ایک طالب علم کے مطابق کرسیاںٹوٹی ہوئی ہیں ، اے سی کاپانی ٹیبلوں اور طلبہ کی کتابوں پر گرتاہے۔بارہا شکایت کے باجود کوئی حل نہیں نکالا گیا ۔میونسپل انتظامیہ کی دیگر متعلقہ محکموں کو کارروائی کی ہدایت
پونم گارڈن علاقے میں واقع میونسپل لائبریری میں طلبہ نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این
یہاں پونم گارڈن علاقے میں واقع میونسپل لائبریری میں کافی وقت سے بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ لائبریری میں بڑی تعدادمیں طلبہ پڑھائی کیلئے آتے ہیں لیکن سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ کی پڑھائی میں خلل پڑ رہاہے، ساتھ ہی طلبہ کو کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود کوئی حل نکالا گیا ہے اور نہ ہی انتظامیہ کی جانب سے کوئی جواب آیا ۔
اس ضمن میں ایک طالب علم پرتھوی راج نے بتایا کہ وہ یہاں محض دو دن پڑھائی کیلئے آتے ہیں ، پھر بھی کئی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوںنے مزید بتایا کہ کرسیاںٹوٹی ہوئی ہیں ، اے سی کاپانی ٹیبلوں اور طلبہ کی کتابوں پر گرتاہےاور دن بھر اگر طلبہ ان چیزوںکا خیال کرتے رہیں تو پڑھائی پرتوجہ کیسے دے پائیں گے۔ انہوںنے یہ بھی کہا کہ کرسیاں بالکل بھی اس طرح کی نہیں ہیں کہ ان پر لمبے وقت تک بیٹھ کر پڑھائی کی جاسکے، ان مسائل سے متعلق انہوں نے انتظامیہ کو کئی بار ای میل کئے، متعدد بار میونسپل کمشنر اور میونسپل انتظامیہ میں متعلقہ حکام تک بھی اطلاع پہنچائی لیکن کوئی بھی حل نہیں نکالاگیا ۔ اب تک کسی افسر نے کوئی دورہ بھی نہیں کیا۔ لائبریری میںسی اے اور لاء جیسے کئی امتحانات کی تیاریاںکرنےوالے طلبہ مسلسل آتے ہیں جنہیں دن بھر بیٹھ کر یکسوئی کے ساتھ پڑھائی کرنی ہوتی ہے لیکن اس طرح کے بنیادی مسائل سے انہیں گزرنا پڑ رہا ہے۔ اس لائبریری کا شمار شہر کی معروف ترین لائبریریوںمیںہوتا ہے ۔یہاںتک کہ انٹرنیٹ پر اس لائبریری سے متعلق طرح طرح کی سہولیات کا دعویٰ کیا جاتا ہے لیکن طلبہ کے مطابق یہاں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔
ایک مقامی نوجوان سماجی کارکن کرن پوار نے اپنے کچھ ساتھیوں کے ساتھ مل کر لائبریری کا دورہ کیا اور طلبہ کی دشواریوں پر ان سے بات چیت کی۔ کرن نے انقلاب کو بتایاکہ جب وہ وہاں گئے تو معلوم ہوا کہ کئی کرسیوں کے پیچھے کا حصہ پوری طرح سے غائب ہے اور کئی ٹیبلوں پر پلاسٹک کی کرسیاں ہیں۔ کرن نے کہا کہ طلبہ اپنے گھروں سے نکل کر لائبریری آتے ہیں تاکہ یکسوئی کے ساتھ بغیر کسی پریشانی کے پڑھائی کر سکیں لیکن یہاں آکر طلبہ کو مزید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ میونسپل انتظامیہ کو چاہئے کہ طلبہ کی شکایات کو نظر انداز کرنے کے بجائے یہاں کا دورہ کرے اور ان مسائل کو حل کرے۔
سماجی کارکنان نے اس معاملے سےمتعلق ایڈیشنل میونسپل کمشنر سے ملاقات کی اور انہیں ایک میمورنڈم سونپا ۔
کارکنان کے مطابق میونسپل انتظامیہ کے ذریعے یہ یقین دہانی تو کرائی گئی ہے کہ جلدہی ان مسائل کا حل نکالا جائے گا لیکن حالات اب بھی جوں کے توں ہیں جبکہ انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکموں کو خط بھیج کر ان مسائل پر جلد ہی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ طلبہ نے ان مسائل کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا ہےجس کے کمنٹس میں کئی طلبہ دیگر میونسپل لائبریریوں سے متعلق بھی اسی طرح کی شکایات کرتے نظر آرہے ہیں۔