• Sat, 10 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ عہدیدار نے تمیم کو ہندوستان کا ایجنٹ قرار دیا

Updated: January 09, 2026, 8:06 PM IST | Dhaka

بنگلہ دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال کو ہندوستان کا ایجنٹ قرار دینے والے بیان کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی فائنانس کمیٹی کے چیئرمین ایم نجم الاسلام تنازع میں گھر گئے ہیں۔

Tamim Iqbal.Photo:INN
تمیم اقبال۔ تصویر:آئی این این

 بنگلہ دیش کے سابق کپتان تمیم اقبال کو ہندوستان کا ایجنٹ قرار دینے والے بیان کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی فائنانس کمیٹی کے چیئرمین ایم نجم الاسلام تنازع میں گھر گئے ہیں۔نجم الاسلام نے یہ تبصرہ اس وقت کیا جب تمیم نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آئندہ آئی سی سی ٹی۲۰؍ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی شرکت سے متعلق آخری فیصلہ کرنے سے پہلے بی سی بی کو، کرکٹ کو سب سے اوپر رکھتے ہوئے ترجیح دینی چاہیے۔ تمیم کا یہ بیان ہندوستان نہ جانے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا تھا، جس میں سیکوریٹی خدشات کا حوالہ دیا گیا تھا، جب بی سی سی آئی نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے لیے آئی پی ایل سے قبل بنگلہ دیشی کھلاڑی مستفیض الرحمان کو اپنی ٹیم سے واپس بلانے کو کہا تھا۔
نجم الاسلام کی فیس بک پوسٹ پر شدید تنقید کی جا رہی ہے، جس کے اسکرین شاٹس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو چکے ہیں۔ اس پوسٹ میں انہوں نے لکھا تھا: ’’اس بار بنگلہ دیش کے عوام نے اپنی آنکھوں سے ایک اور ہندوستانی ایجنٹ کو دیکھا ہے۔‘‘ بنگلہ دیش کرکٹرس ویلفیئر ایسوسی ایشن (سی ڈبلیو اے بی) نے جمعہ کو کہا کہ اس نے بی سی بی چیئرمین کو خط لکھ کر متعلقہ ڈائریکٹر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے اور ساتھ ہی ان سے عوامی طور پر معافی مانگنے کا بھی کہا ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ بی سی بی ڈائریکٹر ایم نجم الاسلام کی جانب سے سابق کپتان تمیم اقبال کے بارے میں کیے گئے تبصرے  ان کے علم میں آئے ہیں، جن پر وہ حیران، صدمے اور شدید غصے کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:رانچی میں ویمنز ہاکی لیگ کے نئے چیمپئن کی تاج پوشی ہوگی

سی ڈبلیو اے بی نے اپنے بیان میں کہاکہ ’’ بنگلہ دیش کی تاریخ کے سب سے کامیاب اوپنر، جنہوں نے ۱۶؍ برس تک ملک کی نمائندگی کی، ان کے بارے میں بورڈ کے ایک عہدیدار کی جانب سے اس طرح کا بیان مکمل طور پر قابلِ مذمت ہے۔ یہ صرف اس لیے نہیں کہ بات تمیم جیسے بڑے کھلاڑی کی ہو رہی ہے، بلکہ کسی بھی بنگلہ دیشی کرکٹر کے بارے میں اس نوعیت کے تبصرے ناقابلِ قبول ہیں اور پورے کرکٹ حلقے کی توہین کے مترادف ہیں۔ ہم اس بیان کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ جب کوئی ذمہ دار بورڈ ڈائریکٹر عوامی پلیٹ فارم پر اس طرح کی بات کرتا ہے تو اس سے بورڈ کے عہدیداروں کے ضابطۂ اخلاق پر بھی سنگین سوالات کھڑے ہو جاتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:دھرمیندر ریاستی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات کے حقدار تھے:شوبھا ڈے

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’’ہم پہلے ہی بی سی بی چیئرمین کو ایک احتجاجی خط دے چکے ہیں، جس میں متعلقہ ڈائریکٹر سے عوام سے معافی مانگنے اور انہیں جواب دہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ بی سی بی چیئرمین جلد از جلد مناسب کارروائی کریں گے۔‘‘ دریں اثنا، تسکین احمد، مومن الحق اور تیج الاسلام سمیت کئی بنگلہ دیشی کرکٹرز نے بھی اس معاملے پر سوشل میڈیا کے ذریعے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK