عرب جماعتوں کی حمایت سے اپوزیشن نے تحقیقاتی بل کے حق میں ۶۵؍جبکہ مخالفت میں ۵۰؍ اراکین نے ووٹ دیئے، عہدے کی مدت محدود کرنے کی تجویز۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 2:37 PM IST | Agency | Tel Aviv
عرب جماعتوں کی حمایت سے اپوزیشن نے تحقیقاتی بل کے حق میں ۶۵؍جبکہ مخالفت میں ۵۰؍ اراکین نے ووٹ دیئے، عہدے کی مدت محدود کرنے کی تجویز۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کے حملے اور اس روز ہونے والی سیکوریٹی ناکامیوں کی آزادانہ تحقیقات کے مخالف ہیں اور چاہتے ہیں کہ تحقیقاتی کمیشن حکومت کے ماتحت کام کرے، تاہم ان کی مخالفت کے باوجود اسرائیلی پارلیمنٹ نے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کے لیے قانون سازی کی ابتدائی منظوری دے دی ہے۔ پارلیمنٹ میں بل کے حق میں ۶۵ ؍اور مخالفت میں ۵۰ ؍اراکین نے ووٹ دیا۔ یہودی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے ساتھ عرب اقلیت کی نمائندہ جماعتوں نے بھی بل کی حمایت کی ۔ اس قانون سازی کے ذریعے ۷؍ اکتوبر کے حملے اور اس دن پیش آنے والی سیکوریٹی ناکامیوں کی تحقیقات کے لیے آزادانہ کمیشن کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تاہم بل کو قانون کی شکل اختیار کرنے کے لیے پارلیمنٹ کے مزید تین مراحل سے گزرنا ہوگا۔ یاہو کی مخالفت کی وجہ سے اس معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اختلافات نمایاں ہوگئے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں واقعے کی مکمل تحقیقات، سیکوریٹی ناکامیوں کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین چاہتی ہیں، جبکہ وزیر اعظم کا موقف ہے کہ تحقیقاتی کمیشن حکومت کے ماتحت کام کرے۔
اسرائیلی پارلیمنٹ نے اس کے علاوہ وزیر اعظم کی مدتِ عہدہ محدود کرنے اور فوجداری مقدمات کا سامنا کرنے والے وزیر اعظم کو عہدے پر برقرار رہنے سے روکنے کے بلوں کی بھی ابتدائی منظوری دے دی ہے۔ ان تجاویز کے ذریعے وزارت عظمیٰ کے عہدے سے متعلق قانونی پابندیاں متعین کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔نیتن یاہو گزشتہ ماہ انتخابات میں پارلیمانی اکثریت کھونے کے بعد عبوری وزیر اعظم کی حیثیت سے کام کررہے ہیں۔ ایسے میں ان کی مخالفت کے باوجود آزادانہ تحقیقات کے بل کی منظوری اور دیگر قانونی تجاویز کی پیش رفت نے اسرائیلی سیاست میں اس معاملے کو مزید اہمیت دے دی ہے۔دریں اثنا، امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے آکسفیم کی نئی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل کو امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آرکٹک اور انٹارکٹکا دونوں قطبین پر گرم پانی سمندری برف کو نیچے سے پگھلا رہا ہے
ان کا کہنا ہے کہ تین سال سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے غزہ کو ’’زہریلے بنجر علاقے‘‘ میں تبدیل کردیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سینڈرز نے کہا کہ غزہ میں صفائی اور نکاسی آب کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے، جبکہ ۶ ؍کروڑ ۱۰ ؍لاکھ ٹن سے زائد ملبے نے علاقے کو انتہائی آلودہ اور زہریلا بنا دیا ہے۔ انہوں نے موجودہ ماحولیاتی اور انسانی صورت حال کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کو اسرائیل کو فوجی امداد فراہم کرنے کے بجائے غزہ کے عوام کی بحالی اور تعمیر نو کی کوششوں میں مدد دینی چاہیے۔ آکسفیم نے تنازعات اور ماحولیات پر کام کرنے والے ادارے ’’کانفلکٹ اینڈ انوائرمنٹ آبزرویٹری‘‘ کے اشتراک سے یہ رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق غزہ کے ۹۹ ؍فیصد سے زیادہ علاقے میں ممکنہ زہریلی آلودگی پائی گئی ہے، جس سے ہوا، مٹی، پانی اور خوراک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ صفائی کے نظام کی تباہی اور ۶ ؍کروڑ ۱۰ ؍ لاکھ ٹن سے زائد ملبے کی موجودگی کے سنگین ماحولیاتی نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ اس صورت حال کو ممکنہ ماحولیاتی جنگی جرائم کے تناظر میں بھی دیکھا گیا ہے، جبکہ غزہ میں انسانی بقا کو خطرات لاحق ہیں۔
اسرائیلی حملوں میں ۱۱ ؍فلسطینی شہید
جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی بمباری اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ غزہ کے مختلف علاقوں میں فضائی حملوں، ڈرون بمباری اور توپ خانے کی گولہ باری میں دو کمسن بچیوں اور ایک خاتون سمیت ۱۱ ؍فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں غزہ کی وزارت تعلیم و اعلیٰ تعلیم کے سیکرٹری ڈاکٹر خالد محمود ابو ندا اور ان کی اہلیہ عبیر ابو ندا بھی شامل ہیں۔ حملے میں ۶؍ دیگر افراد زخمی ہوئے، جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔ دوسری جانب غزہ شہر کے شاطی پناہ گزین کیمپ میں ایک رہائشی فلیٹ پر اسرائیلی بمباری سے ابو العوف خاندان کے چار افرادشہید ہوگئے۔ جبالیہ میں حلاوہ کیمپ میں بے گھر افراد کے خیمے پر حملے میں ۳۲ ؍سالہ حازم مجدی محمد حمودہ جاں بحق ہوگئے، جبکہ غزہ شہر کے التوام علاقے میں ایک خیمے پر ڈرون حملے میں دو بھائی اسامہ اور محمد علی جودہ شہید ہوئے۔
امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے آکس فیم کی نئی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل کو امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تین سال سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں نے غزہ کو ’’زہریلے بنجر علاقے‘‘ میں تبدیل کردیا ہے۔سینڈرز نے کہا کہ غزہ میں صفائی اور نکاسی آب کا بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے، جبکہ ۶ ؍کروڑ ۱۰ ؍لاکھ ٹن سے زائد ملبے نے علاقے کو انتہائی آلودہ اور زہریلا بنا دیا ہے۔