ورلڈ ایتھلیٹکس کانٹی نینٹل ٹور چیلنجرز ایونٹ۔
EPAPER
Updated: April 18, 2025, 11:36 AM IST | Agency | Johnsburg
ورلڈ ایتھلیٹکس کانٹی نینٹل ٹور چیلنجرز ایونٹ۔
ہندوستان کے ۲؍ بار کے اولمپک میڈل جیتنے والے جیولین تھرو کھلاڑی(نیزہ پھینک ایتھلیٹ) نیرج چوپڑا نے جنوبی افریقہ کے پوٹچفسٹروم میں پوٹ انویٹیشنل ٹریک مقابلہ جیت کر اپنے سیزن کی شاندار شروعات کی۔ نیرج نے ورلڈ ایتھلیٹکس کانٹی نینٹل ٹور چیلنجر ایونٹ میں ۶؍ رکنی مقابلے میں سرفہرست رہنے کے لئے۸۴ء۵۲؍ میٹر کی دوری پر نیزہ پھینکا۔
ہندوستانی اسٹار نیرج نے جنوبی افریقہ کے ۲۵؍سالہ ڈیو اسمٹ کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے ۸۲ء۴۴؍ میٹر کا بہترین تھرو کیا۔ نیرج کی کارکردگی تاہم، ان کے ذاتی بہترین ۸۹ء۹۴؍ میٹر سے کافی پیچھے تھی جبکہ اسمٹ اپنے ذاتی بہترین ۸۳ء۲۹؍میٹر کے قریب تھے۔ اس مقابلے میں صرف ۲؍ کھلاڑی نیرج اور ڈیو اسمٹ نے ۸۰؍ میٹر کا فاصلہ عبور کیا۔ ایک دیگر جنوبی افریقی ایتھلیٹ ڈنکن رابرٹسن ۷۱ء۲۲؍میٹر کی کوشش کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
نیرج زیلیزنی کی نگرانی میں کام کر رہے ہیں
نیرج چیک جمہوریہ کے اپنے نئے کوچ جان زیلیزنی کی نگرانی میں پوچیفسٹروم میں تربیت لے رہے ہیں۔ زیلیزنی ۳؍ بار کے اولمپک چمپئن اور عالمی ریکارڈ ہولڈر ہیں۔ ۲۷؍ سالہ ہندوستانی کھلاڑی نے گزشتہ سال اپنے طویل عرصے سے کوچ جرمنی کے کلاؤس بارٹونیٹز سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ وہ ۱۶؍مئی کو دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں ایلیٹ مقابلوں میں اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔
نیرج نے ۲۰۲۰ءٹوکیو (گولڈ) اور ۲۰۲۴ء پیرس (سلور) اولمپک گیمز میں لگاتار ۲؍ تمغے جیتے تھے۔ نیرج کے پاس ذاتی بہترین ۸۹ء۹۴؍میٹرہے جو انہوں نے ۲۰۲۲ءمیں حاصل کیا تھا۔ وہ طویل عرصے سے ۹۰؍میٹر کے نشان کو چھونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ زیلیزنی کی رہنمائی میں نیرج اپنی کامیابی کو ایک اور سطح پر لے جانے کی کوشش کریں گے۔ ۱۹۹۲ء، ۱۹۹۶ء اور۲۰۰۰ءکے اولمپک گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والے زیلیزنی کے پاس اب تک کے۱۰؍ بہترین تھرو میں سے ۵؍ ہیں۔ ۱۹۹۶ءمیں انہوں نے جرمنی میں ۹۸ء۴۸؍ میٹر کی تھرو کے ساتھ عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے ۴؍ مواقع پر عالمی ریکارڈ توڑا ہے۔