Inquilab Logo

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بھی شکست دے دی، ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ میں مسلسل دوسری فتح

Updated: October 28, 2021, 12:25 PM IST | Agency | Sharja

پاکستانی ٹیم نے کیوی ٹیم کو ۵؍وکٹ سے شکست دے کر ۲؍پوائنٹس حاصل کئے۔ حارث رؤف کی اچھی کارکردگی کے سبب انہیں پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا

Pakistan`s Haris Rauf can be seen in excitement.Picture:INN
پاکستان کے کھلاڑی حارث رؤف کو جوش میں دیکھا جاسکتاہے ۔ تصویر: آئی این این

 آصف علی (ناٹ آؤٹ  ۲۷؍رن) اور شعیب ملک (ناٹ آؤٹ ۲۶؍ رن ) کی بہترین اننگز اور ان کے درمیان چھٹے وکٹ کے لئے ۴۸؍رن کی ناٹ آؤٹ شراکت   کی  بدولت پاکستان نے نیوزی  لینڈ کو  آئی سی سی ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپ ۲؍ کے میچ میں منگل کو ۵؍ وکٹ سے ہراکرمسلسل دوسری   کامیابی حاصل کی۔ پلیئر آف دی میچ حارث رؤف (۲۲؍ رن  دے کر۴؍ وکٹ) کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ۸؍ وکٹوں پر۱۳۴؍ رن کے معمولی اسکور تک محدود کر دیا۔ لیکن ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے۸۷ ؍ رن پر اپنے۵؍ وکٹ گنوا دیں  لیکن آصف اور ملک نے چھٹے وکٹ کی ناٹ آؤٹ شراکت میں۴۸؍ رن جوڑکر پاکستان کو مسلسل دوسری جیت دلائی۔پاکستان نے۱۸ء۴؍اوور میں ۵؍ وکٹوں پر۱۳۵؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ آصف نے۱۲؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۲۷؍ رن میں ایک چوکا اور ۳؍ چھکے لگائے جبکہ تجربہ کارکھلاڑی شعیب ملک نے۲۰؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۲۶؍ رن میں ۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ نیوزی لینڈ معمولی اسکور کرنے کے باوجود فتح کی تلاش میں تھا جب اس نے۱۴ء۵؍ اوور میں۸۷؍ رن پر اپنے ۵؍ وکٹ گنوا دیئے لیکن اس کے بعد ملک اور آصف نے شاندار شراکت   قائم کی۔ ان دونوں بلے بازوں نے نیوزی لینڈ کے ہاتھ سے میچ چھین لیا۔ آصف نے ساؤدی کے اننگز کے۱۷؍ ویں اوور میں لگاتار ۲؍ چھکے لگا کر ٹیم سے دباؤ کو دور کیا۔۱۸؍ویں اوور میں ملک نے مشیل سینٹنر کی گیند پر چوکا اور ایک چھکا لگا کر پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔پاکستانی کھلاڑی آصف نے۱۹؍ویں اوور میں ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر چھکا لگایا اور پھر میچ ۲؍ رن کے ساتھ ختم کر دیا۔ پاکستان کے اوپنر محمد رضوان نے۳۴؍ گیندوں پر۵؍ چوکوں کی مدد سے۳۳؍ رن بنائے۔ کپتان بابر اعظم۹، فخر زمان۱۱، محمد حفیظ۱۱؍ اور عماد وسیم ۱۱؍ رن  بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم اس کے بعد ملک اور آصف نے شاندار بلے بازی  کرتے ہوئے ۸؍ گیندیں باقی رہ کر ٹیم کو فتح دلائی۔ اس سے پہلے رؤف نے مارٹن گپٹل، ڈیون کون وے، گلین فلپس اور مشیل  سینٹنرکو پویلین بھیجا۔ گپٹل نے۱۷، کون وے نے ۲۷، فلپس نے۱۳؍ اور سینٹنر نے۶؍رن بنائے۔ گزشتہ میچ میں ۳؍ وکٹ لے کر ہندوستان کو ہلا کر رکھ دینے والے شاہین آفریدی نے اس بار ۲۱؍ رن کے عوض ایک وکٹ لیا۔ ان کے علاوہ عماد وسیم اور محمد حفیظ نے بھی ایک ایک وکٹ لیا۔
 نیوزی لینڈ کی اننگز میں کوئی بھی بلے باز بڑا اسکور نہیں کر سکا۔ گپٹل نے۲۰؍ گیندوں پر۳؍ چوکے، ڈیرل مشیل نے۲۰؍ گیندوں پر ایک چوکے اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۲۷؍ رن بنائے، کپتان کین ولیمسن نے۲۶؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۵؍ رن بنائے، کون وےنے ۳؍چوکوں کی مدد سے۲۶؍ رن  بنائے۔۲۴؍ گیندوں پر۲۷؍ رن  اور فلپس نے ۱۵؍گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے۱۳؍ رن  بنائے۔ ولیمسن۱۴؍ویں اوور کی پہلی گیند پر حسن علی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے جس کے بعد کیوی اننگز ڈگمگا گئی اور صرف۱۳۴؍رن تک ہی پہنچ سکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK