Inquilab Logo

پی وی سندھو نے پہلی بار سنگاپور اوپن کا خطاب جیت لیا

Updated: July 18, 2022, 2:05 PM IST | Agency | Kallang (Singapore)

ہندوستانی کھلاڑی نے فائنل میں چین کی شٹلر وانگ جی کو ۳؍گیمز میں شکست دے کر خطاب اپنے نام کرلیا۔ خطاب جیتنے والی دوسری ہندوستانی شٹلر بنیں

PV Sindhu.Picture:INN
پی وی سندھو۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستان کی اسٹاربیڈمنٹن کھلاڑی اور دو بار کی اولمپک میڈلسٹ پی وی سندھو نے اتوارکو یہاں سنگاپور اوپن کا خطاب جیت لیا۔انہوں نے پہلی بار سنگاپور اوپن کا خطاب اپنے نام کیا ہے۔سندھو نے فائنل میں چین کی وانگ جی یی کو۹۔۲۱،۲۱۔۱۱، ۱۵۔۲۱؍ سے شکست دے کر سپر۵۰۰؍ ٹورنامنٹ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ سندھو کا یہ سیزن کا تیسرا خطاب ہے۔ اس سے قبل وہ جنوری اور مارچ میں بالترتیب سید مودی انٹرنیشنل اور سوئس اوپن سپر۳۰۰؍ خطاب جیت چکی ہیں۔ سندھو نے زبردست رفتار کے ساتھ پہلا گیم ۹۔۲۱؍ سے جیت لیا۔ دوسرے گیم میں وانگ جی نے واپسی کی اور سندھو کی کوششوں کے باوجود میچ کو فیصلہ کن گیم کی طرف دھکیل دیا۔ فیصلہ کن گیم  میں سندھو نے پہلے پوائنٹ کے ساتھ کھاتہ کھولا لیکن وانگ جی نے لگاتار دو پوائنٹ حاصل کئے۔ چینی کھلاڑی نے میچ میں واپسی کی کوشش کی لیکن سندھو نے اپنی ابتدائی برتری کو بڑھاتے ہوئے۱۵۔۲۱؍ سے گیم ختم کرکے فائنل پر قبضہ کرلیا۔ سندھو نے اس سے قبل سیمی فائنل میں جاپان کی سائنا کاواکامی کو۱۵۔۲۱، ۷۔۲۱؍ سے شکست دی تھی۔ پی وی سندھو نے میچ کے بعد کہا’’ہر ایک کا شکریہ جنہوں نے میری حمایت کی۔ سنگاپور ایک اچھا شہر ہے، یہاں آ کر اچھا لگا۔ طویل عرصے بعد فائنل جیتنا ہمیشہ اچھا ہوتا ہے۔ آج یہ خطاب  حاصل کرنا بہت معنی رکھتا ہے کیونکہ اس جیت سے میرا حوصلہ کافی بلند ہوا ہے اور  یہ یقینی طور پر مجھے ایک نئی سطح پر لے جائے گا۔‘‘انہوںنے مزید کہا کہ پورا ٹورنامنٹ اچھا رہا ہے۔ یہ صرف شروعات ہے اور میں دولت مشترکہ کھیلوں پر توجہ مرکوز کرنے سے پہلے کچھ آرام کرنا چاہوں گی۔ انہوںنے کہا کہ میں برمنگھم میں اچھا مظاہرہ کرنا چاہتی ہوں اور اس کیلئے میں اب مسلسل مشق کرتی رہوں گی۔ سندھو سنگاپور اوپن جیتنے والی دوسری ہندوستانی خاتون ہیں۔ سائنا نہوال نے بھی  ۱۲؍سال قبل یہ خطاب جیتا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK