لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں جرمن فٹبال کلب لیپزگ کو صفر۔۳؍ سے شکست دی۔ اینجل ڈی ماریا نے قابل تعریف کارکردگی کامظاہرہ
EPAPER
Updated: August 20, 2020, 12:28 PM IST | Agency
لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں جرمن فٹبال کلب لیپزگ کو صفر۔۳؍ سے شکست دی۔ اینجل ڈی ماریا نے قابل تعریف کارکردگی کامظاہرہ
پیرس سینٹ جرمین کی ٹیم پہلی مرتبہ یوئیفا چمپئن لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ فاتح فٹبال کلب کی ٹیم نے یکطرفہ مقابلے کے بعد آر بی لیپزگ کی ٹیم کو صفر۔۳؍ سے ہرا کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کر دیا۔ مارکنہوس، اینجل ڈی ماریا اور جان برناٹ نے ایک ایک گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری طرف آر بی لیپزگ کی ٹیم فاتح ٹیم کے سامنے بالکل بے بس نظر آئی اور میچ میں کوئی بھی گول اسکور نہ کر سکی۔
فاتح ٹیم کو کھیل کے پہلے ہاف پر آر بی لیپزگ کے خلاف صفر۔۲؍ کی برتری حاصل تھی۔ پہلے ہاف کے بعد بھی پیرس سینٹ جرمین کی ٹیم حریف ٹیم پر حاوی رہی۔ میچ کے ۵۶؍ ویں منٹ میں پیرس سینٹ جرمین کی ٹیم نے ایک اور گول کر کے مقابلہ صفر۔۳؍ کر دیا جو کھیل کے آخر تک برقرار رہا۔ پیرس سینٹ جرمین کی طرف سے پہلا گول مارکنہوس نے ۱۳؍ویں، دوسرا گول اینجل ڈی ماریا نے ۴۲؍ اور تیسرا گول جان برناٹ نے۵۶؍ ویں منٹ میں اسکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ لیگ کی ۲؍ فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل میچ ۲۳؍اگست کو کھیلا جائے گا۔
اس میچ میں اینجل ڈی ماریا نے بہترین فٹبال کھیلا۔ وہ ایک گول کرنے میں کامیاب رہے اور اس کے ساتھ ہی دو گول کرنے میں دیگر کھلاڑیوں کی معاونت کی۔ انہیں اس کارکردگی کیلئے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اینجل ڈی ماریا کے اسٹار کھلاڑی نیما ر نے بھی ایک گول کرنے میں معاونت کی ۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی بدولت پیرس سینٹ جرمین کلب نے کامیابی حاصل کی۔
میچ کے بعد ارجنٹائنا سے تعلق رکھنےو الے اسٹار کھلاڑی اینجل ڈی ماریا نے بتایا’’بہت خوشی ہورہی ہے کیونکہ ہم پہلی بار چمپئن لیگ کے فائنل میں پہنچے ہیں اور ہمارے پاس اسے جیتنے کا سنہرا موقع ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہاکہ ہم نے اس کیلئے بہت زیادہ محنت کی تھی اور لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ہمارے لئے حالات بہتر نہیں تھے۔ ڈی ماریا نے کہاکہ ہم کلب کیلئے تاریخ رقم کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمارے سامنے حریف بھی مضبوط ہے اور وہ بھی جیتنا چاہے گا۔ ۲۰۰۴ء میں فرانسیسی کلب موناکو نے چمپئن لیگ کے فائنل میں داخلہ حاصل کیا تھا اور اس کے بعد ۲۰۲۰ءمیں پیرس سینٹ جرمین فرانسیسی کلب نے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔