Inquilab Logo

راولپنڈی ٹیسٹ کے آخری لمحات میں پاکستانی ٹیم میچ ہار گئی

Updated: December 06, 2022, 12:16 PM IST | Rawalpindi

ٹیسٹ کے آخری سیشن میں میزبان ٹیم کو ۷۴؍رن سے شکست ہوئی۔ انگلینڈ نے سیریز میں برتری حاصل کرلی۔ اولی رابنسن مین آف دی میچ رہے

England players are seen celebrating after taking Pakistan`s last wicket. (PTI)
انگلینڈ کے کھلاڑی پاکستان کا آخری وکٹ لینے کے بعد جشن مناتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔(پی ٹی آئی)

  انگلینڈ نے۳؍ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان پاکستان کو آخری سیشن میں۷۴؍ رن سے شکست دے کر سیریز میں۰۔۱؍ کی برتری حاصل کرلی۔راولپنڈی میں کھیلے جانےوالے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستان نے۳۴۳؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں۸۰؍ رن ۲؍ کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو امام الحق اور سعود شکیل وکٹ پر موجود تھے۔انگلینڈ کیلئے دن کا آغاز شاندار انداز میں ہوا اور امام الحق گزشتہ روز کے انفرادی اسکور میں صرف ۵؍ رن کے اضافے کے بعد جیمس اینڈرسن کا وکٹ بن گئے۔
 تیسرا وکٹ گرنے کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم دباؤ میں آگئی، جس کے نتیجے میں سعود شکیل اور نئے بلے باز محمد رضوان نے حد سے زیادہ محتاط انداز اختیار کر لیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک موقع پر دونوں کھلاڑیوں نے۱۰؍ اوور میں صرف۸؍رن بنائے تھے اور جیمس اینڈرسن کے سامنے بالکل بے بس نظر آرہے تھے تاہم بعد میں دونوں نے نسبتاً پراعتماد اندازمیں بلے بازی  شروع کی اور سعود شکیل نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔
 کھانے کے وقفے کے فوراً بعد انگلینڈ کو اس وقت بڑی کامیابی ملی جب محمد رضوان۴۶؍ رن  بنانے کے بعد جیمس اینڈرسن کاشکاربن گئے۔سعود شکیل نے آغا سلمان کے ساتھ مل کر اسکور۱۹۸؍ رن تک پہنچادیا لیکن اس مرحلے پر سعود۷۶؍ رن  بنانے کے بعد انگلینڈ کی شان دار فیلڈ پلیسمنٹ کا شکار بن گئے، انہوں نے۱۲؍ چوکوں کی مدد سے ۷۶؍ رن بنائے۔
 ۵؍ وکٹ گرجانے کے بعد تجربہ کار اظہر علی ایک بار پھر میدان میں آئے اور دونوں نے مل کر اسکور آگے بڑھانا شروع کردیا اور کھانے کے وقفے تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔دونوں کھلاڑیوں نے چھٹے وکٹ کیلئے۶۱؍ رن کی شراکت کی جس سے میچ میں پاکستان کی فتح کی امیدیں روشن ہوگئیں لیکن اولی رابنسن نے یکے بعد دیگرے ۲؍ اوورس میں آغا سلمان اور اظہر علی کو آؤٹ کر کے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ اظہر نے۴۰؍ اور آغا نے۳۰؍رن  بنائے۔ تجربہ کار جیمس اینڈرسن کے سامنے زاہد محمود کا بس نہ چلا اور وہ بھی ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹنے والے۸؍ویں کھلاڑی بن گئے جبکہ۲؍ گیندوں بعد اینڈرسن نے حارث رؤف کو بھی آؤٹ کردیا۔ پاکستان نے۹؍ وکٹ۲۶۴؍ رن پر گنوا دیئے تھے جس کے بعد نسیم شاہ اور محمد علی آخری وکٹ میں صرف۴؍ رن کا اضافہ کرسکے۔نسیم شاہ ۲۶۸؍رن پر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے، انہوں نے صرف۶؍ رن بنائے اور جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ انگلینڈ نے شاندار بلے بازی کے بعد شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے ۷۴؍ رن سے میچ جیت کر سیریز میں برتری بھی حاصل کرلی۔دوسری اننگز میں انگلینڈ کی جانب سے جیمس اینڈرسن اور رابنسن نے۴۔۴؍وکٹ حاصل کئے۔اولی رابنسن کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔ کپتان بین اسٹوکس اور جیک لیچ نے ۱۔۱؍کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ انگلینڈ نے میچ کی پہلی اننگز میں ۴؍ کھلاڑیوں کی سنچری کی بدولت ۶۵۷؍رن کا پہاڑ جیسا مجموعی اسکور بورڈ پر سجایا تھا۔ اس کے جواب میں اوپنرس کے ساتھ ساتھ کپتان بابر اعظم کی سنچریوں کی بدولت پاکستان نے بھی پہلی اننگز میں۵۷۹؍رن بنائے تھے۔ دوسری اننگز میں انگلش ٹیم نے حد سے زیادہ جارحانہ انداز اپنایا تھا اور۲۶۴؍ رن۷؍ کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی اور پہلی اننگز کی برتری کی بدولت پاکستان کو فتح کیلئے۳۴۳؍رن کا ہدف دیا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK