Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیرج نے ویبر کو پچھاڑ کر پیرس ڈائمنڈ لیگ کا خطاب جیتا

Updated: June 22, 2025, 11:08 AM IST | Paris

دوبار کے اولمپک میڈلسٹ ایتھلیٹ کی شاندارکارکردگی لیکن دوحہ کے اپنے ریکارڈ کو برقرار نہیں رکھ سکے۔

Athlete Neeraj Chopra continues to perform brilliantly. Photo: INN.
ایتھلیٹ نیرج چوپڑہ مسلسل شاندارکارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ تصویر: آئی این این۔

دو بار کے اولمپک میڈلسٹ نیرج چوپڑا نے پیرس ڈائمنڈ لیگ ۲۰۲۵ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۸۸ء۱۶؍ میٹر کا ’تھرو ‘کرکے اور جرمنی کے جولین ویبر کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ نیرج نے کہا کہ وہ ڈائمنڈ لیگ میں ۹۰؍ میٹر سے آگے تھرو کرنےکی کوشش کر رہے تھے لیکن رَن اَپ تیز ہونے کی وجہ سے وہ اپنی رفتار پر قابو نہیں رکھ سکے۔ انہوں ’ اولمپکس ڈاٹ کام‘ سے بات کرتے ہوئے کہا’’ میں آج ۹۰؍میٹر سے زیادہ کی توقع کر رہا تھا لیکن رَن اَپ بہت تیز تھا اور میں اس پر قابو نہیں رکھ سکا، پھر بھی ڈائمنڈ لیگ جیت کر بہت اچھا لگ رہا ہے کیونکہ یہ خطاب طویل عرصے کے بعد حاصل ہوا ہے۔ ‘‘
اس سے قبل مئی میں نیرج چوپڑا نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں ۹۰ء۲۳؍میٹر کا تھرو کر کے نہ صرف اپنے کریئر کا بہترین فاصلہ طے کیا تھا بلکہ ہندوستانی قومی ریکارڈ کو بھی توڑ دیا تھا۔ تاہم، اس مقابلے میں جولین ویبر نے انہیں ۹۱ء۰۶؍میٹر کے ذاتی بہترین تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر دھکیل دیا تھا۔ نیرج اس سیزن میں جمہوریہ چیک کے لیجنڈ اور عالمی ریکارڈ ہولڈر جان زیلیزنی کے ساتھ ٹریننگ کر رہے ہیں۔ زیلیزنی نے اپنے کرئیر میں ۵۰؍ سے زائد مرتبہ ۹۰؍میٹر کا فاصلہ پار کیا اور۱۹۹۶ء میں ۹۸ء۴۸؍ میٹر کا تھرو کا عالمی ریکارڈ قائم کیا جو آج بھی قائم ہے۔ 
 نیرج نے کہا ’’ہم تکنیک پر کام کر رہے ہیں اور ان کے ساتھ ٹریننگ کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اگر میں ان کے ساتھ ٹریننگ کر رہا ہوں تو۹۰؍ میٹر کا فاصلہ عبور کرنا ضروری ہے۔ وہ کئی بار ایسا کر چکے ہیں۔ ‘‘
نیرج چوپڑا کی اس سیزن کی تیاری کا بنیادی مقصد عالمی ایتھلیٹک چمپئن شپ ہے جو ستمبر میں ٹوکیو میں منعقد ہوگی۔ یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں نیرج نے۲۰۲۰ء کے اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ورلڈ ایتھلیٹک چمپئن شپ ۱۳؍ سے ۲۱؍ ستمبر کے درمیان منعقد ہوگی۔ 
آخری بار ۲۰۲۳ء میں بڈاپیسٹ میں نیرج چوپڑا نے پہلی بار اس مقابلے میں ہندوستان کیلئے طلائی تمغہ جیتا تھا۔ 
اس جیت سے کوئی تمغہ نہیں ملتا
واضح رہےکہ ڈائمنڈ لیگ جیتنے کا کوئی تمغہ نہیں ہے۔ ہر پوزیشن پر آنے والے کھلاڑی پوائنٹس حاصل کرتے ہیں۔ ان پوائنٹس کی بنیاد پر کسی کو سال کی آخری ڈائمنڈ لیگ میں جگہ ملتی ہے اور فائنل اسی وقت ہوتا ہے۔ 
نیرج کے پاس فی الحال۱۵؍ پوائنٹس ہیں اور وہ جولین ویبر کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر ہیں۔ یہ جیت اس لیے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ نیرج نے اولمپک گیمز پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے گزشتہ سال پیرس ڈائمنڈ لیگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔ انہوں نے ۲۰۲۴ء پیرس اولمپکس میں ۸۹ء۴۵؍میٹر کے تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK