Updated: February 22, 2026, 8:39 PM IST
| Colombo
کپتان سلمان آغا نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے سپر ۸؍ میچ میں بڑی غلطی کی، لیکن بارش نے پاکستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو کر میچ کو نہیں ہونے دیا۔ اس میچ کے منسوخ ہونے سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا۔ اگر میچ ہوتا تو پاکستان کی شکست یقینی سمجھی جا رہی تھی۔
کولمبو کے اسٹیڈیم میں بارش کا منظر۔ تصویر:آئی این این
پاکستان اور نیوزی لینڈ نے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے اپنے پہلے سپر ۸؍ میچ میں پوائنٹس آپس میں تقسیم کر لیے۔ ہفتہ (۲۱؍ فروری) کو کولمبو کے اے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔ پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے ایک بار پھر غلط فیصلہ کیا، اور اس لحاظ سے بارش ان کے لیے فائدہ مند رہی۔ لوگوں کا ماننا تھا کہ انہوں نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب کر کے غلطی کی، خاص طور پر اس موسم میں جب آسمان میں بادل چھائے ہوئے تھے۔
ٹاس کے فوراً بعد بارش شروع ہو گئی اور مسلسل دو گھنٹے دس منٹ تک کھیل شروع نہیں ہو سکا۔ آخرکار میچ منسوخ کر دیا گیا۔ ایک بھی اوور نہیں ڈالا گیا اور مسلسل بارش کی وجہ سے کھلاڑی اور شائقین دونوں ہی مایوس ہو گئے۔ ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گاوسکر نے کہا کہ اگر میچ ہوتا تو نیوزی لینڈ کو فائدہ ہوتا، چاہے میچ مختصر ہی کیوں نہ ہوتا۔ انہوں نے بتایا کہ بارش سے متاثرہ میچوں میں عام طور پر دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو فائدہ ہوتا ہے، خاص طور پر جب ہدف ڈک ورتھ لویس طریقہ سے طے کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی وی کی ’گوپی بہو‘دیوولینا بھٹّاچارجی نے شوہر کے ساتھ افطار کیا
غلطی کیا تھی؟
ماہرین اور شائقین حیران رہ گئے جب پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جبکہ موسم میں بادل تھے اور بارش کا امکان تھا۔ گاوسکر نے جیو اسٹار سے کہاکہ ’’اگر تھوڑا بھی کھیل ہوتا تو دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم ہمیشہ فائدہ اٹھاتی ہے۔ ان کے پاس ۱۰؍ وکٹ ہوتے ہیں ، وہ جانتے ہیں کہ ہدف کیا ہے اور کس رفتار سے رنز بنانے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:کارلوس الکاراز کا قطر اوپن کے خطاب پر قبضہ
انہوں نے مزید کہا کہ ’’نیوزی لینڈ کے اوپننگ بیٹسمین کے لیے یہ صورتحال فائدہ مند ہوتی۔ چیسنگ میں نیوزی لینڈ کے اوپنر کو فائدہ ملتا۔ سچ کہوں تو مجھے بھی حیرت ہوئی جب میں نے سنا کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ چنی۔ ہمیں معلوم تھا کہ کولمبو میں بارش ہو سکتی ہے، اس لیے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا انتخاب حیران کن تھا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں نے اپنے اپنے گروپ میں دوسرے مقام پر رہ کر سپر ۸؍ میں جگہ بنائی۔ پاکستان کو گروپ اسٹیج میں صرف ہندوستان سے شکست ہوئی جبکہ نیوزی لینڈ کو ایک ہی شکست جنوبی افریقہ کے خلاف ملی۔ اب پاکستان کو امید ہے کہ منگل کو پلی کیل میں انگلینڈ کے خلاف میچ کے دوران موسم صاف رہے گا۔ دوسری طرف، نیوزی لینڈ بدھ کو کولمبو میں سری لنکا سے مدمقابل ہوگا۔