Inquilab Logo

پولارڈ ٹیسٹ کھیلے بغیرسب سے زیادہ یک روزہ اور ٹی ۔۲۰؍کھیلنے والے دوسرے کھلاڑی

Updated: April 22, 2022, 11:03 AM IST | Agency | Mumbai

ویسٹ انڈیز کے یک روزہ اور ٹی ۔۲۰؍کے عالمی کپتان کیرون پولارڈ نے بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

Kieron Pollard.Picture:INN
کیرون پولارڈ۔ تصویر: آئی این این

ویسٹ انڈیز کے  یک روزہ  اور ٹی ۔۲۰؍کے عالمی کپتان کیرون پولارڈ نے  بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوش ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کے بین الاقوامی کرئیر پر ایک نظر: اپنے ۱۵؍سالہ بین الاقوامی کرئیر میں پولارڈ نے کل ۲۲۴؍میچ کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے بغیر بین الاقوامی سطح پر پولارڈ سب سے زیادہ یک روزہ اور ٹی ۲۰؍کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ مجموعی طورپر ۲۳۸؍یک روزہ اور  ٹی ۔۲۰؍بین الاقوامی میچوں کے ساتھ صرف ڈیوڈ ملر ہی پولارڈ سے آگے ہیں۔ پولارڈ نے ۱۰۱؍ٹی۔۲۰؍میچوں میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کی۔ وہ اس فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کے لئے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔  اسی طرح پولارڈ ایسے اکلوتے مرد کھلاڑی ہیں جو ۱۰۰؍سے زیادہ ٹی ۔۲۰؍بین الاقوامی میچ کھیلنے کے بعد بھی ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے۔ ٹی 20 بین الاقوامی میچ کے ایک اوور میں۶؍ چھکے لگانے والے پولارڈ دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ ۲۰۰۷ءمیں سری لنکا  کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انہوں نے اکلا دھننجے کے ایک اوور میں ۶؍ بار گیند کو باؤنڈری لائن سے باہر بھیجا تھا۔۲۰۰۷ءمیں اسٹوارٹ براڈ کے خلاف یوراج سنگھ نے پہلی بار یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔یک روزہ کرکٹ میں پولارڈ نے اوسطًا ہر پاری میں ۲ء۱؍چھکے لگائے ہیں۔ یہ کم ازکم ۱۰۰؍چھکے لگانے والے بلے بازوں میں سب سے بہتر  ریکارڈ ہے۔ غور کیا جائے تو یک روزہ میچوں میں پولارڈ ۲۳ء۲۱؍گیندوں پر ایک چھکا لگاتے ہیں جو اس معاملہ میں انہیں شاہد آفریدی کے بعد دوسرے مقام پر رکھتا ہے۔یک روزہ میچوں میں پولارڈ نے ۱۳۵؍ چھکے لگائے۔ یہ اس فارمیٹ میں ویسٹ انڈیز کے لئے کسی کھلاڑی کے ذریعہ لگائے  گئے دوسرے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ ۲۹۸؍میچوں کے اپنے کریئر میں ۳۳۰؍ چھکوں کے ساتھ صرف کرس گیل ان سے آگے ہیں۔ پولارڈ ان ۳؍ کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ٹی ۔۲۰؍بین الاقوامی کریئر میں چوکے سے زیاد ہ چھکے لگائے(کم سے کم ۵۰؍ چھکے لگانے والے کھلای)۔ ۱۰۱؍میچ کے اپنے کریئر میں انہوں نے ۹۹؍چھکے لگائے جو ان کے ۹۴؍چوکوں سے ۵؍ زیادہ ہیں۔ آندرے رسل نے ۶۲؍چھکے لگائے جبکہ انہوں نے صرف ۴۲؍چوکے لگائے۔ایون لویس نے ۱۰۶؍چوکوں کے مقابلے میں ۱۱۰؍چھکے لگائے ہیں۔ ٹی ۔۲۰؍بین الاقوامی میچوں میں پولارڈ نے ۹۹؍چھکے لگائے۔ اس فارمیٹ میں یہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے لگائے جانے والے تیسرے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔ بالترتیب ۱۲۴؍اور ۱۱۰؍چھکوں کے ساتھ گیل اور لویس اس معاملے میں پولارڈ سے آگے ہیں۔ تمام ٹی ۔۲۰؍بین الاقوامی میچوں کی بات کی جائے تو صرف ۷؍مرد بلے بازوں نے پولارڈ سے زیادہ چھکے لگائے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK