Updated: October 11, 2025, 1:27 PM IST
|
Agency
| Guwahati
نیوزی لینڈ نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویمنز ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کو ۱۰۰؍رنوں سے ہرادیا۔
سوفی ڈیوائن نے شاندار ہاف سنچری بنائی۔ تصویر:پی ٹی آئی
نیوزی لینڈ نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویمنز ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کو ۱۰۰؍رنوں سے ہرادیا۔پہلے بلے بازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ۹؍وکٹ پر ۲۲۷؍رن بنائے تھے جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم ۳۹ء۵؍ اوور میں ۱۲۷؍رنوں پر ڈھیر ہوگئی۔کیوی ٹیم کیلئے جس کیر اور لیا تاہوتو نے ۳۔۳؍وکٹیں حاصل کیں۔بنگلہ دیش کی ۳؍بلے باز ہی اپنا اسکور دُہرے ہندسے تک پہنچانے میں کامیاب رہیں ۔نیوزی لینڈ نے ۳۰؍ایکسٹرا رن بھی دئیے۔
اس سے قبل کپتان سوفی ڈیوائن (۶۳) اور بروک ہالیڈے (۶۹) نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں اور چوتھے وکٹ کیلئے ۱۱۲؍رنوں کی شراکت داری کی جس سے نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف۹؍ وکٹوں پر ۲۲۷؍رن بنانے میں کامیاب ہوسکا۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ۳۸؍ رن پر ۳؍ وکٹیں گنوانے کے بعد سوفی اور ہالیڈے نے چوتھی وکٹ کیلئے سنچری پارٹنرشپ کے ذریعے ٹیم کو مستحکم کیا۔ دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں لیکن بڑے شاٹس کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹیں بھی گنوا دیں۔ سوفی نے اپنی ۸۵؍گیندوں کی اننگز میں ۲؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے جبکہ ہالیڈے نے اپنی ۱۰۴؍گیندوں کی اننگز میں ۵؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اوپنر سوزی بیٹس ۳۳؍گیندوں پر ۲۹؍رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئیں جس میں ۶؍ چوکے بھی شامل تھے۔ نیوزی لینڈ نے آخری ۱۰؍اوور میں ۷۴؍رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کے لیے، معروفہ اختر کا دن اچھا نہیں رہا، لیکن اسپنرز نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، خاص طور پر رابعہ خان اور ناہیدہ اختر۔ رابعہ خان نے ۳۰؍رن کے عوض ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔