• Fri, 13 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ونیش پھوگاٹ کا ٹوٹے دل کے ساتھ ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Updated: August 08, 2024, 12:05 PM IST | New Delhi

پیرس اولمپکس ۲۰۲۴ء کے کشتی کے فائنل مقابلے سے قبل نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد ونیش پھوگاٹ نے ریسلنگ کو الوداع کہا۔ ونیش کے اس فیصلے سے ہر کوئی حیران ہے۔ دوسری جانب ان کے استاد اور چچا مہاویر سنگھ پھوگاٹ، ساتھی ریسلر ساکشی ملک اوربجرنگ پونیا کا بھی رد عمل سامنے آیا ہے۔

Female wrestler Vanish Phogat. Photo: INN.
خاتون ریسلر وینش پھوگاٹ۔ تصویر: آئی این این۔

خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ نے ٹوٹے دل کے ساتھ ریسلنگ کو الوداع کہہ دیا۔ انہوں نے ایکس پر پوسٹ کرکے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ ملک کی بیٹی نے لکھا ہے ’’ ماں، کشتی مجھ سے جیت گئی، میں ہار گئی، افسوس، تیرا خواب، میری ہمت، سب ٹوٹ گئے۔ میرے پاس اب اس سے زیادہ طاقت نہیں ہے۔ الوداع ریسلنگ ۲۰۰۱ء- ۲۰۲۴ء۔ میں آپ سب کی محبتوں کی ہمیشہ مقروض رہوں گی۔ خاتون ریسلر کی اچانک ریٹائرمنٹ پر ہر کوئی حیران ہے۔ پیرس اولمپکس ۲۰۲۴ء میں ونیش نے لگاتار۳؍ میچ جیت کر فائنل میں جگہ بنائی تھی لیکن ٹورنامنٹ کے دوران ۱۰۰؍گرام زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے انہیں نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔ جس کے بعدخاتون کھلاڑی نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ 
مہاویر سنگھ پھوگاٹ، ساکشی ملک اوربجرنگ پونیا کا رد عمل 
ونیش پھوگاٹ نے جب آج مایوسی کے درمیان کشتی سے اپنے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تو اس پر ان کے اُستاد اور چچا مہاویر پھوگاٹ کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ ونیش کو کشتی کی باریکی سکھانے والے مہاویر سنگھ پھوگاٹ نے کہا ہے کہ جب بھی وہ ملک واپس آئیں گی تو انہیں سمجھاؤں گا کہ ابھی اور کھیلنا ہے اور وہ اپنے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ بدل لیں۔ ہم ونیش کو دل چھوٹا نہ کرنے اور ابھی سے ہی۲۰۲۸ء اولمپک کی تیاری میں جٹ جانے کو کہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں کہ ونیش نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیوں لیا؟ اس پر مہاویر نے کہا کہ جو بھی کھلاڑی اس سطح تک پہنچ جاتا ہے اور جب اس طرح کے حالات بن جاتے ہیں تو وہ غصے میں اس طرح کے فیصلے لے لیتا ہے۔ 
ونیش پھوگاٹ کے ذریعہ سوشل میڈیا پر ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ان کے ساتھی پہلوان بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک نے بھی اس سلسلے میں اپنی بات کہی ہے۔ بجرنگ نے کہا کہ ’’آپ ہاری نہیں، آپ کو ہرایا گیا ہے۔ ‘‘ وہیں ساکشی ملک نے سوشل میڈیا `ایکس پر لکھا ہے ’’ونیش تم نہیں ہاری ہر بیٹی ہاری ہے جن کیلئے تم لڑی اور جیتی۔ یہ پورے ہندوستان کی ہار ہے۔ ملک تمہارے ساتھ ہے۔ کھلاڑی کے طور پر ان کے جذبے اور جدوجہد کو سلام۔ ‘‘
ہریانہ حکومت کا انعامات کا اعلان
ادھر ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی نے بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہریانہ حکومت ونیش پھوگاٹ کا خیرمقدم کرے گی۔ اس کے ساتھ انہیں وہ تمام سہولیات دی جائیں گی جو سلور میڈل جیتنے والے کو دی جاتی ہیں۔ ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے کہ ہماری بہادر بیٹی ہریانہ کی ونیش پھوگاٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اولمپکس کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ کچھ وجوہات کی بنا پر وہ اولمپک فائنل نہیں کھیل سکی لیکن وہ ہم سب کیلئے چمپئن ہیں۔ ہماری حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ونیش پھوگاٹ کا خیرمقدم کیا جائے گا اور تمغہ جیتنے والے کی طرح ان کا استقبال کیا جائے گا۔ ہریانہ حکومت اولمپک چاندی کا تمغہ جیتنے والے کو جو اعزازات، انعامات اور سہولیات دیتی ہے وہ بھی ونیش پھوگاٹ کو شکریہ کے ساتھ دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تم پر فخر ہے ونیش!

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK