Inquilab Logo

نیرج چوپڑاورلڈ ایتھلیٹ آف دی ایئر ۲۰۲۳ءایوارڈ کی فہرست میں شامل

Updated: October 14, 2023, 11:11 AM IST | Agency | New Delhi

ہندوستان کے اسٹار جیولن تھروور چمپئن نیرج چوپڑا کو عالمی ایتھلیٹکس نے `مینز ورلڈ ایتھلیٹ آف دی ایئر۲۰۲۳ء ایوارڈ کے لئے نامزد کیا ہے۔

India`s star javelin thrower Neeraj Chopra. Photo: INN
ہندوستان کے اسٹار جیولن تھروور نیرج چوپڑا۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان کے اسٹار جیولن تھروور چمپئن نیرج چوپڑا کو عالمی ایتھلیٹکس نے `مینز ورلڈ ایتھلیٹ آف دی ایئر۲۰۲۳ء ایوارڈ کے لئے نامزد کیا ہے۔
انٹرنیشنل اسوسی ایشن آف ایتھلیٹکس فیڈریشن (ورلڈ ایتھلیٹکس) نے جمعرات کو اس ایوارڈ کے لئے ۱۱؍  ایتھلیٹس کے ناموں کی فہرست جاری کی ہے۔ اس میں ہندوستان کے اسٹار جیولن تھروور چمپئن نیرج چوپڑا اور ایتھلیٹ کے مختلف ایونٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ریان کراؤزر (امریکہ)، مونڈو ڈوپلانٹس (سویڈن)، سفیان البقالی(مراکش)، جیکب انگبریگٹسن (ناروے)، کیلون کیپٹم (کینیا)، پیئرس لیپیج (کینیڈا)، نوح لائلس (امریکہ)، الوارو مارٹن (اسپین)، ملٹیادیس ٹینٹوگلو (یونان) اور کارسٹن وارہوم (ناروے) کے نام شامل ہیں۔نیرج چوپڑا نے اس سال کے شروع میں بڈاپیسٹ میں عالمی ایتھلیٹکس چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت کر پہلے ہندوستانی ہونے کی تاریخ رقم کی تھی جس کے بعد ۲۵؍ سالہ کھلاڑی نے ایشین گیمز میں اپنا خطاب برقرار رکھا۔ تاہم اس سے قبل وہ ڈائمنڈ لیگ ۲۰۲۳ء میں دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ نیرج چوپڑا سال۲۰۲۳؍ کے مینز ورلڈ ایتھلیٹ ایوارڈ کیلئے منتخب کئے جانے والے ۱۱؍کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں ۔ تاہم اس دوران انہیں باقی ۱۰؍ کھلاڑیوں سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
 امریکی اسپرنٹر نوح لائلز۱۰۰؍ میٹر اور۲۰۰؍ میٹر میں عالمی چمپئن ہیں۔ انہوں نے بڈاپیسٹ ۲۰۲۳ء میں مردوں کے ۴۰۰؍ میٹر ریلے ریس میں امریکہ کے لیے طلائی تمغہ بھی جیتا تھا۔مراکش کے سفیان البقالی،۳۰۰۰؍میٹر اسٹیپل چیس میں ایک تجربہ کارکھلاڑی ہیں۔ وہ ۶؍ فائنل میں ناقابل شکست رہے ہیں۔ اولمپک چمپئن نے اس سال کے شروع میں عالمی خطاب کا دفاع بھی کیا تھا۔
 مردوں کے پول والٹ میں موجودہ عالمی چمپئن سویڈن کے مونڈو ڈوپلانٹس بھی۱۱؍ کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ۲۰؍ کلومیٹر اور۳۵؍ کلومیٹر کے مقابلوں میں عالمی چمپئن ہسپانوی ریس واکر الوارو مارٹن بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔
 قابل ذکر ہے کہ مینز ورلڈ ایتھلیٹ آف دی ایئر۲۰۲۳ء کے ایوارڈ کیلئے منتخب کھلاڑیوں کا انتخاب ایتھلیٹکس ماہرین کے ایک بین الاقوامی پینل کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں عالمی ایتھلیٹکس کے تمام ۶؍براعظمی خطوں کے نمائندے شامل ہوتے ہیں۔ تین طرفہ ووٹنگ کے عمل کے ذریعے ۱۳؍ یا۱۴؍ نومبر کو ورلڈ ایتھلیٹکس آخری ۵؍ فائنلسٹ ایتھلیٹس کا اعلان کرے گا۔
 ورلڈ ایتھلیٹکس کونسل اور ورلڈ ایتھلیٹکس فیملی ای میل کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالیں گے۔ وہیں شائقین ورلڈ ایتھلیٹکس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے آن لائن ووٹ ڈال سکیں گے۔ ورلڈ ایتھلیٹکس پلیئر آف دی ایئر کے لئے ووٹنگ۲۸؍ اکتوبر کو ختم ہو رہی ہے۔ورلڈ ایتھلیٹکس کونسل کے ووٹوں کو نتیجہ کے ۵۰؍ فیصد کیلئے شمار کیا جائے گا جبکہ ورلڈ ایتھلیٹکس فیملی کے ووٹوں اور عوامی ووٹوں کو حتمی نتیجے کے ۲۵؍ فیصد کے لئے شمار کیا جائے گا۔۱۱؍ دسمبر کو ورلڈ ایتھلیٹکس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پرفاتح کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK