باکسنگ کے باوقارباکسم ایلیٹ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں ہندوستانی باکسنگ دستے نے مجموعی طور پر ۱۹؍ تمغے یقینی بنا لیے ہیں۔
EPAPER
Updated: February 07, 2026, 12:04 PM IST
باکسنگ کے باوقارباکسم ایلیٹ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں ہندوستانی باکسنگ دستے نے مجموعی طور پر ۱۹؍ تمغے یقینی بنا لیے ہیں۔
باکسنگ کے باوقارباکسم ایلیٹ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں ہندوستانی باکسنگ دستے نے مجموعی طور پر ۱۹؍ تمغے یقینی بنا لیے ہیں۔ مقابلے کے تیسرے دن اپنی شاندار کارکردگی برقرار رکھتے ہوئے نیتو (۵۱؍ کلوگرام) اور پریتی (۵۴؍ کلوگرام) سیمی فائنل میں پہنچ گئیں، جبکہ مردوں کے زمرے میں جدومنی سنگھ نے ایک اور متاثر کن فتح حاصل کی۔ نئے ہیڈ کوچ سینٹیاگو نیوا کی نگرانی میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے اب تک ۱۲؍، جبکہ مردوں کی ٹیم نے سیمی فائنل سے قبل ۷؍ تمغے یقینی کر لیے ہیں۔ نیتو بہترین فارم میں نظر آئیں اور انہوں نے کینیڈا کی میکنزی رائٹ کو شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ پریتی نے اسپین کی ماریہ گونزالیز کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا اور تیسرے راؤنڈ میں ہی مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ دیگر مقابلوں میں پونم نے تھائی لینڈ کی باکسر کو ۰۔ ۵؍سے ہرایا جبکہ پریا (۶۰؍کلوگرام) اور پرانجل ( ۶۵؍کلو) نے اسپین اور چیک جمہوریہ کی حریفوں کے خلاف یکطرفہ جیت درج کی۔ کاجل نے قازقستان کی باکسر کو ایک سخت مقابلے میں ۱۔ ۴؍سے مات دی۔
مردوں کے مقابلوں میں جدومنی سنگھ نے اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے چینی تائپے کے پینگ چیافینگ کو ۰۔ ۵؍سے شکست دی۔ محمد حسام الدین نے یوکرین کے علی ڈاہلی کو ہرا کر اپنی کلاس دکھائی، جبکہ سچن نے یوکرین کے ہی ایڈرا بدریموو کو ۲۔ ۳؍کے قریبی فیصلے سے زیر کیا۔ آکاش نے بھی اسپین کے کھلاڑی کے خلاف مشکل فتح حاصل کر کے پیش قدمی جاری رکھی۔ کچھ ہندوستانی باکسرز سخت مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر بھی ہوئے، جن میں پون برتوال اور اویناش جموال شامل ہیں۔