Inquilab Logo

نکہت زرین ایشین گیمز میں ہندوستانی مکے بازوں کی قائد

Updated: July 03, 2023, 5:06 PM IST | New Delhi

دوسری بار عالمی چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرنے والی مکے بازنکہت بین الاقوامی سطح پر اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہیں گی

Nikhat Zareen Photo: INN
نکہت زرین تصویر :آئی این این

 دو بار کی عالمی چمپئن نکہت زرین، ریکارڈ ۶؍ بار ایشین چمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والے شیو تھاپا اور ٹوکیو اولمپک کانسہ کا تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین۲۳؍ ستمبر تا ۸؍اکتوبر ۲۰۲۳ء تک چین کے ہانگزو میں منعقد ہونے والے۱۹؍ویں ایشیائی کھیلوں میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں، جس  میں وہ ہندوستانی باکسنگ ٹیم کی قیادت کریں گے۔
 تھاپا، جنہوں نے عالمی چمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ اور۶؍ ایشیائی چمپئن شپ کے تمغے جیتے تھے،۶۳ء۵؍ کلوگرام کے زمرے میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی جھولی میں ایشین گیمز کا پہلا تمغہ شامل کرنا چاہیں گے۔ ٹوکیو اولمپکس کی کانسہ کا تمغہ جیتنے والی لولینا بورگوہین ۷۵؍ کلوگرام کیٹیگری میں حصہ لیں گی۔ دوسری بار عالمی  چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرنے والی نکہت بین الاقوامی سطح پر اپنا تسلط برقرار رکھنا چاہیں گی۔ تلنگانہ میں پیدا ہونے والی باکسر نے۲۰۲۲ء کے کامن ویلتھ گیمز میں بھی گولڈ میڈل جیتا تھا اور وہ۵۰؍ کلوگرام زمرے میں باکسنگ کریں گی۔
 باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا (بی ایف آئی) کے صدر اجے سنگھ نے کہاکہ ’’اس مضبوط ٹیم نے اس باوقار ایونٹ کی تیاری میں انتھک محنت کی ہے اور مجھے اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ وہ ہمارے ملک کا سر فخر سے بلند کریں گے۔ ہندوستان باکسنگ کے میدان میں بلند پروازکر رہا ہے اور اس نے بڑے پیمانے پر اپنے لئے جگہ بنائی ہے۔ حالیہ عالمی چمپئن شپ میں ہمارے باکسرس کی غیر معمولی کارکردگی دیکھنے کے بعد ہمیں یقین ہے کہ ہم ہانگزو میں بھی ایسا ہی دیکھیں گے۔‘‘ 
 دیپک بھوریا۵۱؍ کلوگرام فلائی ویٹ زمرہ میں مقابلہ کریں گے۔ اس نے حال ہی میں تاشقند میں مردوں کی عالمی چمپئن شپ میں ۲۰۲۱ء کے عالمی چمپئن ساکن بیبوسینوف کو شکست دے کر کانسہ کا تاریخی تمغہ جیتا تھا۔ایک اور عالمی چمپئن شپ کے کانسہ کا تمغہ جیتنے والے نشانت دیو۷۱؍ کلوگرام زمرے میں شرکت کریں گے۔ ہندوستانی ٹیم بالترتیب ہیوی ویٹ اور سپر ہیوی ویٹ زمروں میں۲۰۲۱ء کے ایشین چمپئن سنجیت کمار(۹۲؍ کلو گرام) اور۲۰۲۲ء ایشین چمپئن شپ کے تمغہ جیتنے والے نریندر بیروال (+۹۲؍ کلوگرام) کو بھی پیش کریں گے۔۲۰۲۱ء کے عالمی یوتھ چمپئن سچن (۵۷؍ کلوگرام) اور۳؍ بار کے قومی چمپئن لکشیا چاہر (۸۰؍ کلوگرام) باوقار ٹورنامنٹ میں ہندوستانی جرسی پہننے والے دوسرے باکسر ہوں گے۔
 پروین ہڈا جنہوں نے گزشتہ سال ایشیائی چمپئن بننے کے علاوہ عالمی چمپئن شپ میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا، ۵۷؍ کلوگرام زمرے میں ملک کی قیادت کریں گی۔ برمنگھم کامن ویلتھ گیمز کی کانسہ  کا تمغہ جیتنے والی جیسمین لمبوریا ۶۰؍کلوگرام زمرے میں حصہ لیں گی  جبکہ ۲۰۲۱ءکی عالمی یوتھ چمپئن اروندھتی چودھری۶۶؍ کلوگرام کیٹیگری میں رنگ میں اتریں گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK