لیٹ آنے والوں کا داخلہ بند۔ ملازمین میں کھلبلی۔میئر کے مطابق ملازمین نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنا رکھا تھا
میونسپل کارپوریشن کے باہر میونسپل ملازمین نظر آرہےہیں۔ تصویر:آئی این این
پیر کی صبح میونسپل کارپوریشن کی نو منتخب حکومت کے قیام کے فوراً بعد میونسپل کمشنر نے آن دی اسپاٹ کارروائی کرتے ہوئے دیر سے آنے والے ملازمین کی ناکہ بندی کر دی جس کے نتیجے میں میونسپل حکام میں شدید اضطراب اور خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ طویل عرصے سے کارپوریشن میں انتظامی راج نافذ ہونے کی وجہ سے نظم و ضبط کی صورتحال ابتر ہو چکی تھی۔ عوامی حلقوں کی جانب سے مسلسل یہ شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ ملازمین اور اعلیٰ افسران اپنی نشستوں پر بروقت موجود نہیں ہوتے جس کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے شہریوں کے کام لٹک جاتے ہیں۔ ان شکایات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمشنر منیشا اوہاڑے نے ہفتے کے پہلے ہی دن خود میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ۔ و ہ صبح سویرے خود میونسپل کارپوریشن کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئیں اور سیکوریٹی عملہ کو سختی سے ہدایت دی کہ مقررہ وقت کے بعد آنے والے کسی بھی ملازم کو اندر داخل نہ ہونے دیا جائے۔ جب دیر سے آنے والے ملازمین دفتر پہنچے تو گیٹ بند پا کر ان کے ہوش اڑ گئے۔
ذرائع کے مطابق کئی ملازمین اپنے سینئر افسران کو فون کر کے اندر بلانے کی سفارش کرواتے رہےتاہم میونسپل کمشنر کی موجودگی کی وجہ سے کسی کی ایک نہ چلی۔ بعد ازاں تمام تاخیر سے آنے والے ملازمین کا باقاعدہ اندراج کیا گیا اور انہیں سخت وارننگ دے کر داخلے کی اجازت دی گئی۔اس موقع پر میئر اشونی نکم نے بھی تاخیر سے آنے والے ملازمین پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی نمائندوں کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھا کر ملازمین نے غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنا رکھا تھا۔