Inquilab Logo Happiest Places to Work

پی وی سندھو، لکشیا سین اور آیوش شیٹی کی شکست، چائنا اوپن میں ہندوستانی چیلنج ختم

Updated: July 23, 2026, 8:09 PM IST | Beijing

ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو جمعرات کو چائنا اوپن ۲۰۲۶ءکے خواتین کے سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں میزبان چین کی چین یوفیئی کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں لکشیا سین اور آیوش شیٹی بھی مردوں کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں ہار گئے۔

P V Sindhu.Photo:INN
پی وی سندھو۔ تصویر:آئی این این

ہندوستان کی اسٹار بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو کو جمعرات کو چائنا اوپن  ۲۰۲۶ءکے خواتین کے سنگلز کے پری کوارٹر فائنل میں میزبان چین کی چین یوفیئی کے ہاتھوں سخت مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں لکشیا سین اور آیوش شیٹی بھی مردوں کے سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں ہار گئے، جس کے ساتھ ہی بی ڈبلیو ایف سپر ۱۰۰۰؍ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔

یہ بھی پڑھئے:بچوں نے اپنا فرض ادا کر دیا، اب ملک کی باری ہے: کمل ہاسن


عالمی درجہ بندی میں ۱۲؍ ویں نمبر پر موجود پی وی سندھو کو دنیا کی چوتھے نمبر کی کھلاڑی چین یوفیئی نے۲۱۔۱۶، ۲۰۔۲۲، ۱۸۔۲۱؍ سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دو ہفتوں کے اندر یہ دوسرا مقابلہ تھا۔ گزشتہ ہفتے جاپان اوپن کے فائنل میں دو مرتبہ کی اولمپک تمغہ یافتہ سندھو نے چین یوفیئی کو شکست دے کر خطاب جیتا تھا۔
پہلے گیم میں چین یوفیئی نے ۶۔۱۲؍کی برتری حاصل کی، تاہم سندھو نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اسکور ۱۶۔۱۶؍سے برابر کیا اور پھر اگلے چھ میں سے پانچ پوائنٹس جیت کر پہلا گیم اپنے نام کر لیا۔ دوسرے گیم میں بھی سندھو نے ۱۶۔۲۰؍ پر چار میچ پوائنٹس حاصل کیے، لیکن چین یوفیئی نے مسلسل چھ پوائنٹس جیت کر تمام میچ پوائنٹس بچاتے ہوئے مقابلہ فیصلہ کن گیم تک پہنچا دیا۔ فیصلہ کن گیم میں ابتدا میں سندھو کو برتری حاصل تھی، لیکن آخری لمحات میں چین یوفیئی نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک گھنٹہ ۲۹؍ منٹ تک جاری رہنے والا مقابلہ جیت لیا۔ دونوں کے درمیان اب تک ۱۶؍ مقابلے ہو چکے ہیں، جن میں یہ سندھو کی نویں شکست ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ۲۰۲۷ء کا فائنل ایک بار پھر دی اوول میں کھیلا جائے گا


دوسری جانب عالمی درجہ بندی میں ۲۳؍ ویں نمبر پر موجود آیوش شیٹی کو آئرلینڈ کے نہاٹ گوئین کے خلاف۲۱۔۱۵، ۱۳۔۲۱، ۲۰۔۲۲؍سے شکست ہوئی۔ فیصلہ کن گیم میں آیوش ۱۵۔۱۹؍ کی برتری کے باوجود کامیابی حاصل نہ کر سکے۔عالمی نمبر۱۴؍ لکشیا سین کو کنیڈا کے آٹھویں نمبر کے کھلاڑی وکٹر لائی نے۱۱۔۲۱، ۱۹۔۲۱؍ سے ہرایا۔ پہلے گیم میں لکشیا ۹۔۱۵؍سے آگے تھے، لیکن وہ اس برتری کو برقرار نہ رکھ سکے۔ اب ہندوستانی بیڈمنٹن کھلاڑی ۲۸؍ جولائی سے شروع ہونے والے تائپے اوپن بی ڈبلیو ایف سپر ۳۰۰؍ ٹورنامنٹ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK