• Sun, 21 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیکیج کیس: مسک کی فتح،۱۲؍ لاکھ کروڑ تنخواہ ملے گی

Updated: December 21, 2025, 1:30 PM IST | Agency | Washington

نچلی عدالت نےمسک کو ۵۶؍ارب ڈالرکے پیکیج کو منسوخ کردیا تھا لیکن سپریم کورٹ نے اسے بحال کیا اورکہا کہ ایسا ہوتا تو نا انصافی ہوتی۔

Elon Musk, the world`s richest man, has also won the package war. Picture: INN
دنیا کے سب سے امیر شخص ایلون مسک نے پیکیج کی جنگ بھی جیت لی ہے۔ تصویر: آئی این این
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک  نے اپنے ۲۰۱۸ء کے معاوضے کے پیکیج کیس میں بڑی فتح حاصل کی ہے۔جمعہ کو، ڈیلاویئر سپریم کورٹ نے نچلی عدالت کے اس فیصلے  کے برعکس فیصلہ سنایاجس میں مسک  کے ۵۶؍ارب ڈالر کے معاوضے کے پیکیج کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ٹیسلاکے حصص کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے پیکیج اب تقر یباً۱۳۹؍ارب ڈالر (تقریباً۱۲؍ لاکھ کروڑ روپے) کا ہے۔نچلی عدالت نے تقریباً دو سال قبل اس معاہدے کو ’ناقابل تصور‘ قرار دیتے ہوئے روک دیا تھا۔فیصلے سے مسک کو راحت ملی ہے اور یہ ٹیسلا پر مسک کے کنٹرول کو مزید مضبوط کرے گا جس سے متعلق  وہ ان دنوں مسلسل فکرظاہر کرتے رہے ہیں۔
پیکیج کو مکمل طورپر منسوخ کرنا ناانصافی ہے: سپریم کورٹ 
اپنے۴۹؍ صفحات پرمشتمل فیصلے میں سپریم کورٹ نے کہا  کہ۲۰۲۴ء کے آغاز میں ادائیگی پیکیج کو مکمل طور پر منسوخ کرنے کا فیصلہ غیر منصفانہ  تھا اور اس طرح مسک کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔ عدالت نے کہا کہ پیکیج کی منسوخی سے مسک کو ان کی ۶؍ سال کی محنت کا کوئی معاوضہ نہیں ملتا۔
جمعہ کو مارکیٹ بند ہونے پرٹیسلاکے حصص کی قیمت کی بنیاد پر ۲۰۱۸ء  کےپیکیج کی مالیت اس وقت تقریباً ۱۳۹؍ ارب ہے۔ ٹیسلا کے سرمایہ کار ڈیپ واٹر اسیٹ مینجمنٹ کے منیجنگ پارٹنر جین مونسٹر نے کہا کہ یہ مسک کے لیے ایک جیت ہے کیونکہ  اس فیصلے کے بعد اب وہ تیزی سے کمپنی  پرکنٹرول حاصل کر لیں گے۔
کمپنی میں حصہ داری بڑھ کر۱۸ء۱؍ فیصد ہو جائے گی
اگر ایلون  مسک۲۰۱۸ء کے پیکیج میں دیے گئے تمام اسٹاک  متبادلات کو استعمال کرتے ہیں تو ٹیسلا میں ان کے حصص کا تناسب موجودہ۱۲ء۴؍فیصد سے بڑھ کر۱۸ء۱؍فیصدہوجائےگا ۔ تاہم، اسے یہ حصص حاصل کرنے کیلئے کمپنی کی کارکردگی کے اہداف کو پورا کرنا ہوگا۔ ٹیسلا نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا’’میں درست ثابت ہوا۔‘‘
۲۰۱۸ء کا سارا تنازع کیا ہے؟
۲۰۱۸ء میں، ٹیسلا کے بورڈ نے مسک کے لیے ایک بڑے ادائیگی پیکیج کی منظوری دی تھی۔ اس معاہدے کے تحت، اگر ٹیسلا مارکیٹ کے کچھ اہم اہداف حاصل کر لیتی ہے، تو مسک کوکمپنی کے تقریباً۳۰۴؍ملین شیئرز انتہائی رعایتی قیمت پر خریدنے کا اختیار  حاصل ہوگا۔ ٹیسلا نے ان تمام اہداف کو حاصل کیالیکن جیسے ہی شیئر ہولڈرز نے پیکیج کی منظوری دی، رچرڈ ٹورنیٹا نامی سرمایہ کار نے مقدمہ کر دیا۔ ٹورنیٹا کے پاس  ٹیسلا کے صرف۹؍ شیئر تھے ۔ ۲۰۲۴ء کے اوائل میں، پانچ دن کی سماعت کے بعد، ڈیلاویئر سپریم کورٹ کی جج کیتھلین میک کارمک نے پیکیج کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیسلا کے ڈائریکٹر فیصلہ کرنے میں غیر جانبدار نہیں تھے اور اہم حقائق شیئر ہولڈرز سے چھپائے گئے تھے۔
واضح رہےکہ دنیا کے امیر ترین افرادمیں۶۰ء۹۸؍ لاکھ کروڑ روپے کی مجموعی دولت کے ساتھ ایلون مسک سرفہرست ہیں۔اس کے بعد گوگل کے لیری پیج ہیںجن کی مجموعی دولت ۲۲ء۳۳ ؍ لاکھ کروڑ ہے۔تیسرے نمبر پر اوریکل کے لیری ا یلیسن ہیں جن کی مجموعی دولت ۲۱ء۶۹؍ لاکھ کروڑ روپے ہے۔چوتھےنمبر ۲۱ء۳۶؍ لاکھ کروڑ کی دولت کے ساتھ امیزون کے جیف بیزوس ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK