Inquilab Logo

اکشر اور اشون کے اسپن جال میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اُلجھ گئی

Updated: November 28, 2021, 7:02 AM IST | kanpure

ہندوستانی ٹیم نے کانپور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ۴۹؍رن کی برتری حاصل کرلی۔ اکشر پٹیل نے ۵؍وکٹ اور اشون نے ۳؍وکٹ لئے۔ دوسری اننگز میں ہندوستان کا ایک وکٹ گرا

akshar patel.Picture:INN
اکشر پٹیل تصویر آئی این این

: اکشرپٹیل (۶۲؍ رن پر ۵؍ وکٹ) کی شاندار کارکردگی اور روی چندرن اشون (۸۲؍ رن پر۳؍ وکٹ) کے اسپن کے  جال میں الجھی نیوزی لینڈ کی ٹیم اچھی شروعات کے باوجود پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ہندوستان کے۳۴۵؍ رن کے جواب میں۲۹۶؍ رن ہی بنا سکی۔ پہلی اننگز میں۴۹؍ رن کی اہم برتری کے بعد ہندوستان نے دن کا کھیل ختم ہونے کے وقت دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر۱۴؍ رن بنالئے تھے۔ 
 گرین پارک گراؤنڈ پر دن کے کھیل کے اختتام پر  مینک اگروال (۴؍رن) اور چتیشور پجارا۹؍  رن  بناکر کریز پر موجود تھے۔ میچ کے تیسرے دن سنیچر کو  گیندبازوں کا غلبہ رہا اوربے ترتیب باؤنس والی  پچ پر مجموعی طور پر۱۸۱؍ رن بنائے گئے جبکہ  ۱۲؍وکٹ گرے جس میں ۹؍ وکٹ ہندوستان کے  اسپنرس کے حصے میں آئے۔
 دن کے کھیل کے آغاز میں بڑے اسکور کی طرف بڑھ  رہی نیوزی لینڈ کی ٹیم کی رفتار کو روی چندرن اشون نے روک دیا ۔ینگ ول ۸۹؍ رن کے ذاتی اسکور پر اشون کا شکار بنے۔ اس کے بعد تیزگیندباز امیش یادو نے کپتان کین ولیمسن کو جلد ہی  آؤٹ کرکے ٹیم کو  میچ میں لوٹ دیا۔ لنچ کے وقت  نیوزی لینڈ کا اسکور۲؍ وکٹ پر۱۹۷؍ رن تھا۔ 
 لنچ کے بعد کپتان اجنکیا رہانے نے اپنے اسپنرس پر اعتماد کیا اور اکشر پٹیل نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں پر دباؤ میں بنائے رکھا۔ راس ٹیلر (۱۱) شریس ایّرکا پہلا شکار بنے جس کے بعد ہینری نکولس (۲؍رن) اور سنچری کے قریب پہنچنے والے  خطرناک ٹام  لاتھم (۹۵؍رن ) کو پویلین کا راستہ دکھایا  اور  میدان پر موجود ناظرین کو جھومنے کا موقع دیا۔ 
 بعد ازاں رویندر جڈیجا نے ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے راچن رویندر(۱۳؍رن) کو کلین بولڈ کرکے کیوی ٹیم پر دباؤ بنایا ۔ نچلی صف کے بلے بازوں کے  ۲؍ وکٹ تجربہ کار اشون اور اکشر کے حصے میں آئے۔اکشر نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں چوتھی بار ایک اننگز میں ۵؍ وکٹ لیے ہیں۔تاہم، ہندوستانی بلے باز دن کے کھیل کے آخری سیشن کو محفوظ بنانے میں ناکام رہے جب پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے شبھمن گل صرف ایک رن کے ذاتی اسکور پر کائل جیمسن کا شکار بن گئے۔ اس وقت ٹیم انڈیا  کاا سکور صرف ۲؍ رن تھا۔ بعد میں کریز پر آنے والے چتیشور پجارا (۹؍رن) نے مینک اگروال (۴؍رن ) کے ساتھ اسٹمپ تک وقت نکالا۔
 اکشر پٹیل نے دوپہر کے سیشن میں ۳؍ وکٹ  لئے اور ہندوستان کو میچ میں اچھی پوزیشن میں پہنچا دیا۔ اکشر نے دوسری نئی گیند کے ساتھ گیندبازی کرتے ہوئے راس ٹیلر، ہنری نکولس اور ٹام لاتھم کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے چائے کے بعد ٹام بلنڈل اور ٹم ساؤدی  کے وکٹ بھی لئے۔ ان کے ساتھ تجربہ کار اسپنر اشون نے بھی شاندار گیند بازی کی اور۴۲ء۳؍ اوور میں۸۲؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ  لئے۔ اشون نے ول ینگ، کائل جیمیسن اور ولیم سومرویل کو اپنا شکار بنایا۔ اس کے علاوہ رویندر  جڈیجا نے ایک وکٹ لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لاتھم نے سب سے زیادہ۹۵؍ رن بنائے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK