• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں ہندوستان کو ۰۔۵؍گول سے شکست دے دی

Updated: November 12, 2026, 9:00 PM IST | New Delhi

ہندوستانی فٹ بال ٹیم کو نیوزی لینڈ کے دورے کے پہلے دوستانہ مقابلے میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں ۰۔۵؍گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ میچ گو میڈیا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

New Zealand Team.Photo:X
نیوزی لینڈ۔ تصویر:ایکس

ہندوستانی فٹ بال ٹیم کو نیوزی لینڈ کے دورے کے پہلے دوستانہ مقابلے میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں ۰۔۵؍گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ میچ  گو میڈیا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بزائے ورگیز نے پانچویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کا کھاتہ کھولا، جبکہ جیسی رینڈل نے ۳۴؍ویں اور  ۴۳؍ ویں منٹ میں دو گول کیے۔ کرس ووڈ نے ۵۷؍ویں اور لاکلان بیلس نے ۷۴؍ویں منٹ میں گیند کو جال میں پہنچا کر میزبان ٹیم کی جیت ۰۔۵؍گول  سے یقینی بنادی۔


نیوزی لینڈ میں ہندوستانی فٹ بال ٹیم کا یہ پہلا میچ تھا۔ اس مقابلے میں انیرودھ تھاپا نے۲۰۱۸ء کے بعد پہلی مرتبہ ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کی۔جون ۲۰۲۵ء کے بعد پہلی بار بین الاقوامی میچ کھیلنے والے گول کیپر وشال کیتھ نے شکست کے باوجود اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دوسرے ہاف میں پنالٹی سمیت کئی اہم شاٹس روک کر ہندوستان کو مزید بڑے فرق سے شکست سے بچایا۔ نیوزی لینڈ نے پانچویں منٹ میں ہی برتری حاصل کرلی، جب ہندوستانی پنالٹی ایریا میں افراتفری کے دوران بزائے ورگیز کے پاس سے گیند گول میں چلی گئی۔ اس کے بعد کیتھ کو مسلسل دفاع کرنا پڑا۔ انہوں نے دور سے میٹ گاربٹ کی کوشش ناکام بنائی اور میزبان ٹیم کے دباؤ کے باوجود کئی اہم بچاؤ کیے۔

یہ بھی پڑھئے:رونالڈو کے ریٹائرمنٹ کے چند روز بعد ہی بیٹے کو انڈر ۱۷؍ ٹیم میں پہلی بار جگہ مل گئی

ہندوستان نے پہلے ہاف میں اپنا سب سے اچھا حملہ ۱۹؍ ویں منٹ میں کیا۔ ریان ولیمز نے بزائے کے ساتھ مل کر دائیں جانب سے پیش قدمی کی اور گیند منویر سنگھ کے لیے پیچھے کی جانب کٹ کی، لیکن کیلن ایلیٹ نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے ان کی کوشش روک دی۔ تقریباً آدھے گھنٹے کے کھیل کے بعد کیتھ نے رینڈل کے دو حملوں کو ناکام بنا کر ہندوستان کو مقابلے میں برقرار رکھا۔ رینڈل نے بالآخر ۳۴؍ویں منٹ میں گول کیا اور نو منٹ بعد ایک اور گول کرکے پہلے ہاف کے اختتام تک نیوزی لینڈ کی برتری ۰۔۳؍گول  کردی۔ہندوستان کے ہیڈ کوچ خالد جمیل نے وقفے کے دوران پانچ تبدیلیاں کیں۔ رکی میتئی ہاؤبام اور محمد سہیل کو اس موقع پر سینئر بین الاقوامی سطح پر پہلی بار کھیلنے کا موقع ملا۔

یہ بھی پڑھئے:سونیا گاندھی کی خودنوشت ’بی لانگنگ‘ پر تیلگو فلم بنانے کا اعلان

دوسرے ہاف کے آغاز میں لسٹن کولاکو نے فری کک کے ذریعے نیوزی لینڈ کے گول کیپر الیکس پالسن کو آزمائش میں ڈالا، تاہم میزبان ٹیم نے ۵۷؍ویں منٹ میں ووڈ کے ہیڈر کی مدد سے چوتھا گول کردیا۔ بیلس نے۷۴؍ویں منٹ میں والی کے ذریعے پانچواں گول کرکے اسکور ۰۔۵؍گول  کردیا۔ کیتھ نے ۷۸؍ویں منٹ میں بل توئیلوما کی پنالٹی روک کر مزید نقصان سے ہندوستان کو بچایا اور ری باؤنڈ پر بھی گیند کو گول میں جانے نہیں دیا۔ بعد ازاں جمیل نے ڈیوڈ لالہلنسنگا اور ٹومبا سنگھ ہاؤبام کو بھی سینئر بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کا موقع دیا۔ اس طرح اس میچ میں ہندوستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں کی تعداد چار ہوگئی۔ہندوستانی ٹیم کو اتوار کو کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے دوستانہ میچ میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK