی 

دلچسپ ہے کہ  یہ ملک گیر مہم ایف ایس ایس اے آئی کی جانب سے بسلیری انٹرنیشنل کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری کے چند روز بعد شروع ہوئی ہے۔ کمپنی کے پیک شدہ پینے کے پانی کے ایک نمونے کو غیر محفوظ قرار دیا گیا تھا۔

پیکیجنگ اور لیبلنگ پر بھی نظر 

رجیت پونہانی نےبتایا کہ ایف ایس ایس اے آئی جلد ہی غذائی مصنوعات کی پیکنگ میں استعمال ہونے والی  اشیاء کا معائنہ بھی شروع کرے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ وہ غذائی اشیا کیلئےمقررہ معیار کے مطابق ہیں۔ انہوں نے گمراہ کن اشتہار اور غذائی مصنوعات کے لیبل پر غلط دعووں کے خلاف کارروائیوں کا بھی ذکر کیا۔    ایف ایس ایس اے آئی کے افسران نے پیک شدہ پانی کا کاروبار کرنے والی بڑی کمپنیوں کے مراکز کا معائنہ اور جانچ کیلئے  نمونے جمع کرنا شروع کردیا ہے۔ 

ملک گیر مہم کے وقت پر سوال 

بسلیری کے مطابق ایف ایس ایس اے آئی کی کارروائی کا معاملہ گزشتہ سال کا ہے اور کمپنی کو حالیہ مہینوں میں کوئی نوٹس نہیں ملا تھا، اس لیے اس نے معاملہ ختم سمجھا۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی جب ریلائنس کنزیومر پروڈکٹس  ’کیمپاشیور‘ کے نام سے بوتل بند پانی متعارف کرانے کی تیاری کررہی تھی۔ ہندوستان  میں بوتل بند پانی کی۳۰؍ہزار کروڑ روپے کی صنعت میں بسلیری، کنلے اور ایکوافینا نمایاں برانڈس ہیں۔ ریلائنس نے مشروبات کی تیاری  بڑھانے کیلئے۸؍ہزار کروڑ روپے تک سرمایہ کاری کا منصوبہ بھی بنایا تھا۔ سوال یہ کیا جا رہا ہے کہ کیا ’کیمپا شیور‘ کیلئے جگہ بنائی جارہی ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK