• Fri, 31 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اب ساری توجہ میڈل جیتنے پر مرکوز ہے

Updated: April 17, 2020, 4:00 AM IST | Anil Bhardwaj | Mumbai

ہندوستانی مکے باز پوجا بوہرا کا کہنا ہےکہ اولمپک کھیلوں کے ملتوی ہونے سے کھلاڑیوں کو اپنی تیاریاں مزید بہتر کرنے کا موقع مل گیا ہے

Pooja Bohra - Pic : INN
پوجا بوہرا ۔ تصویر : آئی این این

کچھ وقت پہلے تک جن کے پنچ سے رِنگ میں مخالف مکے باز گھبراتے تھے آج وہ ہی کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں میں رہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔لاک ڈاؤن میں ملنے والے وقت کو کھلاڑی اپنی سہولت کے مطابق منظم طریقے سے خود کو فٹ رکھنے میں گزار رہے ہیں۔کوئی مزدوروں کی مدد کر  رہا ہےتو کوئی پریکٹس کے ساتھ ساتھ اپنے اہل خانہ کو بھی کھیل میں شامل کر رہا ہے۔یہاں ہم ایک ایسے مکے باز کی بات کر رہے ہیں جنہوںنے اردن میں گزشتہ ماہ ٹوکیو اولمپک کا ٹکٹ حاصل کیا تھا لیکن ان دنوں کیرم  کےکھیل میں اپنے مخالفین کو شکست دے رہی ہیں۔لاک ڈاؤن کے دوران گزر رہے دنوں کے تعلق سے انقلاب نے خاتون مکے باز پوجا بوہرا سے بات چیت کی جو اس طرح ہے۔
لاک ڈاؤن میں وقت کیسے گزر رہا ہے؟
 ہمارے سینئر کوچ نے پہلے ہی پورے ہفتے کےلئے پریکٹس کرنے کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔ جب لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا تو یہ طے ہوگیا تھا کہ کھلاڑیوں کو گھر جانا ہوگا۔کوچ کے ذریعے دئیے جانے والے پروگرام کے حساب سے روزانہ پریکٹس کر رہی ہوں۔میں روزانہ ۳؍گھنٹوں تک مشق کرتی ہوں۔یہ بات صحیح ہے کہ تربیتی کیمپ جیسی سہولت گھر میں نہیں ہوتی لیکن ایسے حالات میں ایڈجسٹ کرنا ہی پڑتا ہے۔پریکٹس کے علاوہ میں اپنی بہن اور ان کے بچوں کے ساتھ کیرم کھلتی ہوں جس کی وجہ سے دن گزر جاتا ہے۔کبھی بچوں کے ساتھ مقابلہ ہوتا ہے تو کبھی بہن کے ساتھ۔لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد گھر والوں کے ساتھ گزارا گیا وقت بہت یاد آئے گا۔
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ٹوکیو اولمپک ملتوی کرنا پڑا یہ فیصلہ آپ کے کھیل پر کتنا اثر انداز ہوگا؟
 دیکھئے،کورونا وائرس کی وبا پوری دنیا پر چھائی ہے۔اس وقت لوگوں کی جان بچانا اولین ترجیح ہے جس کی وجہ سے اولمپک کھیلوں کو ملتوی کیا گیا۔جس طرح سے کھلاڑی گھروں میں بند ہے اس لحاظ سے بھی دیکھا جائے تو اولمپک کھیلوں کو ملتوی کیا جانا صحیح فیصلہ ہے کیونکہ اب ۴۰؍دن گھروں میں رہنے کے بعد پہلے کی طرح فارم حاصل کرنے میں وقت درکار ہوگا۔اس کے لئے کم از کم۲؍سے ۳؍ماہ کا وقت چاہئے۔اگر اولمپک مقرر وقت پر ہوتا تو ایسے میں کھلاڑیوں کو ہی نقصان ہوتا۔ اب دوبارہ ہمارے پاس اچھی تیاری کرنے کا وقت رہےگا۔ میرے پاس اولمپک ٹکٹ ہے اور اب صرف میڈل جیتنے پر ہی ساری توجہ مرکوز کر سکتی ہوں۔
برسوں بعد اتنے طویل عرصہ تک گھر میں رہنے کا موقع ملا ہوگا؟
 صحیح کہا آپ نے۔بہت اچھا لگ رہا ہے کیوںکہ پہلے گھر میں رہنے کا بہت کم موقع مل پاتا تھا۔یہی وجہ تھی کہ گھر میں بنا ہوا کھانا نہیں کھا پاتی تھی۔اب گھر کا بنا ہوا کھانا کھا رہی ہوں۔گھر میں اپنی پسند کا کھانا بنوا رہی ہوں۔
وہ کون سا کھانا ہے جو آپ کھانا پسند کرتی ہیں؟
 گھر کا بنا ہوا سبھی کھانا اچھا لگتا ہے لیکن جہاں تک میری پسند کا سوال ہے تو میں کھیر اور پوری کھانا پسند کرتی ہوں اور اکثر ماں سے بنانے کی فرمائش کرتی ہوں۔لگاتار پریکٹس اور تربیتی کیمپوں میں شرکت کی وجہ سے من پسند کھانوں سے محروم رہتی تھی۔
خود بھی کچھ بناکر گھر والوں کو کھلارہی ہیں؟
 مجھے بہت کم کھانا بنانا آتا ہے لیکن بریڈ رول بنا لیتی ہوں جسے گھر والے پسند بھی کرتے ہیں۔ ماں سے دیگر ڈش بنانا سیکھ رہی ہوں تاکہ تربیتی کیمپ کے دوران خود بنا سکوں۔
کھلاڑی کورونا کے خلاف لڑائی میں اچھی خاصی رقم عطیہ کر رہے ہیں اور آپ؟
 میں نے اور میرے والد نے بھی پیسے ریلیف فنڈ میں دئیے ہیں۔آپ نے پوچھ لیا اس لئے بتا رہی ہوں لیکن اس طرح کی مدد کے تعلق سے میں کسی کو بتانا پسند نہیں کرتی۔پریشانی کے اس دور میں سبھی کو چائے کہ وہ دوسروں کی جس طرح ہوسکے مدد کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK