نیوزی لینڈ کیخلاف یکروزہ سیریز میں پوری طرح فٹ نہ ہونے کی وجہ سے پرسدھ نہیں کھیلیںگے، جموں کشمیر کے گیند بازکوشامل کیا جا سکتا ہے۔
EPAPER
Updated: October 30, 2026, 12:38 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
نیوزی لینڈ کیخلاف یکروزہ سیریز میں پوری طرح فٹ نہ ہونے کی وجہ سے پرسدھ نہیں کھیلیںگے، جموں کشمیر کے گیند بازکوشامل کیا جا سکتا ہے۔
ہندوستانی تیز گیند باز پرسدھ کرشنا ۴؍ نومبر سے نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ۵؍ میچوں کی یکروزہ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔پرسدھ ہیمسٹرنگ کی چوٹ سے پوری طرح صحتیاب نہیں ہو سکے ہیں اور فی الحال بنگلور واقع سینٹر آف ایکسیلنس (سی او ای) میں ری ہیب سے گزر رہے ہیں۔ امکان ہے کہ ون ڈے سیریز میں پرسدھ کی جگہ جموں کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی کو شامل کیا جاسکتا ہے، جو ابھی نیوزی لینڈ کے دورے پر انڈیا ’اے‘ ٹیم کا حصہ ہیں۔
۳۰؍ سالہ پرسدھ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف گوہاٹی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے کے دوران چوٹ لگی تھی۔ اس میچ میں انہوں نے ۵؍ اوور ہی گیند بازی کی تھی اور اپنا پورا اسپیل بھی نہیں کر پائے تھے۔ بی سی سی آئی نے کہا کہ پرسدھ صحتیابی کے عمل سے گزر رہے ہیں اور ان کا فٹنس ٹیسٹ اور میچ سمولیشن سی او ای میں ایک اور ۲؍ نومبر کو کیا جانا ہے۔ ایسے میں سلیکٹرز اور ٹیم مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ پرسدھ کا ٹیسٹ سیریز کے لئے فٹ ہونا ضروری ہے، جہاں ٹیم کو ان کی ضرورت ون ڈے سیریز سے زیادہ ہے۔ بھلے ہی اسپورٹس سائنس ٹیم انہیں فٹ مان لے اور وہ آکلینڈ چلے بھی جائیں تو بھی لمبی پرواز کے بعد انہیں فوری طور پر ون ڈے ٹیم میں شامل کرنے کی جلدی نہیں کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: فلیٹ ووڈ ٹاؤن نے آرسنل کو شکست دے کر تاریخ رقم کردی
پرسدھ نے پچھلے سال انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز ڈرا کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور اوول میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ اگرچہ ۹؍ٹیسٹ میچوں میں ان کے ۳۲؍ وکٹیں ان کے تعاون کو پوری طرح پیش نہیں کرتیں لیکن ریڈ بال کرکٹ میں اہم مواقع پر جادوئی گیندیں پھینکنے کی ان کی صلاحیت کو ٹیم مینجمنٹ کافی اہمیت دیتا ہے۔
جموں کشمیر کے تیز گیند باز عاقب نبی نے لنکن میں انڈیا’ اے‘ اور نیوزی لینڈ ’اے ‘کے درمیان پہلے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ میں متاثر کیا تھا۔ نیوزی لینڈ’ اے‘ کی دوسری اننگز میں ان کے ۳؍ وکٹ اور بہترین سیم موومنٹ نے وہاں موجود سلیکٹرز پرگیان اوجھا اور اجے راترا کو کافی متاثر کیا۔ یکروزہ سیریز کیلئے ہندوستان کا گیند بازی حملہ کافی حد تک تجربہ کار نہیں ہوگا۔ اگر عرشدیپ سنگھ، انشول کمبوج اور عاقب نبی کو باضابطہ طور پر ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے، تو ان تینوں کے پاس ملا کر کُل۲۰؍ میچوں (۱۸+۱+۱) کا تجربہ ہوگا۔ ان میں سے صرف محمد سراج نے ہی ۵۰؍ سے زیادہ ون ڈے میچ کھیلے ہیں۔ جسپریت بمراہ کو ون ڈے سیریز سے آرام دیا گیا ہے کیونکہ ٹیم مینجمنٹ چاہتی ہے کہ وہ ٹیسٹ میچوں پر پوری توجہ دیں۔
شبھ من گل نے پریکٹس کی
ہندوستانی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھ من گل نیوزی لینڈ کے خلاف۴ ؍نومبر سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کی تیاریوں میں لگ گئے ہیں۔ آکلینڈ میں ٹی۔۲۰؍ ٹیم سے جڑنے کے بعد گل نے نیٹ پر پریکٹس کی۔ انہوں نے نیٹ پر بلے بازی کی تیاری کرنے سے پہلے بیٹنگ کوچ ستانشوکوٹک سے بات چیت بھی کی۔ گل کے علاوہ وکٹ کیپر بلے باز کے ایل راہل اور تیز گیند باز گُرنور برار بھی ہندوستانی ٹیم سے جڑ گئے ہیں۔