Inquilab Logo

احمد آباد میں پنجاب کنگز کی گجرات ٹائٹنس پر فتح

Updated: April 05, 2024, 3:26 PM IST | Ahmedabad

ششانک سنگھ کے ناٹ آؤٹ۶۱؍ رن اور آشوتوش شرما۳۱؍ رن نے آخری اوورس میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے پنجاب کنگز کو آئی پی ایل میں ایک گیند باقی رہتے ۳؍ وکٹ سے گجرات ٹائٹنس پر جیت دلا دی

Punjab Kings` Shashank Singh. Photo:PTI
پنجاب کے بلے باز ششانک۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

ششانک سنگھ کے ناٹ آؤٹ۶۱؍ رن اور آشوتوش شرما۳۱؍ رن نے آخری اوورس میں شاندار بلے بازی کرتے ہوئے جمعرات کو پنجاب کنگز کو انڈین پریمیرلیگ (آئی پی ایل) کے۱۷؍ویں میچ میں ایک گیند باقی رہتے ۳؍ وکٹ سے گجرات ٹائٹنس پر جیت دلا دی۔   یہ پنجاب کی۴؍ میچوں میں دوسری جیت ہے۔
۲۰۰؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے آئی پنجاب کنگز کی ٹیم کا آغاز خراب رہا۔ اُمیش یادو نے دوسرے ہی اوور میں کپتان شکھر دھون کو ایک رن پر آؤٹ کر کے پنجاب کو پہلا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد چھٹے اوور میں جونی بیریسٹو۱۳؍ گیندوں پر ۴؍ چوکوں کی مدد سے۲۲؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ وہ نور احمد کے ہاتھوں بولڈ آؤٹ ہوئے۔
 پربھسمرن سنگھ نے۲۴؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۵؍ رن بنائے۔ سیم کیورن  ۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، سکندر رضا۱۵؍ رن بنانے کے بعد اور جیتیش شرما۱۶؍  رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ششانک سنگھ نے۲۹؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۶۱؍ رن بنائے اور آشوتوش شرما نے۱۷؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۳۱؍ رن بنائے۔ ہرپریت برار ایک رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پنجاب نے۱۹ء۵؍ اوور میں ۷؍ وکٹ پر۲۰۰؍ رن بنائے اور میچ ۳؍ وکٹ سے جیت لیا۔گجرات ٹائٹنس کی جانب سے نور احمد نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ عظمت اللہ عمرزئی، اُمیش یادو، راشد خان، درشن نالکنڈے اور موہت شرما نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
 اس سے قبل شبھمن گل کی ناٹ آؤٹ کپتان کی ۸۹؍ رن کی اننگز کی بدولت گجرات ٹائٹنس نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے ۱۷؍ویں میچ میں جمعرات کو پنجاب کنگز کو جیتنے کیلئے ۲۰۰؍ رن کا ہدف دیا۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں جمعرات کو پنجاب کنگز کے کپتان شکھر دھون نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے  آنے والی گجرات کی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں تھی اور تیسرے اوور میں ہی ۱۱؍رن پر اوپنر ردھیمان ساہا کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد کین ولیمسن۲۶؍ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سائی سدرشن نے۱۹؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے۳۳؍ رن بنائے۔ وجے شنکر ۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ شبھمن گل نے۴۸؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۸۹؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ وہیں راہل تیوتیا ۸؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۲۳؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ گجرات کی ٹیم نے مقررہ ۲۰؍ اوورس میں ۴؍ وکٹوں پر۱۹۹؍ رن بنائے۔ پنجاب کنگز کی جانب سے کگیسو ربادا نے ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ ہرپریت برار اور ہرشل پٹیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK