Inquilab Logo

نیو کاسل نے پی ایس جی کیخلاف شاندار کامیابی حاصل کی

Updated: October 06, 2023, 12:14 PM IST | Agency | Paris

چمپئن لیگ مقابلے میں پیرس سینٹ جرمین کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے شکست دی۔

Newcastle`s players put on a brilliant performance to beat PSG. Photo: INN
نیو کاسل کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پی ایس جی کو ہرا دیا۔ تصویر:آئی این این

نیو کاسل یونائیٹڈ نے اسٹار کھلاڑیوں سے بھری پیرس سینٹ جرمین( پی ایس جی ) کو ایک کے مقابلے ۴؍گول سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔ بدھ کی دیر رات کھیلے گئے چمپئن لیگ کے مقابلے میں نیو کاسل یونائیٹڈ کی طرف سے ایم المیرون، ڈین برن ،ایس لانگ ا سٹاف اور ایف شار نے گول کئے۔اسی دوران پی ایس جی کی جانب سے واحد گول لوکاس ہرنانڈیز نے کیا۔ نیو کاسل یونائیٹڈ نے گزشتہ۲۰؍برسوں میں اپنے پہلے چمپئن لیگ ہوم میچ میں فرانسیسی چمپئن پیرس سینٹ جرمین کو ایک کے مقابلے ۴؍سے شکست دی۔ نیوکاسل نے ۱۷؍ویں منٹ میں میگوئل المیرون کے گول کے ذریعے برتری حاصل کی، اس سے قبل وقفے سے ۶؍ منٹ پہلےڈین برن نے ہیڈر کے ذریعے نیوکاسل کی برتری کو دگنا کردیا۔ شان لانگ ا سٹاف نے دوسرے ہاف میں گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت کو تقریباً یقینی بنا دیا۔
دریں اثنالوکاس ہرنانڈیز نے کھیل کے ۵۶؍ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی لیکن ان کے علاوہ پی ایس جی کا کوئی اور کھلاڑی گول نہ کر سکا۔ نیو کاسل کےلئے فابیان ٹوریس نے اضافی وقت میں گول کر کے سکور ایک چارکر دیا جو فیصلہ کن ثابت ہوا۔ اس جیت کے بعد گروپ’ ایف’ میں نیو کاسل ۴؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔
ستمبر ۲۰۰۴ءمیں چیلسی کے خلاف تین صفرکی شکست کے بعد پی ایس جی کو چمپئن لیگ کے گروپ مرحلے میں اپنی سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا اور مارچ۲۰۰۱ءمیں ڈیپورٹیوا سے ۳۔۴؍سے شکست کے بعد مقابلے میں کسی ایک گروپ مرحلے میں ان کی پہلی شکست تھی۔ 
پی ایس جی نے لیگ ون میں گھریلو سطح پر مایوس کن کارکردگی کے بعد نیوکاسل کا سفر کیا تھا جبکہ چمپئن لیگ میں انگلش ٹیموں کے ساتھ اپنے آخری ۷؍ مقابلوں میں اسے ۵؍ شکستوں کا مایوس کن ریکارڈ بھی اپنے نام کرنا پڑا۔
 اس میچ میں پی ایس جی کی ٹیم شروع سے ہی فارم میں نظر نہیں آ ئی۔ پی ایس جی کے کھلاڑیوں کے شاٹس گول پوسٹ میں نہیں جا رہے تھے۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نیو کاسل نے اپنے کھیل میں بتدریج بہتری کی۔ ایلمیرون نے ۱۷؍ ویں منٹ میں پہلا اور برن نے ۳۹؍ویں منٹ میں دوسرا گول کیا۔ تاہم ایک طویل’ VAR ‘جائزہ کے بعد تیسرا گول انہیں دیا گیا۔ پہلے ہاف میں دو صفرکی برتری حاصل کرنے کے بعد بھی نیو کاسل کی ٹیم باز نہ آئی۔ لانگ اسٹاف نے کھیل کے ۵۰؍ویں منٹ میں گول کر کے ٹیم کی برتری تین صفر کر دی۔ لوکاس ہرنانڈیز کے گول سے یہ اعتماد پیدا ہوا کہ پی ایس جی واپسی کر سکتا ہے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ آخر میں شارنے اضافی وقت میں گول کر کے اپنی ٹیم کی یادگار فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK