Inquilab Logo

اس طرح کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم ہی کامیاب ہوتی ہے

Updated: April 23, 2021, 12:24 PM IST | Agency | Mumbai

چنئی کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا کہ ایسے میچ میں کھیل صرف بلے اور گیند کا ہوکر رہ جاتا ہے،مورگن بلے بازوں کی کوشش سے متاثر

MS Dhoni. Picture:INN
مہندر سنگھ دھونی۔تصویر :آئی این این

چنئی سپر کنگز (سی ایس کے)  کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف آئی پی ایل ۔۱۴؍کے ۱۵؍ویں میچ میں فتح کے بعد کہا کہ’’ ۱۶؍ویں اوور سے مقابلہ تیز گیند باز اور بلے باز کے  درمیان تھا ۔ وہاں ہم بہت کچھ نہیں کرسکتے تھے۔‘‘
 واضح رہے کہ چنئی سپر کنگز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۲۰؍اووروں میں ۳؍وکٹ کے نقصان پر ۲۲۰؍رن بنائے تھے جس کے جواب میں کولکاتا نے ابتدائی ۵؍بلے باز جلدی گنوانے کے باوجود ۲۰۲؍رن بنائے تھے۔
 دھونی نے میچ کے خاتمے کے بعد کہا ’’اس طرح کے میچوں میں چیزیں بہت آسان ہوتی ہیں۔ میچ صرف گیند باز اور بلے باز کے مابین ہوتا ہے۔ آپ زیادہ نہیں کرسکتے۔ علیحدہ فیلڈ سیٹ نہیں کی جاسکتی۔ اس طرح کے میچوں میں صرف وہی ٹیم جیتتی ہے جس نے کچھ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اس میچ میں ایسا ہی ہوا ، لیکن اگر کولکاتا کی ٹیم زیادہ وکٹیں حاصل کرلیتی تو صورت حال اس سے مختلف ہوتی۔ میں نے کرکٹ میں یہ کئی بار دیکھا ہے اور میں اوور کانفیڈنس  نہیں ہوتا۔ اگر آپ نے بڑا اسکور بنا لیا ہے تو پھر یہ نہ خیال کریں کہ  حریف  ٹیم  یہ  اسکور نہیں کر سکتی۔ میں نے کھلاڑیوں سے یہ بھی کہا کہ ہم نے اچھے رنوں کا اضافہ کیا ہے ، لیکن ہمیں اوورکانفیڈنڈ نہیں ہونا چاہئے۔‘‘
 سی ایس کے کپتان نے کہا ’’آپ کئی  ابتدائی وکٹ نہیں لینا چاہتے ہیں کیونکہ بعد میں بڑا ہٹر کھیلنے آتا ہے اور وہ ۲۰۰؍ سے زیادہ رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے یقینی طور پر اپنے فطری انداز میں کھیلے گا۔ ایسی صورتحال میں آپ زیادہ کچھ نہیں کرسکتے ہیں۔ ہمارے پاس واحد آپشن جڈیجہ تھے کیونکہ پچ قدرے خشک ہونے کی وجہ سے گیند تھوڑی بہت ٹرن ہو رہی تھی۔ ہماری بیٹنگ بہت اچھی رہی ہے۔ رتو (رتوراج گائیکواڑ) ایک ایسا کھلاڑی ہے جس نے پچھلے آئی پی ایل میں اپنی کلاس بھی دکھائی تھی۔ آپ کو ہمیشہ یہ جانچنے کی ضرورت ہوتی ہے کہ وہ ذہنی طور پر کہاں ہیں۔ 
 سوچا نہ تھا اتنا قریب پہنچیں گے: مورگن
 کولکتہ نائٹ رائیڈرزکے کپتان ایان مورگن نے  ۳؍بار آئی پی ایل کی فاتح چنئی سپر کنگز سے شکست کے بعد کہا کہ کرکٹ کا کھیل واقعی ایک کرشمہ ہی ہے ۔ یقینا ً، ہم پاور پلے کے بعد جس پوزیشن میں تھے ، ہم نے سوچا ہی نہیں تھا کہ ہم میچ کے اتنے قریب  پہنچ جائیں گے جیسا کہ ہم پہنچے۔ مورگن نے میچ کے بعد کہا’’آندرے رسل اور دنیش کارتک نے شراکت قائم کی اور یہاں کی پچ پر شراکت کو روکنا  بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ جو کھلاڑی کریز پر موجود ہیں وہ یہاں کے حالات کا اچھی طرح سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اس کے بعد ، پیٹ کمنس نے جس طرح سے کرکٹ کھیلی ہمیں آخر تک میچ میں  بنائے رکھا ۔ درمیانی اور نچلے آرڈر کی طرف سے زبردست فائٹ بیک ہوا ، جس کے بارے میں  سب بات کرتے ہیں ۔ پہلے ۵؍اوور میں ہماری بیٹنگ ناقص رہی۔ اگر ہم شراکت قائم کرتے اور ابتدائی اوور کا فائدہ اٹھاتے تو ہم درمیانی اوورز کے درمیان مضبوط پوزیشن میں ہوتے۔ ٹھیک ہے یہ نئے میدانوں اور مختلف چیلنجوں میں کھیلنا اچھا لگا۔ اگر ہم اپنی بلے بازی پر غور کریں تو مجھے نہیں لگتا کہ اس میں کوئی بڑی غلطی ہوئی ہے لیکن اگلے میچ میں ہمیں اپنے  گیند بازی  کے بارے میں کچھ گفتگو کرنی ہوگی۔ ‘‘
 کے کے آر کپتان نے کہا ’’دوسری اننگز میں بہت جلد پانچ وکٹیں گرنے کے باوجود ۲۲۰؍کے ہدف کو پورا کرنا اور اس کے قریب جانا قابل تعریف ہے۔ 
کمنز نے ہربھجن کا ریکارڈ توڑ دیا
 کولکاتا نائٹ رائیڈرس کےلئے بلے بازی کرنے آئے آٹھویں نمبر کے بلے باز پیٹ کمنز نے محض ۳۳؍گیندوں پر ۶؍چھکوں اور ۴؍چوکوں کی مدد سے ۶۶؍رنوںکی اننگز کھیلی۔یہ انڈین پریمیر لیگ کی تاریخ میں آٹھویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے سب سے بڑی اننگز ہے۔کمنز نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہربھجن سنگھ کا ریکارڈ توڑ دیا۔واضح رہے کہ آٹھویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے سب سے زیادہ ۶۴؍ رن بنانے کا ریکارڈ ہربھجن سنگھ کے نام تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK