Inquilab Logo

پال پوگبا مانچسٹر یونائٹیڈ چھوڑ دیںگے

Updated: June 03, 2022, 12:16 PM IST | Agency | London

اس ماہ کے اخیر میں معاہدہ ختم ہونے پر فرانسیسی کھلاڑی کلب کو الوداع کہیںگے

Paul Pogba.Picture:INN
پال پوگبا۔ تصویر: آئی این این

اس مہینے کے آخر میں فٹبال کھلاڑی پال پوگبا اپنا معاہدہ ختم ہونے پر مانچسٹر یونائٹیڈ کو الوداع کہہ دیں گے۔پال پوگبا کے مانچسٹر یونائٹیڈ چھوڑنے کی جانکاری کلب نے دی۔ کلب نے اپنے بیان میں کہا کہ یہاں ہر کوئی پال کو ان کے کامیاب کریئر اور مانچسٹر یونائٹیڈ میں ان کی خدمات کےلئے مبارکباد دینا چاہتا ہے۔ہم ان کے آئندہ کے پروگرام کےلئے نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ پال پوگبا نے مانچسٹر یونائٹیڈ کےلئے۲۳۳؍میچ کھیلے ہیں جن میں انہوں نے ۳۹؍گول کئےہیں۔یاد رہے کہ پال پوگبا پہلی بار ۲۰۰۹ء میں فرینچ کلب لے ہاورے سے علاحدہ ہوکر مانچسٹر یونائٹیڈ میں شامل ہوئے تھے۔۲۹؍سال کھلاڑی۲۰۱۸ء میں عالمی کپ جیتنے والی فرانس کی ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں۔۱۶؍سال کی عمر میں لے ہاروے کلب چھوڑکر پال پوگبا مان یو میں شامل ہوئے تھے۔اس کے بعد وہ ۲۰۱۲ء میں یووینٹس کلب میں شامل ہوگئے تھے حالانکہ ۴؍سال بعد انہیں ریکارڈ ۱۰۵؍ملین ڈالر میں دوبارہ مانچسٹر یونائٹیڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ فرانسیسی فٹبال کھلاڑی کےلئے آخری پریمیر لیگ سیزن مایوس کن ثابت ہوا جہاں انہوں نے صرف ۲۰؍میچوں میں شرکت کی تھی۔پال پوگبا نے ۶؍سال قبل مانچسٹر یونائٹیڈ میں دوبارہ شامل ہونے کے بعد سےای اے ایف ایل کپ اور یوروپا لیگ کا خطاب جیتا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کامیابی جوزے مورنہو کی تربیت کے دوران ان کے پہلے سیزن میں ملی تھیں۔ کوچ مورنہو کے ساتھ اختلافات کے سبب انہیں ٹیم کی نائب کپتانی سے ہاتھ دھونا پڑا تھا۔ اس دوران انہوںنے ۱۵۷؍پریمیرمیچوں میں۲۹؍گول کئے جبکہ ۳۸؍گول کرنے میں ٹیم کی مدد کی۔ مانچسٹر یونائٹیڈ چھوڑنے کے بعد قیاس کیا جا رہا ہے کہ وہ ریئل میڈرڈ یا پھر پرانے کلب یووینٹس میں شامل ہوسکتے ہیں۔پال پوگبا نے کلب چھوڑنے کے تعلق سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’مجھے اس کلب کےلئے کھیلنے پر فخر ہے۔میں یہاں سے ڈھیر ساری یادوں اور لمحات کو اپنے ساتھ لے جا رہا ہوں۔ان سب سے اہم مجھے مانچسٹر یونائٹیڈ کےلئے کھیلتے ہوئے مداحوں سے جو پیار اور حوصلہ ملا وہ ناقابل فراموش ہے۔میں مین یو کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ کلب کے ساتھ میں نے طویل وقت گزارا ہے اور اس دوران کچھ اتار چڑھاؤ کا بھی سامنا کرنا پڑا  جو کہ ہر کھلاڑی کی زندگی میں پیش آتے ہیں۔ان سب باتوں کے باوجود میں یہی کہوں گا کہ میں نے مانچسٹر یونائٹیڈ میں اچھا وقت گزارا ہے اور اس کےلئے میں سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK