پیرس اولمپکس میں ہندوستانی ہاکی ٹیم نے آئرلینڈ کو گروپ مقابلے میں۰۔۲؍گول سے شکست دے دی۔
EPAPER
Updated: July 31, 2024, 12:03 PM IST | Agency | Paris
پیرس اولمپکس میں ہندوستانی ہاکی ٹیم نے آئرلینڈ کو گروپ مقابلے میں۰۔۲؍گول سے شکست دے دی۔
کپتان ہرمن پریت سنگھ کے ۲؍ گول اور گول کیپر پی آر سریجیش کی عمدہ کارکردگی کی مدد سے ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم نے پیرس اولمپکس میں آئرلینڈ کو۰۔۲؍گول سے شکست دے کر اپنی ناقابل شکست مہم جاری رکھی ہے۔ اب ہندوستان کا مقابلہ ۲؍اگست کو آسٹریلیا سے ہوگا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے۶؍ ٹیموں کے پول بی میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے ارجنٹائنا کے خلاف ڈرا کیا تھا اور نیوزی لینڈ کو ۲۔۳؍گول سے شکست دی تھی۔ پول سے ٹاپ۴؍ ٹیمیں کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرتی ہیں۔
پیرس اولمپکس میں کھیلے جانے والے میچ میں تجربہ کار مڈفیلڈر منپریت سنگھ اور ہاردک سنگھ، جنہوں نے گزشتہ میچ میں اوسط درجہ کا مظاہرہ کیا تھا، منگل کو شاند ار کھیل کا مظاہرہ کیا اور بہتر ہاکی کا کھیل پیش کیا۔ ہندوستان نے پہلی بار پہلے کوارٹر میں گول کر کے برتری حاصل کی جبکہ آخری ۲؍ میچوں میں پہلا گول مخالف ٹیم نے کیاتھا۔ اس جیت کے باوجود تیسرے کوارٹر میں پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل نہ کرنے کی ہندوستان کی کمزوری پھر سامنے آگئی۔ ہندوستانی ٹیم، جس نے پہلے ۲؍ میچوں میں۱۳؍ پنالٹی کارنر گنوائے تھے، ہاف ٹائم تک ایک بھی پنالٹی کارنر نہیں گنوایا لیکن تیسرے کوارٹر میں ۸؍ پنالٹی کارنر گنوائے۔
یہ بھی پڑھئے:پیرس اولمپکس ۲۰۲۴ء: میڈلز ٹیبل، ہندوستان کی کارکردگی
اس میچ میں آئرلینڈ کو۱۰؍ اور ہندوستان کو ۹؍ پنالٹی کارنر اور ایک اسٹروک ملا۔ اگلے ۲؍ میچوں میں ہندوستان کو موجودہ چمپئن بلجیم اور آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہے اور اس سے پہلے کوچ فلٹن کو اس کمزور کڑی کو مضبوط کرناہوگا۔ گزشتہ سال ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ سنبھالنے والے فلٹن آئرلینڈ ٹیم کے سابق کوچ ہیں۔ اس کے علاوہ ہندوستانی ٹیم بھی۱۹؍ویں منٹ کے بعد کوئی گول نہ کر سکی۔ پنالٹی کارنر اور فیلڈ گول اسکور کرنے کے قابل نہ ہونا ٹیم انڈیا کو اگلے مشکل میچوں میں مہنگا پڑ سکتا ہے۔
آئرش کھلاڑی گُرجنت کو روکنے کی کوشش کرتے ہوئے۔ (تصویر:پی ٹی آئی )
ہندوستان نے پہلا گول کیا۔ (تصویر:پی ٹی آئی )
میچ جیتنے کے بعد کھلاڑی ایکدوسرے کو مبارکباد دیتے ہوئے۔ (تصویر:پی ٹی آئی )
ہندوستانی ٹیم نے جارحانہ آغاز کیا اور دوسرے ہی منٹ میں پنالٹی کارنر حاصل کیا، حالانکہ ہرمن پریت اسے گول میں تبدیل نہ کرسکے۔ پہلے کوارٹر کے۱۱؍ویں منٹ میں ہی ہندوستان کو پنالٹی اسٹروک ملا جسے ہرمن پریت نے گول میں تبدیل کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔ پہلے کوارٹر میں آئرش ٹیم ہندوستانی گول پر حملے کرنے میں ناکام رہی۔ دوسرے کوارٹر کے دوسرے ہی منٹ میں ہندوستان برتری کو دُگنا کرنے کے قریب پہنچا تو للت اپادھیائے نے دائیں جانب سے گیند لے لی لیکن گول کے سامنے ان کی غلط پوزیشن کی وجہ سے شاٹ بار پر جا لگا۔ ہندوستان کو اگلے ہی منٹ میں لگاتار ۳؍ پنالٹی کارنر ملے اور چوتھے کو ہرمن پریت نے گول میں بدل دیا، جو اس اولمپکس میں اس کا چوتھا گول تھا۔ ہاف ٹائم سے ۴؍ منٹ قبل ہندوستانی ٹیم دوبارہ گول کرنے کے قریب پہنچی لیکن فارورڈ لائن رفتار برقرار نہ رکھ سکی اور موقع گنوا بیٹھی۔ وقفے کے بعد آئرش ٹیم نے جارحانہ آغاز کیا اور تیسرے کوارٹر میں مسلسل ہندوستانی دائرے میں داخل ہوگئی۔ پنالٹی کارنر سے محروم ہونے کی ہندوستان کی کمزوری ایک بار پھر مہنگی ثابت ہوسکتی تھی اگر گول کیپر سریجیش فوری طور پر گول نہ بچاتے۔ تیسرے کوارٹر میں آئرلینڈ کو ۸؍ پنالٹی کارنر ملے لیکن وہ ناکام رہا۔ ہندوستان کو۳۴؍ویں منٹ میں گول کرنے کا موقع ملا لیکن سکھ جیت سنگھ کا شاٹ آئرش گول کیپر نے بچا لیا۔ ہندوستان کو اگلے ہی منٹ میں ۲؍ پنالٹی کارنر ملے لیکن امیت روہیداس نے پہلا اور ہرمن پریت دوسرا گنوا دیا۔
آئرلینڈ کو پہلا پنالٹی کارنر۴۰؍ویں منٹ میں ملا جس پر کول لی کے شاٹ کو سریجیش نے بچا لیا۔ آئرلینڈ نے اسٹروک کیلئے ریفرل مانگا لیکن اسے صرف ایک پنالٹی کارنر ملا، جس پر شین او ڈونل کا شاٹ پھر سریجیش نے بچا لیا۔ اس دوران ہندوستانی ڈریگ فلکر ہرمن پریت اور روہیداس دو پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل نہ کر سکے۔ آئرش ٹیم نے مختلف پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ بھی آزمائے لیکن گول نہ کرسکی۔ چوتھے کوارٹر کے دوسرے ہی منٹ میں آئرلینڈ کو ایک بار پھر پنالٹی کارنر ملا جس پر کول لی گول نہ کر سکے۔