Inquilab Logo

پی وی سندھو اور ایچ ایس پرنئے ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریںگے

Updated: April 21, 2023, 2:07 PM IST | New Delhi

دنیا کے نویں نمبر کے کھلاڑی ایچ ایس پرنئے اور ۲؍ بار کی اولمپک تمغہ فاتح پی وی سندھو ۱۴؍سے ۲۱؍مئی تک چین کے سوزو میں ہونے والے سدیرمن کپ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

Indian badminton player PV Sindhu
ہندوستانی بیڈ منٹن کھلاڑی پی وی سندھو

دنیا کے نویں نمبر کے کھلاڑی ایچ ایس پرنئے اور ۲؍ بار کی اولمپک تمغہ  فاتح پی وی سندھو ۱۴؍سے ۲۱؍مئی تک چین کے سوزو میں ہونے والے سدیرمن کپ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ بیڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا کی سینئر قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کے انتخاب کیلئے گزشتہ روز یہاں میٹنگ کی تھی۔ ٹیم کا مقصد اس بار مکسڈ ٹیم چمپئن شپ میں پہلی بار تمغہ جیتنا ہوگا۔ ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے گزشتہ سال باوقار تھامس کپ جیت کر تاریخ رقم کی تھی جس سے سدیرمن کپ میں ہندوستان کے تمغہ جیتنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ہندوستان نے اس سال کے شروع میں ایشین مکسڈ ٹیم  چمپئن شپ میں بھی کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ 
 بیڈمنٹن اسوسی ایشن آف انڈیا کے سیکریٹری سنجے مشرا نے کہا کہ سدیرمن کپ ایک باوقار ٹورنامنٹ ہے اور سلیکٹروں نے گھریلو اور بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا مطالعہ کرنے کے بعد بہترین ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس سال ٹیم میڈل کے لئے چیلنج  پیش کرے گی۔ واضح رہے کہ ہندوستان کو گروپ’ سی‘ میں ملائیشیا، چینی تائپے اور آسٹریلیا کے ساتھ رکھا گیا ہے اور اس کا پہلا ہدف ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنانا ہے۔
  چوٹ کی وجہ سے ایشین مکسڈ ٹیم ایونٹ سے باہر ہونے والے  ساتوک سائراج رینکی ریڈی کی واپسی سے مردوں کی ڈبلز ٹیم مضبوط ہوئی ہے جبکہ خواتین کے ڈبلز میں آل انگلینڈ کی سیمی فائنلسٹ گائتری گوپی چند اور ٹریسا جولی، اشونی پونپا اور ان کی نئی ساتھی تنیشا کرسٹو بھی شامل ہیں۔ کدامبی سری کانت اور دفاعی سینئر قومی خواتین سنگلز چمپئن انوپما اپادھیائے سنگلز میں دیگر کھلاڑی ہیں۔ 
 ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے: مرد سنگلز: ایچ ایس پرنئے، کدامبی سری کانت (ریزرو: لکشیہ سین) ۔ خواتین سنگلز: پی وی سندھو، انوپما اپادھیائے (ریزرو: اکرشی کشیپ) مردوں کے ڈبلز: ساتوک سائراج رنکی ریڈی/چراگ شیٹی، ایم آر وی کا ارجن/خواتین ڈبلز: گائتری گوپی چند/ٹریسا جولی، اشونی پونپا/تنیشا کرسٹو مکسڈ ڈبلز: تنیشا کرسٹو/سائی پرتیک۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK