Updated: August 01, 2026, 8:03 PM IST
| Lahore
پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر نے ہندوستانی اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو اپنے کریئر کا مشکل ترین حریف قرار دیتے ہوئے ان کی غیرمعمولی مستقل مزاجی اور بڑے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کی بھرپور تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ دباؤ میں بہترین کھیل پیش کرنے اور میچ کا رخ بدلنے کی صلاحیت ہی وراٹ کوہلی کو موجودہ دور کے دیگر بلے بازوں سے ممتاز بناتی ہے۔
وراٹ کوہلی اور محمد عامر ۔ تصویر: آئی این این
پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر نے ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کو اپنے کریئر کا مشکل ترین حریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ دور میں ان کی مستقل مزاجی، دباؤ میں کارکردگی اور میچ ختم کرنے کی صلاحیت انہیں دیگر بلے بازوں سے ممتاز بناتی ہے۔ کرکٹ میگزین وسڈن سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ وہ کئی مواقع پر اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ موجودہ نسل میں وراٹ کوہلی وہ بلے باز ہیں جن کے خلاف گیندبازی کرنا انہیں سب سے زیادہ مشکل محسوس ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: فیفا نے اے ایف اے اور متعدد کھلاڑیوں کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کر دی
انہوں نے کہا کہ وراٹ کوہلی ہمیشہ بڑے مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ جدید کرکٹ کے عظیم ترین بلے بازوں میں شمار ہوتے ہیں۔ محمد عامر نے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور آل راؤنڈر شین واٹسن کو بھی اپنے سخت ترین حریفوں میں شامل کیا، تاہم ان کے مطابق موجودہ دور کے کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی سب سے نمایاں ہیں۔واضح رہے کہ محمد عامر اور وراٹ کوہلی کے درمیان بین الاقوامی کرکٹ میں کئی یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے۔ عامر نے۲۰۱۷ءکی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں کوہلی کو جلد آؤٹ کیا تھا، جبکہ کوہلی نے بھی پاکستان کے خلاف متعدد اہم اننگز کھیل کر ہندوستانی ٹیم کو یادگار کامیابیاں دلائی ہیں۔