Inquilab Logo Happiest Places to Work

راہل دراوڑکو یقین، ہندوستان ڈبلیو ٹی سی کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے

Updated: August 25, 2026, 7:05 PM IST | Mumbai

سابق ہندوستانی کپتان اور ہیڈ کوچ راہل دراوڑ نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی )۲۷۔۲۰۲۵ء کے فائنل میں جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم انہوں نے ساتھ ہی خبردار کیا کہ فائنل تک پہنچنے کی راہ اب آسان نہیں رہی۔

Rahul Dravid.Photo:INN
راہل دراوڑ۔ تصویر:آئی این این

سابق ہندوستانی کپتان اور ہیڈ کوچ  راہل دراوڑ نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم  ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی )۲۷۔۲۰۲۵ء کے فائنل میں جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے، تاہم انہوں نے ساتھ ہی خبردار کیا کہ فائنل تک پہنچنے کی راہ اب آسان نہیں رہی۔ ہندوستانی اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں پوزیشن پر ہے اور اسے باقی میچوں میں مضبوط کارکردگی دکھانا ہوگی۔ 
دراوڑ نے ٹیم انڈیا کے ڈبلیو ٹی سی  فائنل میں پہنچنے کے امکانات کے بارے میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ  ہندوستان فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گا۔ ان کے مطابق ہندوستانی ٹیم  کچھ پیچھے ضرور ہوئی ہے، لیکن اس معیار کی ٹیم کو کسی بھی مرحلے پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔  انہوں نے سری لنکا کے خلاف موجودہ سیریز میں  ہندوستان کے اچھے آغاز کو بھی ایک مثبت قدم قرار دیا۔  ٹیم انڈیا  نے سیریز کا پہلا ٹیسٹ جیت کر ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:’’دِریشیم۴‘‘ کی تصدیق، موہن لال ایک بار پھر جارج کٹی کے کردار میں نظر آئیں گے

دراوڑ کے مطابق ہندوستان کے لیے اگلا بڑا چیلنج نیوزی لینڈ کا دو ٹیسٹ میچوں کا دورہ  ہوگا۔ یہ سیریز اکتوبر میں کھیلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں کھیلنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے، خاص طور پر ہندوستانی  ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے جن میں سے کئی کو وہاں کے حالات میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا زیادہ تجربہ نہیں ہے۔ دراوڑ نے یہ بھی کہا کہ ٹیم کو تجربہ کار کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوگی۔  وراٹ کوہلی، روہت شرما، اجنکیا رہانے اور چتیشور پجارا  جیسے سینئر کھلاڑی اب ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، جنہوں نے ماضی میں نیوزی لینڈ جیسے مشکل حالات میں کھیلنے کا تجربہ حاصل کیا تھا۔  
 نیوزی لینڈ کے بعد ہندوستان کو جنوری۲۰۲۷ء سے آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز  کھیلنی ہے۔دراوڑ کا ماننا ہے کہ یہ سیریز بھی  ڈبلیو ٹی سی  فائنل کی دوڑ میں انتہائی اہم ثابت ہوسکتی ہے۔ ان کے مطابق آسٹریلوی کھلاڑی ہندوستان میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے خاص طور پر پُرجوش ہوں گے کیونکہ آسٹریلیا کی موجودہ نسل کے بڑے کھلاڑیوں نے ابھی تک ہندوستان میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:محمد سہیل خان نے ایم پی کُڈو ٹورنامنٹ میں گولڈ میڈل جیتا، نیشنل چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی

ڈبلیو ٹی سی فائنل میں صرف ٹاپ دو ٹیمیں  پہنچیں گی۔ ہندوستان فی الحال پانچویں نمبر پر ہے، اس لیے اسے باقی مقابلوں میں زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کرکے اپنی پوزیشن بہتر کرنا ہوگی۔  سری لنکا کے خلاف سیریز میں اچھی کارکردگی، نیوزی لینڈ میں نتائج اور آسٹریلیا کے خلاف مضبوط مظاہرہ ہندوستان کی فائنل تک رسائی کے امکانات کو نمایاں طور پر بہتر کر سکتے ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK