• Wed, 24 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میں نیا ریکارڈ، انڈونیشیائی گیندبا ز کے ایک اووَر میں ۵؍وکٹ

Updated: December 24, 2025, 3:36 PM IST | Agency | Bali/ Indonesia

گیڈے پریندنا نے یہ کارنامہ کمبوڈیا کے خلاف میچ میں ا نجام دیا، ۱۶؍ ویں اوور میں انہوں نے ایک رن دے کرپانچ کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

Gede Parindana. Picture: INN
گیڈے پریندنا۔ تصویر: آئی این این

انڈونیشیا کے دائیں ہاتھ کے تیز گیند بازاگوش گیڈے پریندنا نے منگل کے روز ٹی۲۰؍ انٹرنیشنل میچ کے ایک ہی اوور میں۵؍ وکٹیں لے کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ کمبوڈیا کے خلاف  انجام دیا جس میں  ان کی ٹیم  ۶۰؍ رنوں سے جیت گئی ۔ ۸؍ میچوں کی ٹی۔۲۰؍سیریز کے پہلے میچ میں پریندنا نے ساتویں گیند باز کے طور پر گیند بازی کی اور صرف ایک اوور میں محض ایک رن دے کر ۵؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل انڈونیشیا کی اننگز کا آغاز کرتے ہوئے انہوں نے بلے بازی میں ۶؍رن بنائے تھے۔ انڈونیشیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۶۷؍ رن اسکور کئے تھے۔ ۱۶۸؍ رنوں کے ہدف کے تعاقب میں کمبوڈیا کی ٹیم ۱۶؍ اوور میں ۱۰۷؍ رن بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ ۱۵؍ویں اوور تک کمبوڈیا نے ۵؍ وکٹیں گنوائی تھیں، لیکن ۱۶؍ویں اوور میں پریندنا نے قہر برپا کر دیا۔اوور کی پہلی ۳؍ گیندوں پر شاہ ابرار حسین (۳۷)، نرمل جیت سنگھ (صفر) اور چانتھون رتھناک (صفر) کو آؤٹ کر کے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔چوتھی گیند ڈاٹ رہی، جس کے بعد انہوں نے ایک وائیڈ گیند پھینکی۔آخری۲؍ گیندوں پر مونگدارا سوک (صفر) اور پیل ونک (صفر) کو آؤٹ کر کے ایک ہی اوور میں ۵؍ وکٹیں لینے کا منفرد اعزاز حاصل کیا ۔ مردوں کے ٹی ۲۰؍کرکٹ میں اس سے پہلے صرف ۲؍ بار ایک اوور میں ۵؍ وکٹیں لی گئی ہیں۔بنگلہ دیش کے الامین حسین نے ۱۴۔۲۰۱۳ءمیں وکٹری ڈے ٹی۔۲۰؍کپ کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔ہندوستان کے سابق کھلاڑی ابھیمنیو متھن نے۲۰۔۲۰۱۹ء میں سید مشتاق علی ٹی۔۲۰؍ ٹرافی کے فائنل میں ہریانہ کے خلاف کرناٹک کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک اوور میں ۵؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK