ٹیم انڈیا کے سابق بلے باز وسیم جعفر نے کے ایل راہل کے بارے میں کہا کہ اگرچہ وہ کلاسیک بلے باز ہیں، لیکن وہ بڑے مقابلوں میں ناکام رہے ہیں ، جس کی وجہ سے ان پر سوالات کئے جاتے رہے ہیں۔
ٹیم انڈیا کے سابق بلے باز وسیم جعفر نے کے ایل راہل کے بارے میں کہا کہ اگرچہ وہ کلاسیک بلے باز ہیں، لیکن وہ بڑے مقابلوں میں ناکام رہے ہیں ، جس کی وجہ سے ان پر سوالات کئے جاتے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ کے ایل راہل کو کولکاتا میں سری لنکا کے خلاف بہتر اننگز کھیلتے ہوئےدیکھنا اچھا لگا تھا۔ راہل کی نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے سری لنکا کے خلاف۴؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی اور۳؍ میچوں کی ون ڈے سیریز میں صفر۔۲؍ کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کی۔
کرکٹ کی ایک ویب سائٹ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے جعفر نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں راہل کی ہر اننگز کی جانچ کی گئی ہے۔ ٹیم میں سوریہ کمار یادو، سنجو سیمسن اور رشبھ پنت جیسے کھلاڑی ان کی جگہ لینے کا انتظار کر رہے ہیں۔ جعفر نے کہا’’پچھلے ڈیڑھ سال میں ان کی ہر اننگز کی جانچ پڑتال کی گئی، جس میں آئی سی سی ایونٹس اور ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ بھی شامل ہیں۔جب بیٹنگ یونٹ کارکردگی نہیں پیش کرتا ہے تو آپ توجہ کا مرکز ہوتے ہیں اور وہ زبردست فارم میں نہیں ہے۔ اس لئے سوریہ کمار یادو، سنجو سیمسن اور رشبھ پنت کی طرح ان کی ہر اننگز کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
سالہ۴۴ جعفر نے کہا کہ راہل کے لئے ہدف حاصل کرنا اچھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہندوستان کیلئے مسلسل اچھا نہیں کھیل رہے، خاص طور پر سخت حریف کے سامنے وہ ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے کہا’’اس کیلئے کچھ رن بنانا، کچھ جیتنے والے رن بنانا اور فارم میں آنا اچھا ہے، لیکن ان کی مستقل مزاجی ایک مسئلہ رہی ہے۔ اگرچہ وہ ایک کلاسیک کھلاڑی ہیں، وہ بڑے مواقع پر توقعات پر پورا نہیں اترے تھے۔