• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراکش عالمی درجہ بندی میں تاریخی ۵؍ویں مقام پر پہنچ گیا

Updated: November 20, 2026, 12:58 PM IST | Agency | Rabat

عالمی چیمپئن اسپین اول نمبر۔اس کامیابی کے ساتھ مراکش نے پرتگال اور برازیل جیسی مضبوط فٹ بال ٹیموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

افریقی ملک مراکش کی قومی فٹ بال ٹیم نے بین الاقوامی فٹ بال میں ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ فیفا کی تازہ ترین مردوں کی عالمی درجہ بندی میں مراکش دو درجے ترقی کرتے ہوئے پانچویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ یہ مراکش کی فٹ بال تاریخ میں اب تک کی بہترین عالمی پوزیشن ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ مراکش نے پرتگال اور برازیل جیسی مضبوط فٹ بال ٹیموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔فیفا کی جانب سے ۱۸؍نومبر ۲۰۲۶ءکو جاری کردہ تازہ درجہ بندی کے مطابق مراکش نے مجموعی طور پر ۱۸۰۹ء۳۷ ؍پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ اس سے قبل اکتوبر میں جاری ہونے والی درجہ بندی میں مراکش ساتویں مقام پر تھا۔ تازہ فہرست میں دو درجے کی ترقی کے بعد اس نے عالمی فٹ بال کی پانچ بہترین ٹیموں میں جگہ بنالی ہے۔یہ کامیابی اس لیے بھی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے کہ مردوں کی عالمی درجہ بندی کا آغاز ۱۹۹۳ءمیں ہوا تھا اور اس کے بعد پہلی مرتبہ مراکش نے پانچویں مقام تک رسائی کی ہے۔ اس طرح مراکش نہ صرف افریقہ بلکہ عرب دنیا میں بھی اپنی فٹ بال کی طاقت کا ایک نیا ثبوت پیش کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: سید مشتاق علی ٹرافی: چھتیس گڑھ، راجستھان اور بہار کی فتح

فیفا کی تازہ عالمی درجہ بندی میں اسپین نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ اسپین کے مجموعی پوائنٹس ۲۰۰۴ء۴۸؍ہیں۔ ارجنٹائنا ۱۹۶۶ء۱۳؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، فرانس ۱۹۵۰ء۸۲؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور انگلینڈ ۱۹۳۸ء۹۰؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر موجود ہے۔مراکش ۱۸۰۹ء۳۷؍ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پر پہنچ گیا ہے جبکہ پرتگال ۱۸۰۱ء۲۸ ؍پوائنٹس کے ساتھ چھٹے اور برازیل ۱۸۰۰ء۹۱؍پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر آگیا ہے۔ بلجیم  آٹھویں، نیدرلینڈز ۹؍ویں اور کولمبیا دسویں مقام پر موجود ہیں۔ کولمبیا نے بھی ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے ٹاپ ۱۰؍ میں واپسی کی ہے، جبکہ میکسیکو تین درجے تنزلی کے بعد ۱۳ویں مقام پر چلا گیا ہے۔مراکش کی اس کامیابی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ وہ فیفا کی مردوں کی عالمی درجہ بندی میں ٹاپ پانچ میں جگہ بنانے والا پہلا عرب ملک بن گیا ہے۔افریقی فٹ بال کی تاریخ میں اس سے قبل نائیجیریا نے اپریل ۱۹۹۴ءمیں پانچویں مقام تک رسائی کی تھی۔ اب ۳۲ ؍ برس بعد مراکش نے بھی اس تاریخی کلب میں جگہ بنالی ہے۔اس طرح مراکش افریقہ کا دوسرا ملک بن گیا ہے جس نے فیفا کی عالمی درجہ بندی میں پانچویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ کامیابی پورے افریقی فٹ بال کے لیے بھی ایک اہم سنگ میل سمجھی جارہی ہے۔مراکش کی عالمی درجہ بندی میں ترقی کے پیچھے نومبر کے بین الاقوامی میچوں میں اس کی شاندار کارکردگی اہم رہی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK