نیوزی لینڈ کے راچن رویندر، کین ولیمسن ، ڈیرل مشیل اور مارک چیپ مین کی نصف سنچری۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے سنچری بنائی اور بابر اعظم کی نصف سنچری
EPAPER
Updated: September 30, 2023, 3:36 PM IST | Hyderabad
نیوزی لینڈ کے راچن رویندر، کین ولیمسن ، ڈیرل مشیل اور مارک چیپ مین کی نصف سنچری۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے سنچری بنائی اور بابر اعظم کی نصف سنچری
راچن رویندر (۹۷)، کین ولیمسن (۵۴؍ ریٹائرڈ ناٹ آؤٹ)، ڈیرل مشیل (۵۹؍ ریٹائرڈ ناٹ آؤٹ) اور مارک چیپ مین (۶۵؍ رن ناٹ آؤٹ) کی نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ نےجمعہ کو یہاں ورلڈ کپ وارم اپ میچ پاکستان کے بڑے اسکور کو ناکام بنا تے ہوئے ۵؍ وکٹوں سے جیت لیا۔راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۵؍ وکٹوں پر۳۴۵؍ رن بنائے جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے فتح کا ہدف۴۳ء۴؍ اوورس میں حاصل کر لیا۔ راچن ون ڈے میں سنچری بنانے سے محروم رہے لیکن صرف۷۲؍ گیندوں میں انہوں نے ۱۶؍ چوکے اور ایک چھکا لگا کر مخالف ٹیموں کو اپنے فارم سے آگاہ کیا۔
اپنے اسٹرائیک بالر شاہین شاہ آفریدی کی غیر موجودگی میں میدان پر اترنے والی پاکستانی ٹیم کے بولرس نیوزی لینڈ کے سامنے اپنی ساکھ کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے۔ اسامہ میر نے ۲؍ جبکہ حسن علی، آغا سلمان اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ حارث رؤف نے صرف ۴؍ اوورس کرائے اور۳۶؍ رن دئیے۔اس سے قبل محمد رضوان نے۱۰۳؍ رن بنا کر ان کے اعتماد میں اضافہ کیا۔ وہ ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر لوٹ گئے۔ اس کے علاوہ کپتان بابر اعظم نے۸۰؍ اور سعود شکیل نے۷۵؍ رن بنائے۔ مشیل سینٹنر نے ۲؍ جبکہ میٹ ہنری اور جیمس نیشام نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کی رفتار کو روکنے کیلئے اپنے۸؍ گیندبازوں کا استعمال کیا۔دوسری جانب ٹی حسن (۸۴) اور لیٹن داس (۶۱) کے درمیان۱۳۱؍ رن کی سنچری شراکت کی مدد سے بنگلہ دیش نے جمعہ کو یہاں ورلڈ کپ وارم اپ میچ میں سری لنکا کو آسانی سے ۷؍ وکٹ سے شکست دے دی۔برساپارا کرکٹ اسٹیڈیم میں بنگلہ دیش نے پہلے شاندار بولنگ اور فیلڈنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کی پہلی اننگز۴۹ء۱؍ اوورس میں۲۶۳؍ رن پر سمیٹ دی اور بعد ازاں۲۶۴؍ رن کا ہدف صرف ۴۲؍اوورس میں ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کپتان مہدی حسن معراج۶۷؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ اور مشفق الرحیم ۳۵؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ لوٹے۔ سری لنکا کی اننگز کو سمیٹنے میں مہدی حسن (۳۶؍ رن کے عوض ۳؍ وکٹ) نے اہم کردار ادا کیا جبکہ تنظیم حسن ثاقب، شریف الاسلام، نسیم احمد اور مہدی حسن معراج نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ سری لنکا کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے جبکہ کوشل پریرا ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر لوٹ گئے۔ پتھم نسانکا (۶۸) اور کوشل پریرا (۳۴) نے پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۴؍ رن جوڑ کر سری لنکا کو شاندار آغاز فراہم کیا لیکن دھننجے ڈی سلوا (۵۵؍رن) کے علاوہ مڈل اور لوئر آرڈر کے بلے باز بنگلہ دیش کے بولنگ اٹیک کی وجہ سے جلد اپنا وکٹ کھوتے رہے اور پوری ٹیم ۵۰؍ اوورس بھی نہ کھیل سکی۔