Inquilab Logo

پارتھیو کا سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

Updated: December 10, 2020, 11:43 AM IST | Agency | New Delhi

ٹیم انڈیا کے وکٹ کیپر بلےباز نے ٹویٹر کے ذریعہ اپنے ۱۸؍سالہ کرکٹ کریئر کا خاتمہ کیا

Parthiv Patel.Picture :INN
پارتھیو پٹیل ۔ تصویر:آئی این این

  بدھ کو سابق ہندوستانی وکٹ کیپر بلےباز پارتھیو پٹیل نے کرکٹ کے سبھی فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا  اعلان کیا۔ پارتھیو  پٹیل نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ پارتھیو نے ہندوستان کی جانب سے۲۵؍ ٹیسٹ،۳۸؍ ون ڈے اور ۲؍ ٹی ۲۰؍ میچ کھیلے ہیں۔  پارتھیو نے لکھا ’’ آج میں کرکٹ کے سبھی فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کررہا ہوں اور اسی کے ساتھ میرا۱۸؍ سال کا طویل کریئر ختم ہورہا ہے۔ میں کئی افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ بی سی سی آئی نے مجھ پر اعتماد ظاہر کیا اور۱۷؍ سال کے نوجوان کھلاڑی کو ٹیم انڈیا کے لئے کھیلنے کا موقع ملا ۔‘‘ ہندوستان کی جانب سے سب سےکم  عمر میں بطور وکٹ کیپر ٹیسٹ میں آغازکرنے والے پارتھیو نے اپنے پوسٹ میں بی سی سی آئی کے موجودہ صدر سورو گنگولی کا شکریہ ادا کیا۔  پٹیل نے گنگولی کی کپتانی میں کریئر آغاز کیا تھا۔ ۳۵؍ سالہ کھلاڑی نے لکھا’’ میں کاص طور پر دادا کا شکرگزار ہوں ۔ وہ میرے پہلے کپتان تھے۔ انہوں نے مجھ پر کافی اعتمادکیا۔ ان کے ساتھ کھیلنا میرے لئے خوش قسمتی کی بات تھی۔ ‘‘ پارتھیو نے آخری مرتبہ ہندوستان کے لئے ۲۰۱۸ء میں کھیلا تھا۔  پارتھیو نے۱۷؍برس۱۵۲؍دن کی عمر میں  انگلینڈ کے خلاف۲۰۰۲ء میں نوٹنگھم میں ٹیسٹ کرکٹ میں قدم رکھا تھا اور وہ ٹیسٹ میں  آغاز کرنے والے سب سے نوجوان وکٹ کیپر بن گئے تھے۔ ہندوستان میں مہندر سنگھ دھونی کے عروج کے بعد وہ دوسرے وکٹ کیپر کے کردار میں شامل ہوگئے تھے۔ ان کا آخری ٹیسٹ جنوری ۲۰۱۸ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف جوہانسبرگ میں تھا جو ہندوستان نے جیتا تھا ۔ ایک سال بعد وہ ہندوستان کی آسٹریلیائی ٹیم کے خلاف ایک ۔۲؍سے کامیابی حاصل کرنے والی   ٹیسٹ ٹیم کا حصہ تھے لیکن اس سیریز میں انہوں نے  ایک میچ  بھی نہیں کھیلا تھا۔ انہوں نے ٹیسٹ میں ۶؍ نصف سنچریوں کی مدد سے۹۳۴؍رن بنائے۔ اس دوران   ان  کا اوسط ۳۱ء۱۳؍ رہا۔ انہوں نے وکٹ کے پیچھے۶۲؍کیچ لئے اور۱۰؍ اسٹمپنگ بھی کی۔ پارتھیو نے ون ڈے کریئرمیں ۲۳ء۷۴؍کے اوسط اور۴؍ نصف سنچریوں کی مدد سے۷۳۶؍ رن بنائے۔ اس دوران انھوں نے ۳۰؍کیچ لئے اور ۹؍ اسٹمپنگ  کئے۔ پارتھیو نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور۱۹۴؍ فرسٹ کلاس میچوں میں۲۷؍ سنچریوں کی مدد سے۱۱۲۴۰؍ رن بنائے۔ ان کی کپتانی میں گجرات نے  ۱۷۔۲۰۱۶ء  میں رنجی خطاب جیتا تھا اور ساتھ ہی وجے ہزارے ٹرافی  بھی جیتی تھی۔  پارتھیو آئی پی ایل میں ۶؍ ٹیموں کی طرف سے کھیل چکے ہیں اور۱۳۹؍ میچوں میں۱۳؍نصف سنچری  بنائی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK