Updated: November 10, 2025, 3:26 PM IST
|
Agency
| Nelson
کیوی ٹیم نے ونڈیز کو۹؍رنوں سے شکست دے کر ۵؍میچوں کی سیریز میں دو ایک سےسبقت بنائی،ایش سوڈھی کو مین آف دی میچ قرا ر دیا گیا۔
نیوزی لینڈ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کرلی۔ تصویر: آئی این این
نیوزی لینڈ نے اتوار کو تیسرے ٹی ۔۲۰؍انٹرنیشنل میچ میں ویسٹ انڈیز کو ۹؍ رنوں سے شکست دے دی، جس میں کائل جیمیسن کی آخری اوور میں شاندار گیندبازی نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے ۵؍ میچوں کی سیریز میں دوایک کی سبقت حاصل کر لی ہے۔جیمیسن نے جمعرات کو دوسرے میچ میں بھی آخری اوور کروایا تھا جسے نیوزی لینڈ نے صرف ۳؍ رن سے جیتا تھا۔ ویسٹ انڈیز نے پہلا میچ ۷؍ رن سے اپنے نام کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں میچوں کا فیصلہ آخری اوور میں ہوا ہے۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۹؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۷۷؍ رنوں کا سکور کھڑا کیا تھا۔ جب ویسٹ انڈیز نے تعاقب شروع کیا تو ۱۳؍ویں اوور میں۸۸؍ رن پر ۸؍ وکٹیں گنوانے کے بعد ایسا لگا کہ نیوزی لینڈ آسانی سے میچ جیت جائے گا۔ تاہم روماریو شیفرڈ نے ۳۴؍ گیندوں پر ۴۹؍رن اور شمر سپرنگر نے ۲۰؍ گیندوں پر ۳۹؍ رن بنا کر ویسٹ انڈیز کو میچ میں واپس لائے۔ آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو جیت کے لئے۱۴؍ رن درکار تھے اور شیفرڈ کے ساتھ عقیل حسین کریز پر موجود تھے۔آخری اوور کی ذمہ داری ایک بار پھر لمبے قد کے تیز گیندبازجیمیسن کو سونپی گئی جنہوں نے پُرسکون گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی ۴؍ گیندوں پر صرف ۲؍ رن دئیے۔ انہوں نے پانچویں گیند پر شیفرڈ کو آؤٹ کر کے میچ ختم کر دیا۔
اتوار کو ایک بار پھر ویسٹ انڈیز کے ٹاپ آرڈر کے فلاپ ہونے کے بعد لوورآرڈر کے بلے بازوں نے اننگز کو سنبھالا۔ مہمان ٹیم نے اننگز کے دوسرے ہی اوور میں جیکب ڈفی کی گیندوں پر ۲؍ وکٹیں گنوا دی تھیں، جس کے نتیجے میں پاور پلے میں ٹیم کاا سکور ۲؍ وکٹ پر ۴۷؍ رن تھا۔ اس کے بعد درمیانی اوورز میں ٹیم نے ۳۵؍ رن پر ۶؍ وکٹیں گنوا دیں۔اسپنر ایش سوڈھی نے ۳۴؍ رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کیں اور انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس سے قبل ڈیون کونوے نے ۳۴؍ گیندوں میں ۵۶؍ رن بنا کر نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز کیا۔ اگرچہ ٹیم نے ۵؍ اوور میں ۳۱؍ رن پر۶؍ وکٹ گنوا دئیے تھے۔ ویسٹ انڈیز کی شاندار فیلڈنگ کے باعث ۳؍ کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔ جیسن ہولڈر اور میٹ فورڈ نے بہترین گیند بازی کی۔ فورڈ نے ۲۰؍ رن دے کر ۲؍ اور ہولڈر نے ۳۱؍ رن دے کر ۲؍ وکٹیں حاصل کیں اور نیوزی لینڈ کو بڑا سکور بنانے سے روکا۔ ٹم روبنسن (۲۳) اور راچن رویندرا (۲۶) دونوں اچھی شروعات کے باوجود بڑی اننگز نہیں کھیل سکے۔