• Tue, 20 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیرا گیمز: ہندوستان نے ۴؍ گولڈ اور ۵؍ سلور میڈل جیتے

Updated: October 20, 2026, 1:39 PM IST | Agency | Nagoya

مونا اگروال، نشاد،سومیا اور رنکو کی سنہری کارکردگی۔ پہلے دن ہندوستان نے۱۱؍میڈل حاصل کئے۔

Indian archer Mona Agarwal showing her gold medal. Photo: INN
ہندوستانی تیر انداز مونا اگروال طلائی تمغہ دکھاتی ہوئیں۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان نے پیر کو ایشیائی پیرا کھیلوں میں شاندار آغاز کرتے ہوئے نشانہ بازی، پیرا ایتھلیٹکس، جوڈو اور تیراکی میں ۴؍سونے، ۵؍ چاندی اور ۲؍ کانسے سمیت کُل ۱۱؍ تمغے جیتے۔ دن کے اختتام پر ہندوستان تمغوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر رہا۔ سونے کے تمغے جیتنے والوں میں نشانہ باز مونا اگروال اور لمبی چھلانگ لگانے والے نشاد کمار جیسے اہم کھلاڑی شامل رہے۔

نشانہ بازی میں ڈبل دھماکہ

ہندوستان کی مونا اگروال نے نشانہ بازی کے مقابلے میں آر۔ ۲؍ خواتین کے ۱۰؍میٹر ایئر رائفل اسٹینڈنگ ایس ایچ ون میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طلائی تمغہ جیتا۔ وہیں ان کی ہم وطن اونی لیکھرا کو چاندی کا تمغہ ملا۔ مونا اگروال نے ۲۵۰؍ اسکور کے ساتھ طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ انہوں نے ایشیائی پیرا گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا اور اونی کے۲۴۹ء۶؍ کے سابقہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔اونی لیکھرنے ۲۴۹ء۴؍ کےاسکور کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔اس جیت کے ساتھ  اونی نے لاس اینجلس پیرالمپکس ۲۰۲۸ء کیلئے بھی کوٹہ حاصل کرلیا ہے۔ مونا یہ کوٹہ اس سے پہلے ہی عالمی چمپئن شپ میں حاصل کرچکی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ایمباپے کے دو گول، ریئل میڈرڈ نے سیویلا کو۴؍گول سے روند دیا

نشاد،سومیا اور رنکو کی سنہری کارکردگی

پیرا ایتھلیٹکس میں ہندوستان کیلئے شام کافی کامیاب رہی، جس میں نشاد کمار، سومیا کمار اور رنکو ہڈا نے اپنے اپنے مقابلوں میں سونے کے تمغے جیتے۔ ہائی جمپ ٹی ۴۷؍میں ۲؍بار پیرا اولمپکس کا چاندی کا تمغہ جیت چکے نشاد نے لمبی چھلانگ میں اپنا بین الاقوامی آغاز کیا اور ۷ء۱۱؍  میٹر کی دوری طے کرکے سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ 

سومیا نے خواتین کے ۱۵۰۰؍ میٹر ٹی ۱۲،ٹی ۱۳؍ مقابلے میں ۵؍منٹ ۱۲ء۳۹؍سیکنڈ کے اپنے اب تک کے بہترین وقت کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا۔ اسی مقابلے میں ہندوستان کی رادھا وینکٹیش نے اپنے گائیڈ گووند سولنکی کے ساتھ دوڑتے ہوئے۵؍منٹ۳۰ء۹۰؍ سیکنڈ کا وقت نکال کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔خواتین کے ۱۵۰۰؍میٹر ٹی ۱۱؍ مقابلے میں راونی ولسانینی کو کانسے کا تمغہ دیا گیا۔ 

مردوں کے جیولن تھرو (بھالا پھینکنے) کے ایف ۴۶؍مقابلے میں بھی ہندوستان نے پہلا اور دوسرا مقام حاصل کیا۔ رنکو نے ۶۵ء۱۱؍میٹر کی دوری کے ساتھ سونے کا تمغہ جیتا، جو اس سیزن میں ان کی بہترین کارکردگی تھی۔ اجیت سنگھ ۶۵ء۰۲؍ میٹر کی دوری کے ساتھ دوسرے مقام پر رہے اور چاندی کا تمغہ جیتا۔ یہ بھی اس سیزن میں ان کی بہترین کارکردگی تھی۔

جوڈو اور تیراکی میں بھی تمغے ملے

ہندوستان کے بصارت سے محروم جوڈو کھلاڑیوں نے ۲؍تمغے دلائے۔ کوکیلا نے خواتین کے۵۲؍کلوگرام زمرے میں چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ کپل پرمار نے مردوں کے جے ۷۰؍ کلوگرام مقابلے میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ ہندوستان کے روی کارتک بوڈیگینا نے مردوں کے ۱۰۰؍ میٹر فری اسٹائل ایس ۱۳؍ مقابلے میں ۵۶ء۶۸؍ سیکنڈ کا وقت نکال کر چاندی کا تمغہ جیتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK