Inquilab Logo

نکہت مسلسل دوسری مرتبہ عالمی چمپئن

Updated: March 27, 2023, 2:25 PM IST | New Delhi

مکے بازی کی عالمی چمپئن شپ میں نکہت نے طلائی تمغہ پر قبضہ کیا اور اپنے خطاب کا دفاع کیا

Nikhat Zareen won the gold medal in the World Championship.(PTI)
نکہت زرین نے عالمی چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت لیا۔(پی ٹی آئی )

ہندوستان کی ہونہار مکے بازنکہت زرین نے اتوار کو خواتین کی عالمی باکسنگ چمپئن شپ میں ویتنام کی تھی ٹام نگوین کو۰۔۵؍ سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار عالمی چمپئن بن گئیں۔نکہت، جنہوں نے پچھلی بار۵۲؍ کلوگرام زمرے میں عالمی چمپئن شپ جیتی تھی، دو بار کی ایشیائی چمپئن نگوین کو شکست دے کر۵۰؍ کلوگرام زمرے میں طلائی تمغہ جیتا۔ نکہت نے سیمی فائنل میں کولمبیا کی انگرڈ ویلنسیا کو شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔
 دفاعی عالمی چمپئن نے مکے بازی کے آغاز سے ہی درست مکے لگائے اور نگوین کے حملوں کو بے اثر کرنے کیلئے تیزی سے اپنے پیروں کا استعمال کیا۔ نکہت نے پہلا راؤنڈ۰۔۵؍ سے جیت لیا لیکن ویتنامی باکسر نے اچھا مقابلہ  کرتے ہوئے دوسرا راؤنڈ۲۔۳؍ سے جیت لیا۔ نکہت نے فیصلہ کن راؤنڈ میں صبر اور جارحیت کا صحیح امتزاج دکھایا تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ وہ دوسری بار عالمی چمپئن بننے کی حقدار ہیں۔ نکہت  دوسری ہندوستانی باکسر ہیں جنہوں نے عالمی چمپئن شپ میں دو بار گولڈ میڈل جیتے ہیں۔ نکہت سے پہلے میری کوم (۲۰۰۲ء،۲۰۰۵ء، ۲۰۰۶ء، ۲۰۰۸ء، ۲۰۱۰ء اور ۲۰۱۸ء )۶؍ بار یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں۔
 اس تاریخی فتح کے بعد نکہت نے کہاکہ ’’میں دوسری بار عالمی چمپئن بننے پر بہت خوش ہوں، خاص طور پر مختلف وزن کے زمرے میں۔ آج کا میچ پورے ٹورنامنٹ میں سب سے مشکل تھا اور چونکہ یہ ٹورنامنٹ کا آخری میچ تھا اس لئے میں اپنی توانائی کا بھرپور استعمال کرنا چاہتی تھی۔ یہ ایک سخت مقابلہ تھا جس میںہم دونوں کو وارننگ کے ساتھ ساتھ ۸؍ پوائنٹ بھی ملے۔ فائنل راؤنڈ میں میری حکمت عملی پوری طاقت کے ساتھ حملہ کرنا تھی ۔  یہ تمغہ ہندوستان اور ان تمام لوگوں کیلئے ہے جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں ہمارا ساتھ دیا۔‘‘ نکہت اولمپکس کو ذہن میں رکھتے ہوئے اس سال کے ٹورنامنٹ کیلئے فلائی ویٹ سے لائٹ فلائی ویٹ میں چلی گئی تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK