ون ڈے سیریز میں ۰۔۲؍ کی برتری حاصل ۔ امام الحق کے ۹۱؍رن ۔بابر اعظم کی نصف سنچری
EPAPER
Updated: August 25, 2023, 9:56 PM IST | hambantota
ون ڈے سیریز میں ۰۔۲؍ کی برتری حاصل ۔ امام الحق کے ۹۱؍رن ۔بابر اعظم کی نصف سنچری
امام الحق (۹۱؍رن) کی نصف سنچری اور شاداب خان کی شاندار اننگز کی بدولت پاکستان نے جمعرات کو افغانستان کو ۳؍ میچوں کی سیریز میں سانس روک دینے والے دوسرے ون ڈے میں ایک وکٹ سے شکست دے کر۰۔۲؍ کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔کرو یا مرو کے میچ میں افغانستان نے پاکستان کے سامنے۳۰۱؍ رن کا ہدف رکھاتھا۔ پاکستان نے یہ ہدف ایک گیند باقی رہتے ۹؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ افغانستان کی جانب سے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے۱۵۱؍ گیندوں پر۱۴؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے۱۵۱؍ رن بنائے۔ ابراہیم زدران نے۱۰۱؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۸۰؍ رن بنائے۔
امام کی نصف سنچری اور بابر اعظم (۵۳؍رن) کے ساتھ ان کی سنچری پارٹنرشپ نے پاکستان کو آسانی سے ہدف کی جانب گامزن کر دیا، لیکن افغانستان نے میچ میں مضبوطی سے واپسی کرتے ہوئے آخری۲۰؍ اوورس میں وقفے وقفے سے وکٹ حاصل کئے ۔پاکستان کا اسکورایک وکٹ پر ۱۷۰؍رن سے ۶؍وکٹ پر ۲۱۱؍رن تک پہنچ گیا۔ شاداب نے کچھ دیر کیلئے افتخار احمد کے ساتھ اننگز کو سنبھالا لیکن افتخار اور شاہین آفریدی کے وکٹ جلدی گرنے سے پاکستان ۸؍وکٹ پر ۲۷۲؍رن سے شکست کے قریب پہنچ گیا۔جب پاکستان کو آخری ۲؍ اوورس میں۲۷؍ رن درکار تھے تو شاداب نے۴۹؍ویں اوور میں۱۶؍ رن بنا کر اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ شاداب آخری اوور کی پہلی ہی گیند پر نان اسٹرائیکر اینڈ پر رن آؤٹ ہوئے لیکن نسیم شاہ (ناٹ آؤٹ۱۰؍رن ) نے ۵؍ گیندوں پر۲؍ چوکے لگا کر پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کی۔ پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں اب سنیچر کو کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں تیسرے ون ڈے میں آمنے سامنے ہوں گی۔