Inquilab Logo

راہل دراوڑ نے روہت شرماکی پزیرائی کی

Updated: November 11, 2023, 10:02 PM IST | New Delhi

ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ نے کہا :روہت نے حقیقت میں ہمارے لئے ٹورنامنٹ کو آسان بنا دیا اور مسلسل ۸؍کامیابیاں حاصل کیں

Rohit Sharma and Rahul Dravid. Photo:PTI
روہت شرما اور راہل دراوڑ۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

ہندوستانی ٹیم کی شاندار قیادت کرنے کے علاوہ روہت نے ایک اوپننگ بلے باز کے طور پر اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز بھی دیا ہے۔ ہیڈ کوچ راہل  دراوڑ نے سنیچر کو یہاں اعتراف کیا کہ روہت شرما کے کپتان اور اوپننگ بلے باز کے طور پر دُہری کرداروں کو شاندار ہینڈلنگ نے ورلڈ کپ میں ہندوستان کی ۸؍ میچ جیتنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ دراصل انہوں نے ۸؍ میچوں میں۱۲۲؍کے اسٹرائیک ریٹ سے۴۴۳؍ رن بنائے ہیں۔ دراوڑ نے ہالینڈ کے خلاف ہندوستان کے آخری لیگ میچ کے موقع پر ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ’’روہت یقینی طور پر ایک لیڈر رہے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ انہوں  نے میدان کے اندر اور باہر ایک مثال قائم کی ہے۔‘‘
انہوں نے کہاکہ ’’کچھ ایسے میچ ہوئے جو ہمارے لئے مشکل ہو سکتے تھے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ ہمیں اس طرح کا آغاز دینے میں کامیاب رہے ہیں جس نے ہمارے لئے میچ کو اچھا بنا دیا ہے۔‘‘ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ انہوں نے حقیقت میں ہمارے لئے  میچ کو آسان بنا دیا اور بلاشبہ بلے بازی  کے شعبے میں ان کے بعد آنے والے کھلاڑیوں کیلئے آسان بنا دیا۔  دراوڑ نے کہا کہ روہت نے ٹیم کی ضروریات کے مطابق کھیل کر دوسروں کیلئے ایک مثال قائم کی ہے اور اس کا ہندوستانی ڈریسنگ روم میں بہت زیادہ اثر پڑا ہے۔
روہت نے اس ورلڈ کپ میں اب تک جس جارحانہ انداز کے ساتھ اپنی اننگز کی شروعات کی ہے، وہ دوسروں کیلئے ایک ترغیب کا کام کرتی ہے۔ دراوڑ نے کہاکہ ’’ہم ایک خاص طریقے سے کھیلنے کی بات کرتے ہیں۔ آپ یہ نہیں کر سکتے جب تک کہ آپ کا لیڈر ایسا نہ کرے اور آپ کیلئے کوئی مثال قائم نہ کرے۔روہت نے جس طرح کی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے وہ لاجواب ہے۔ میرے خیال میں ان کی کپتانی شاندار رہی ہے۔ وہ ایک ایسا کھلاڑی ہیں جو یقینی طور پر کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی طرف سے بہت احترام کی نظرسے دیکھے جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK